سلیکٹڈ حکومت کو نہیں مانتے , لڑنا جانتے ہیں : فضل الرحمٰن

پاکستان
9
0
sample-ad

کوئٹہ(نیوز ایجنسیاں ) جمعیت علما اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے ہم سلیکٹڈ حکومت کو نہیں مانتے اور ایسے لوگوں سے لڑنا جانتے ہیں۔کوئٹہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاہم غلاموں کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے ۔ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے جبکہ وزرا 17 روپے کلو ٹماٹر اور پانچ روپے مٹر بتاکر عوام کا مذاق اڑا رہے ہیں،وزیراعظم عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں کی امید دلائی اور کہاکہ یورپ کے لوگ یہاں نوکریوں کیلئے آئیں گے ، تاہم اب یہ باتیں دم توڑ چکی ہیں، ملک کے استحکام اور عوام کے حقوق کی جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا ملک میں حق حاکمیت عوام کے بجائے بیرونی قوتوں کے پاس ہے ، اداروں کا احترام کرتے ہیں مگر عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں کرینگے ۔مولانا فضل الرحمن نے کہا ہم اپنے آباؤ اجداد کی میراث کے امین ہیں، امریکہ و دیگر قوتوں کی بالادستی تسلیم نہیں کرتے ۔انہوں نے کہا جنرل (ر) پرویز مشرف نے مجھے کہا آپ کیوں امریکہ کی غلامی نہیں مانتے ، میں نے ان سے کہا آپ کے بزرگوں نے غلامی کی اور مجھے میرے بزرگوں نے غلامی کیخلاف لڑنے کا راستہ بتایا،مقتدر اداروں کو کہتا ہوں میں آئین کو مانتا ہوں آپ بھی مانیں۔مولانا فضل الرحمن نے کہا ہماری اداروں سے جنگ کی کوئی پالیسی نہیں، لیکن اداروں کو بھی آئینی حدود میں رہنا چاہئے ۔آزادی مارچ میں ساتھ دینے پر محمود اچکزئی اور پشتونخوا کے کارکنوں کا شکر گزار ہوں، آزادی مارچ نے ملکی سیاسی تاریخ میں ایک روشن باب کا اضافہ کیا اور دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان کے عوام سلیکٹڈ حکومت کیخلاف متحد ہیں، ملک میں حکمرانی کا حق ووٹ کی طاقت سے آنیوالوں کو ہے ۔ ان کا کہنا تھاہم آزادی کی نہر سے پانی پینے والے ہیں، اس کی قدر سے خوب واقف ہیں۔ ہم آئین کا احترام کرتے ہیں، ہمیں بازاری حکمران قبول نہیں ہیں۔مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا ہم چوری کا نہیں بلکہ پاکستان میں مستحکم جمہوری نظام چاہتے ہیں، ہماری غیرت ناجائز حکومت کو نہیں مانتی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہاکرپٹ لوگوں کی وفاداریاں خرید کرانہیں اسمبلیوں میں لایا جاتا ہے جو سراسر غلط ہے ، ہمیں بیرونی امداد نہیں چاہیے ، بس اپنے وطن کے وسائل پر حق تسلیم کیا جائے ۔سینیٹر مولاناعبدالغفور حیدری نے کہا عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہ کرنے والوں کو حکمرانی کا حق نہیں ، ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

sample-ad

Facebook Comments

POST A COMMENT.