ملتان

پاکستان
5
0
sample-ad

سیڈ کونسل اجلاس‘زرعی اجناس کے بیجوں کی 31نئی اقسام کی منظوری

ملتان(وقائع نگار خصوصی)صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال کی صدارت میں ہونے والے پنجاب سیڈ کونسل کے 52ویں اجلاس میں زرعی اجناس کے بیجوں کی 31نئی اقسام کی منظوری دید ی گئی۔اجلاس میں مجموعی طو رپر بیجوں کی 31اقسام کی منظوری دی گئی جن میں آلو کی 3، شوگر کین کی4، آئل سیڈ کی 2، چاول کی 2، پیاز کی 2،پھولوں کی 3، مٹر کی 1،جئی کی 2، انجیر کی 1، انگور کی 3،چاول ہائبرڈ کی 1 اورمسور کی 1بیج کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹرعابد،ڈائریکٹر جنرل فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن مسعود قریشی،قائم مقام ایم ڈی غضنفر خان،ڈائریکٹر سیڈ کونسل رانا رفعت، ڈائریکٹر انفارمیشن رفیق اختر،ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ عبید الرحمن، ایڈوائزر وزیر زراعت شاہدقادر اور سیکرٹری زراعت کے نمائندے سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔نعمان لنگڑیال نے کہا کہ ’’خوشحالی کسان کی ترقی پاکستان کی وژن ‘‘کے تحت منصوبہ بندی کر کے پیشرفت کی جارہی ہے ۔

شہر کو سجا کر سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنائیں گے :ند یم قر یشی

ملتان( سٹاف رپورٹر )چیئر مین والڈ سٹی پر ا جیکٹ ملتان و پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلا عات پنجا ب محمد ند یم قر یشی نے کہا ہے کہ ہز ا روں سال پرانے شہر کو سجا کر سیا حو ں کی تو جہ کا مر کز بنا ئیں گے ۔ تاریخی دروازوں اور بائو نڈ ری وال کو مکمل اور پر کشش بنا نے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ انہو ں نے ان خیا لا ت کا اظہار وا لڈ سٹی پر ا جیکٹ کے گھنٹہ گھر آ فس میں پر ا جیکٹ مینجمنٹ یو نٹ کے افسران سے خطا ب کر تے ہو ئے کیا۔

ویمن یونیورسٹی میں منشیات کے نقصات کے حوالے سے آگاہی سیمینار

ملتان(خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی میں ہائیر ایجو کیشن کمیشن اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز کے زیراہتمام منشیات کے نقصات اور روک تھام کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے انٹی نار کوٹیکس کے کرنل خالد محمود نے کہا کہ نوجوان نسل جانے اورانجانے میں نشے کی عادی ہوجاتی ہے انہوں نے منشیات کی اقسام اس کے نقصات اور اثرات اور اس کی ترسیل سے طالبات کوآگاہ کیا، ڈاکٹر رابعہ عارف نے کہا کہ منشیات کو اسلام میں حرام قرار دیا گیا ہے ۔پروفیسر قدسیہ خاکوانی نے کہا کہ دور حاضر کا سب سے بڑاالمیہ منشیات ہے جس نے انسانی زندگی کو مفلوج کر دیا ہے ۔

سپیشل بچوں کی تعلیم وتربیت کیلئے اقدامات کئے جارہے ،جاوید اختر

ملتان(خبرنگارخصوصی) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حاجی جاوید اختر انصاری نے کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد کو معاشرے میں باعزت مقام دے کر قومی دھارے میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم سفید چھڑی کے موقع پر ویژن لائنز کلب کے زیر اہتمام گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول برائے جسمانی معذوراں ملتان میں منعقدہ تقریب تقسیم سفید چھڑی سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے اساتذہ سپیشل بچوں میں آبیاری پیدا کرنے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کررہے ہیں ۔

غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف آپریشن ناکام

ملتان(خبرنگار خصوصی) ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر بلدیاتی اداروں میں فالو اپ سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف جاری آپریشن ناکام ہوگئے ہیں، ایم ڈی اے کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ اور انفورسمنٹ سیل کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات اور ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں اپنا اثر کھونے لگی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ ملتان تحصیل و سٹی کے مواضعات ڈیرہ محمدی دورانہ لنگانہ طرف مبارک اول، سورج میانی، ٹنڈنی، جمعہ خالصہ، طرف مبارک دوئم، طرف اسمعیل، اراضی غلام یاسین تحصیل ملتان صدر کے درجنوں مواضعات میں سینکڑوں لینڈ سب ڈویژن اور ہاؤسنگ سکیم موجود ہیں، ایم ڈی اے کی جانب سے مختلف ادوار میں ان ہاؤسنگ سکیموں کو غیر قانونی قرار دے کر کارروائی کرنے کا اعلان کر کے انفورسمنٹ سیل کے ذریعہ کارروائی کی گئی لیکن یہ کارروائی صرف ایک دن تک محدود رہی۔ ایم ڈی اے کی جانب سے ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی کے دوسرے ہی روز ڈویلپرز اور بلڈرز سیل کئے گئے دفاتر کھول کر اپنا کاروبار شروع کر دیتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ایم ڈی اے کے فیلڈ سٹاف اور بلڈنگ انسپکٹرز کو اس طرح کی تمام کارروائیوں کا بروقت علم ہوجاتا ہے لیکن وہ متعلقہ حکام کو بروقت اطلاع ہی نہیں ہونے دیتے فیلڈ سٹاف مبینہ طور پر حصہ وصول کرنے کے بعد خاموش ہو جاتے ہیں، اس طرح کی غیر قانونی تعمیرات کا پول فیلڈ سٹاف اور متعلقہ افسران کے ٹرانسفر کے بعد کھلتا ہے لیکن گزشتہ دس سالوں سے تعینات ہونے والے کسی ڈائریکٹر جنرل نے سینکڑوں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں لینڈ سب ڈویژن کی قیام میں بنیادی کردار ادا کر نیوالے ایم ڈی اے کے افسران اور اہلکاروں کیخلاف کارروائی نہیں کی۔ ایم ڈی اے ترجمان جاوید بخاری نے کہا ہے ہمارے پاس اتنا سٹاف نہیں ہے کہ کسی غیر قانونی تعمیرات کا فالو اپ شروع کر سکیں ۔

