ملتان

ملتان ڈویژن
6
0
sample-ad

وزیراعلیٰ کا ٹاسک, کمشنر ملتان کا متعلقہ محکموں کو حکمت عملی مرتب کرنے کا حکم

ملتان(وقائع نگار خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو کو ملتان کا ترقیاتی پیکیج بنانے کا ٹاسک دے دیا ہے اس سلسلے میں کمشنر افتخار سہو نے متعلقہ محکموں کو سکیموں کی نشاندہی اور جامع حکمت عملی مرتب کرنے کا حکم دے دیا انہوں نے حکومت پنجاب نے ملتان شہر کی اپ گریڈیشن بارے پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے اس سلسلے میں مختلف محکموں سے سفارشات و تجاویز طلب کی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی شہر کیلئے ضروری ہے ، کمشنر نے ہدایت کی کہ واسا شہر کے سیوریج نظام اور واٹر سپلائی نظام کی اپ گریڈیشن بارے پلان بنائے انہوں نے ایم ڈی اے کو سڑکوں کی کشادگی دو رویہ بارے پلان بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی اے آنر،آؤٹر رنگ روڈ بارے بھی لائحہ عمل تیار کرے جبکہ شہر کے ٹریفک کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کے حوالے سے فلا ئی اوورز، بریجوں بارے پلاننگ کی جائے شہر کی دیہی سڑکوں اور لنک روڈز کی تعمیر و مرمت بارے سفارشات مرتب کی جائیں کمشنر نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی لینڈ فل سائٹ کی نشاندہی کرے انہوں نے مزید کہا کہ اہم شاہرا ہوں پر ٹراما سنٹروں کے قیام کی اشد ضرورت ہے ، انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ آر ایچ سی، ٹی ایچ کیو کی اپ گریڈیشن بارے پلان بنایا جائے نشتر انتظامیہ نشتر 1کی ایمرجنسی توسیع، نشترہسپتال عمارت کی تزئین و آرائش کے بارے میں سکیم بنائے جبکہ کارڈیالوجی ہسپتال میں اضافی آپریشن تھیٹرز کی تجویز بھی شامل کی جائے کمشنر افتخار سہو نے محکمہ تعلیم کو سکولوں کی اپ گریڈیشن اور نئے سکولوں کے قیام بارے تجاویز جمع کروانے کی بھی ہدایت کی ڈائر یکٹر کالجز کو نئے کالجوں کی تعمیر اور مسنگ فیسیلٹیز کے بارے میں رپورٹ بنانے کی بھی ہدایت جاری کیں،کمشنر نے ڈی جی پی ایچ اے زاہد اکرام کو کہا کہ شہریوں کی مثبت تفریح کیلئے پارکوں کی اپ گریڈیشن، فوڈ سٹریٹ کی بحالی بارے پلان ملتان ترقیاتی پیکیج میں شامل کیا جائے جبکہ شہر میں سپورٹس کمپلیکس،چڑیا گھر کی تعمیر کے بارے میں تجویز شامل کی جائیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

تعلیم ہی تبدیلی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے :ڈاکٹر سعدیہ ارشاد

ملتان(خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان میں تین روزہ ورکشاپ ‘‘سکل بیسڈ فیکلٹی پروگرام’’شروع ہو گیا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سعدیہ ارشاد نے کہا کہ تعلیم ہر مرد اور عورت کا بنیادی حق ہے اور یہ ہی تبدیلی کا بڑا ذریعہ ہے جب تک معاشرہ تعلیم یافتہ نہیں ہو گا ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی کے ہر شعبے میں ریسرچ بہت اہمیت کی حامل ہے ورکشاپ سے عظمیٰ اشفاق اور نوشین عزیز نے بھی خطاب کیااور شرکا کو تدریسی تکینک کے حوالے سے معلومات دی گئیں، مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر عصمت ناز تھیں۔

