نواز شریف قوم کے پلیٹ لیٹس پر مہربانی کریں :فواد

پاکستان
5
0
sample-ad

اسلام آباد (نامہ نگار)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے نواز شریف قوم کے پلیٹ لیٹس پر بھی مہربانی کریں اور قوم کی لوٹی دولت واپس کردیں۔ پاکستان میں آمریت نہیں سیاسی آزادی ہے ۔ دھرنے کی قیادت گھر میں بیٹھ کر حلوے کھارہی ہے جبکہ کارکنان بارش میں دھکے کھا رہے ہیں، دھرنے سے حکومت اور اسلام آباد کو نہیں معیشت کو خطرات درپیش ہیں ۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمن نے پہلے افغانستان میں جہاد کیلئے بہت سے بچے بھیجے لیکن اپنے خاندان کے ایک شخص کو بھی وہاں نہیں بھیجا۔ یہ خود سب بیوروکریٹس ہیں اور پتا نہیں کیا کیا ہیں۔انہوں نے کہامولانا کے بیانیے سے ملک کو بہت نقصان پہنچتا ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ جلد از جلد یہ معاملہ ختم ہو تاکہ معاشی سرگرمیاں بحال ہوسکیں۔دریں اثنا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی نے لکھا کہ خواجہ آصف صاحب کی اس بات سے اختلاف مشکل ہے کہ جب سے دھرنا شروع ہوا ہے دھرنے کے ارد گرد کے علاقوں میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے ۔اس سے قبل قومی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ مولاناصاحب کب جارہے ہیں؟ جس پر فواد چوہدری نے مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ پیامن بھائے گا تو مولانا صاحب چلے جائیں گے ۔سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت کیلئے دعا کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا لوگ بڑے حیران ہیں کہ یہ پہلے مریض ہیں جو تشویشناک حالت میں ہسپتال سے گھر منتقل ہوئے ہیں۔

sample-ad

Facebook Comments

POST A COMMENT.