نشتر 2, کینسر سنٹر اور 5 منزلہ فارمیسی کی تعمیر کیلئے فنڈ منظور, منصوبے پر جلد کام کا آآغاز

ملتان(نیوز رپورٹر)نشتر 2 ،کینسر ٹریٹمنٹ سنٹر اور پانچ منزلہ فارمیسی کے قیام کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے فوری طور پر فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ تفصیل کے مطابق نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا گزشتہ روز لاہور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کے بعد ملتان پہنچے ، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے دورہ ملتان کے موقع پر اعلان کئے گئے منصوبوں کی یاد دہانی کے لیے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے ڈائیلسز وارڈ کے لئے مزید 30ڈائیلسز مشینیں دینے ، میڈیکل یونیورسٹی میں اساتذہ کی خالی آسامیاں فوری مکمل کرنے ، ایکسیڈنٹ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی اپ گریڈیشن، آئی سی یو وارڈ میں وینٹی لیٹرز کی تعداد بڑھانے ،نشتر ون کی عمارت کی تزئین و آرائش اور ڈاکٹرز کے لیے رہائشی بلاکس تعمیر کرنے کے بھی احکامات جاری کیے تھے ،اس حوالے سے باقاعدہ یاد دہانی مراسلہ بھی سیکرٹری ہیلتھ پنجاب اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو بھجوا دیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے سپیشل سیکرٹری ہیلتھ نادر چٹھہ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال کی چار سالانہ ترقیاتی سکیموں کے لئے فنڈز فوری جاری کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں،اس حوالے سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے نشتر ہسپتال میں 39 کروڑ کی لاگت سے پانچ منزلہ فارمیسی کی عمارت ،5 لیکچر تھیٹرز کی تعمیر اور کینسر ٹریٹمنٹ سنٹر کے لئے ایکسی لیٹر مشین کی تنصیب کے حوالے سے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ نادر چٹھہ نے بتایا کہ نشتر 2 کی تعمیر کے لئے پہلی قسط اڑھائی ارب ریلیز کردی گئی ہے جو جلد اکائونٹ میں منتقل کر دی جائیگی اور رواں سال نشتر 2 کی تعمیر کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔

فنڈز خورد برد ،سب ڈویژنل آفیسر محکمہ بلڈنگ اینٹی کرپشن میں پیش

ملتان(کرائم رپورٹر)سرکاری گھروں کی تزئین و آرائش میں فنڈز خوردبرد کیس میں سب ڈویژنل افسر محکمہ بلڈنگ ملتان گزشتہ روز اینٹی کرپشن ملتان میں پیش ہوئے ، محکمہ بلڈنگ کے کلرک پرویز نے سرکاری گھر میں مرمتی کام کی مد میں فنڈز کے خورد برد ہونے کی درخواست اینٹی کرپشن ملتان کو دی تھی جس پر تفتیشی افسر حسن رضا کھاکھی نے ریکارڈ سمیت تمام ملوث ملازمین کو طلب کیا تھا۔ گزشتہ روز سب ڈویژنل آفیسر رابعہ یاسین نے اینٹی کرپشن کو بتایا کہ اس نے سب انجینئر محمد یاسین کے کہنے پر سرکاری خزانے سے رقم دی اس نے رقم کہاں خرچ کی اسکا اس کو پتہ نہیں ،محکمہ اینٹی کرپشن کی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ محمد یاسین کنٹریکٹ پر بھرتی ہوا تھا جو اب کسی کے ساتھ رابطے میں نہ ہے اور اس کا موبائل نمبر بھی بند ہے ، اینٹی کرپشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر حسن رضا کھاکھی نے مذکورہ معاملے میں یاسین کی سروس بک طلب کرلی اوراسکی طلبی کے سمن جاری کر دئیے ۔

ناپ تول میں کمی پر پٹرول پمپ مالکان کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

ملتان(خبرنگارخصوصی) حکومت پنجاب کی جانب سے پٹرول پمپوں، سی این جی سٹیشنز پرناپ تول میں کمی پر کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ناپ تول میں کمی پر سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو فراڈ کے ذریعے ناقص اور کم مقدار میں پٹرول فراہم کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے محکمہ انڈسٹریز اور ڈویژنل کمشنرز کو مراسلے بھی ارسال کردئیے ہیں جس میں پٹرول پمپوں، سی این جی سٹیشنز کی انسپکشن اور خلاف ورزی کرنے والے مالکان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے ۔ کمشنر ملتان ڈویژن افتخار سہو نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو فوری عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے احکامات جاری کر دئیے ہیں اور کہا ہے کہ وہ پٹرول پمپوں کی انسپکشن،پٹرول کی کوالٹی، پیمانوں کی جانچ کیلئے ٹیمیں تشکیل دیں ۔

sample-ad

Facebook Comments

POST A COMMENT.