قائداعظم ٹرافی چھٹا راؤنڈ ,وسطی پنجاب کے سپنرز نے میلہ لوٹ لیا

کھیل
5
0
sample-ad

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قائداعظم ٹرافی کا چھٹا راؤنڈ مکمل ہوگیا ،وسطی پنجاب نے ناردرن ایریاز کو 204رنز سے شکست دے دی ،میچ میں مشترکہ طور پر 17بلے بازوں کو آؤٹ کرکے وسطی پنجاب کے سپنرز ظفر گوہر اور بلا ل آصف نے میلہ لوٹ لیا ۔بلوچستان اور جنوبی پنجاب کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد بغیر نتیجہ ختم ہواجبکہ بارش نے سندھ اور خیبرپختونخوا کا میچ ڈرا کرادیا ۔ تفصیلات کے مطابق اقبال سٹیڈیم فیصل آبا دمیں وسطی پنجاب نے ناردرن ایریاز کو 204 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں تیسری فتح حاصل کی۔ ظفر گوہر اور بلال آصف پر مشتمل سپن جوڑی نے دوسری اننگز میں بھی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 381 رنز کا تعاقب کرنے والی ناردرن ایریازکی ٹیم کو 176 رنز پر ڈھیر کردیا۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے ظفر گوہر نے دوسری اننگز میں 79 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بلال آصف نے دونوں اننگز میں 3،3 بلے بازوں کا شکار کیا۔میچ کے آخری روز ناردرن ایریازنے 5 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز سے کھیل کا آغاز کیا تو آخری 5 بلے باز ٹیم کے مجموعی سکور میں صرف 62 رنز کا ہی اضافہ کرسکے اور پوری ٹیم 57ویں اوور میں پویلین واپس لوٹ گئی۔ اس سے قبل پہلی اننگز میں وسطی پنجاب کے 226 رنز کے جواب میں ناردرن ایریاز کی پوری ٹیم 191 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جبکہ وسطی پنجاب نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنا کراپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ میں بلوچستان کے بلے باز حسین طلعت اور وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللہ خان نے جنوبی پنجاب کیخلاف میچ میں اپنی ٹیم کو یقینی شکست سے بچالیا۔ حسین طلعت نے سنچری بنائی وہ 136رنز بناکرآؤ ٹ ہوئے اور بسم اللہ خان نے 50رنز کی اننگزکھیل کر نصف سنچری اپنے کھاتے میں درج کرائی ، دونوں کے درمیان 239گیندوں پر 167رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔ محمد اصغر اور تاج ولی نے آخری وکٹ کی شراکت میں 82 گیندوں پر 30 قیمتی رنز جوڑے ۔ بلوچستان کی ٹیم دوسری اننگز میں 295 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔جنوبی پنجاب نے 13اوورزمیں 89رنز کا ہدف ملنے کے بعد 2.3 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 11 رنز بنائے تھے کہ دونوں کپتانوں کی باہمی رضامندی سے میچ کو بے نتیجہ ختم کردیا گیا۔پہلی اننگز میں جنوبی پنجاب کے 502 رنز کے جواب میں بلوچستان کی پوری ٹیم 295 رنز پر آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔ ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں میچ کے تیسرے اور چوتھے روز بارش کے باعث کھیل کا آغا زنہ ہوسکااور سندھ اور خیبرپختونخوا کامیچ ڈرا ہوگیا۔ میچ کے دوسرے روز سندھ نے پہلی اننگز میں خیبرپختونخوا کے 288 رنز کے جواب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے ۔

sample-ad

Facebook Comments

POST A COMMENT.