پاکستان

ًمصالحتی مشن: عمران خان کی سعودی قیادت سے ملاقاتیں,علاقائی امن و استحکام کیلئے تنازعات کے سیاسی حل پر زور ,مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ) وزیر اعظم عمران خان مصالحتی مشن پر سعودی عرب پہنچ گئے ، وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔وزیراعظم عمران خان نے علاقائی امن و استحکام کی خاطر خطے میں اختلافات اور تنازعات کے سیاسی اور سفارتکاری کے ذریعے حل پر زور دیا۔وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی ،جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفود کی سطح پر ملاقات میں پاک سعودی تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا خلیجی ممالک سمیت پورے خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں، خطے میں ہر قسم کے تنازعات اور اختلافات کا سیاسی رابطوں اور سفارتکاری سے حل ممکن ہے ۔وزیراعظم نے محمد بن سلمان کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔وزیر اعظم عمران خان سعودی شاہی خاندان سے ملاقاتوں کے بعد مدینہ منورہ گئے جہاں انہوں نے روضہ رسولؐ پر حاضری دی۔وزیراعظم کا رواں سال سعودی عرب کایہ تیسرا دورہ ہے ، اس سے قبل اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے ایران کا ایک روزہ دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے صدرحسن روحانی اور ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقاتیں کی تھیں۔قبل ازیں خطے میں امن و سلامتی کیلئے ایران کے دورے کے بعد سعودی عرب پہنچنے پر ریاض کے شاہ خالد ایئرپورٹ کے رائل ٹرمینل پر گورنر ریاض فیصل بن بندر بن عبد العزیز السعود اور وزیر مملکت اور نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز، سعودی حکام اور سفار تخانے کے دیگر افسر بھی وزیر اعظم کے استقبال کیلئے موجود تھے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے سعودی عرب اور ایران مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرسکتے ہیں ،امریکا اور ایران کا معاملہ پیچیدہ ہے ،جب تک دونوں طرف سے مثبت رد عمل نہیں آئے گا تفصیلات نہیں بتا سکتا۔سعودی عرب روانگی سے قبل امریکی میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا ٹرمپ کے بارے میں لوگ جو مرضی کہیں لیکن ان کی یہ بات اچھی لگتی ہے کہ وہ جنگ نہیں چاہتے ، میرا خیال ہے امریکا اور ایران بھی بات چیت سے مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا صدرٹرمپ نے ایران اورامریکاکے درمیان سہولت کاری کیلئے کہا ہے ، دورہ ایران میں صدرحسن روحانی سے اس حوالے سے بات ہوئی۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close