کرتارپور راہداری کی تکمیل سے بھارت میں پاکستان کا ڈنکا بج رہا:بزدار

پاکستان
5
0
sample-ad

لاہور (سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ کرتار پور راہداری کا منصوبہ سکھ برادری کیلئے وزیراعظم عمران خان کاتاریخی تحفہ ہے اورہم پاکستان آنے والی سکھ کمیونٹی کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔کرتار پور راہداری منصوبے کی افتتاحی تقریب کیلئے آنیوالی سکھ کمیونٹی کوحکومت ہر طرح کی سہولتیں فراہم کررہی ہے ۔کرتارپورراہداری منصوبے کی تکمیل سے اس وقت بھارت میں پاکستان کا ڈنکا بج رہا ہے اورپوری دنیا کی سکھ برادری کے جذبات خوشی اور انسباط سے لبریز ہیں۔ پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھارت سمیت دنیا بھر میں مقیم سکھ برداری کے دل جیت لئے ہیں۔ بین المذاہب ہم آہنگی کے اس تاریخی اقدم سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے ۔اقلیتوں کے مذہبی مقامات کے تحفظ اور اپ گریڈیشن کی اس سے بڑی مثال پور ی دنیا میں کوئی نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے اس اقدام سے امن، محبت اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ ملے گا۔وزیراعلیٰ نے موجودہ سیاسی حالات خصوصاً مارچ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات ہمیشہ ڈائیلاگ سے ہی حل ہوتے ہیں۔ احتجاج کا ایسا طریقہ ہر گز اختیار نہیں کرنا چا ہیے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ مارچ کے باعث پاکستان کا دنیا میں امیج متاثر ہوا ہے ۔ سیاسی اختلافات کو اس نہج تک نہ لایا جائے جس سے ملک و قوم کا وقار مجروح ہو اور پاکستان کے مخالفین کو تنقید کا موقع ملے ۔سیاسی رہنماؤں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جغرافیائی صورتحال اور درپیش چیلنجزکے پیش نظربالغ نظری کا مظاہرہ کریں۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارت کے سرحدی علاقوں میں فصلو ں کی باقیات جلانے اور ہوا کا رخ تبدیل ہونے سے گزشتہ شام لاہور اور اس کے گرد و نواح میں سموگ میں اچانک اضافہ ہوا ، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے رات ہونے والی بارش سے صورتحال بہت بہتر ہو گئی ۔ انہوں نے کہا کہ میں رات گئے تک سموگ کی صورتحال کو خود مانیٹر کرتا رہا اور متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو اس ضمن میں فوری طور پر ضروری ہدایات جاری کیں۔ شہریوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو فوری طور پر متحرک کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں سموگ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ ماحولیات، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سموگ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں، اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ماحولیاتی آلودگی اورسموگ پر قابو پانے کیلئے مہم کو مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آلودگی پھیلانے والی صنعتوں، گاڑیوں اور اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سموگ کے اثرات سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر کے لئے موثر آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.