پنجاب : 32 ماڈل بازار , کسان خود اجناس فروخت کرینگے

پاکستان
21
0
sample-ad

لاہور (سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے کسانوں کو اپنی اجناس ماڈل بازاروں میں فروخت کرنے کی منظوری دے دی ۔ فیصلے کے مطابق صوبے کے 32 ماڈل بازاروں میں کسان براہ راست اپنی اجناس فروخت کرسکیں گے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاپنجاب حکومت کسانوں کو اجناس کی فروخت کیلئے ماڈل بازاروں میں سٹال فراہم کرے گی اور کسانوں سے سٹالز کا کرایہ یا کوئی اور فیس نہیں لی جائیگی۔ کاشتکار کھیت سے سبزیاں اور پھل لا کر براہ راست ماڈل بازار میں عوام کو فروخت کریں گے ۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں زرعی فیئر پرائس شاپس کا دائرہ کار بھی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا صارفین کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے اور پرائس کنٹرول میکنزم پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے ۔ گراں فروشی کیخلاف جس ضلع سے شکایت آئی وہاں کا ڈپٹی کمشنر جوابدہ ہو گا۔ عثمان بزدارنے راجن پوراورڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں فروغ تعلیم کیلئے مثبت اقدام کرتے ہوئے راجن پور اور ڈیر ہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے طلبا و طالبات کیلئے دانش سکولوں میں کوٹہ مختص کردیا ، راجن پور اورڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے طلبا و طالبات کو دانش سکولوں میں مختص کی جانیوالی26نشستوں پر داخلہ ملے گا۔ بزدار نے کہا پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں نئی یونیورسٹیاں اورکالجز بنائے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بھکر میں تھل یونیورسٹی کے قیام کی اصولی منظوری دے دی اور اس ضمن میں محکمہ ہایئر ایجوکیشن پنجاب کی سمری منظور کر لی ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا تھل یونیورسٹی کے قیام سے ضلع بھکر اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی سہولت ان کی دہلیز پر ملے گی اور بھکر اور قریبی علاقوں کے طلبا وطالبات کو اعلیٰ تعلیم کیلئے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا، بھکر میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے سب کیمپس کو یونیورسٹی آف تھل کے سٹی کیمپس میں تبدیل کیا جائے گا، 200 سے 300 ایکڑ اراضی پر بھکر میں تھل یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔عثمان بزدارنے کہا کرتار پور راہداری امن، ترقی اور محبت کا راستہ ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری منصوبے کا افتتاح کرکے وہ تاریخ ساز کام کیا جو کوئی نہ کرسکا، کرتارپور کوریڈور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے ایک پل ہے ۔ وزیراعلیٰ آفس8کلب روڈ کی جامعہ مسجد میں عید میلادالنبی ؐکے موقع پر روح پرور محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے خصوصی شرکت کی۔محفل میلاد کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیاگیا۔امام جامعہ مسجد 8کلب روڈ قاری ساجد نواز نے سیرت النبیؐ پر روشنی ڈالی۔ محفل میلاد میں بارگاہ رسالتؐ میں ہدیہ عقیدت کے پھول پیش کئے گئے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا نبی کریم حضرت محمدؐ تمام جہانوں کیلئے رحمۃاللعالمین ہیں اور آپؐ کا اسوہ حسنہ پوری دنیا کیلئے ایک مثالی حیثیت رکھتاہے ۔ حضوراکرمؐ نے مختصر مدت میں مثالی نظام دیکر ریاست مدینہ کی بنیاد رکھی اور ریاست مدینہ ہم سب کیلئے رول ماڈل ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے ریاست مدینہ کے زریں اصولوں پر چلنا ہوگا۔

sample-ad

Facebook Comments

POST A COMMENT.