درخت لگانے کا مقصد ملتان شہر کو سر سبز و شاداب بنانا ہے اعجاز جنجوعہ

ملتان(خبرنگارخصوصی)چیئرمین پی ایچ اے ملتان اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا ہے کہ بڑے اور نئے درخت لگانے کا مقصد ملتان شہر کو سر سبز و شاداب بنانا ہے، پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی نے گرین بیلٹس پر 2ہزار پودوں اور ایک سو شجرکاری کا عمل مکمل کر لیا ہے ۔

تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن ،سامان قبضہ میں لے لیا گیا

ملتان(خبرنگارخصوصی) ایم ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے سیٹیزن پورٹل پر موصول شکایات کے مطابق ملتان شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔ ایم ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بوسن روڈ میٹرو روٹ چونگی نمبر6سے سیداں والا بائی پاس چوک تک روڈ کی حدود میں تمام تر عارضی و پختہ تجاوزات کو ختم کر کے سامان قبضہ میں لے لیا۔ ایم اے جناح روڈ سے چوک کمہاراں والا، فاطمہ جناح گیٹ نمبر 2،سٹیڈیم چوک تک اور لودھراں روڈ پرٹیکنالوجی کالج کے باہر قائم عارضی و پختہ تجاوزات کو موقع پر ختم کر کے سامان قبضہ میں لے لیا گیا ۔

نشتر ہسپتال: انستھیزیا کے ساتھ استعمال ہونے والی گیس نایاب, آپریشن کیلئے مریضوں کو لمبی تاریخیں‌

ملتان (نیوز رپورٹر) نشتر ہسپتال میں مریضوں کو آپریشن کیلئے بے ہوش کر نے کیلئے انستھیزیا کے ساتھ استعمال کی جانے والی گیس نایاب،نجی کمپنی نے گیس کی سپلائی خام مال کی فراہمی نہ ہونے کے باعث محدود کر دی،تمام متعلقہ افسران و سٹاف کو آگاہ کر دیا گیا،مریضوں کو آپریشن کے لئے لمبی تاریخیں دی جانے لگی،تفصیل کے مطابق نشتر ہسپتال میں مریضوں کے آپریشن کے دوران انستھیزیا کے ساتھ استعمال ہونے والی نائٹروجن آکسائیڈ گیس کا خام مال امونیم نائٹریٹ نہ ملنے کے باعث نجی کمپنی نے گیس کی فراہمی محدود کر دی ہے جس کے بارے میں نجی کمپنی میڈیگیس کی جانب سے ایم ایس نشتر ہسپتال کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاک عرب فرٹیلائزر کی بندش کے باعث خام مال کی فراہمی بند ہے جس کے باعث خام مال مہنگے داموں امپورٹ کرنے کی وجہ سے گیس کی فراہمی محدود بنیادوں پر کی جائیگی،ادھر گیس نایاب ہونے کے باعث نشتر ہسپتال میں نیورو،جنرل سرجری، آرتھو پیڈک،ای این ٹی اور دیگر مریضوں کو آپریشن کے لئے لمبی لمبی تاریخیں دی جانے لگی ہیں جس کے باعث مریضوں اور لواحقین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور وہ پرائیویٹ ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔

بصارت کا عالمی دن آج ، آگاہی واک اورسیمینارز منعقد ہونگے

ملتان(نیوز رپورٹر) بصارت کے عالمی دن کے موقع پر ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی آج سرکاری و نجی سطح پر سیمینار و آگاہی واک کا انعقاد کیا جائے گا، نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ امراض چشم کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا مقصد بصارت کی بحالی کے حوالے سے عوامی شعور اور آگاہی پیداکرنا ہے ۔

ڈاکٹر زاہد عباس کو سینئر رجسٹرار تعینات کر نے کا نوٹیفکیشن جاری

ملتان( نیوز رپورٹر) ڈاکٹر زاہد عباس کو سینئر رجسٹرار تعینات کر نے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر زاہد عباس کو ایڈہاک پر سینئر رجسٹرار آف نیورالوجی نشتر ہسپتال تعینات کر دیا گیا ، ان کی تعیناتی ایک سال یا پھر ریگولر ہو گی تاہم پنجاب پبلک سروس کمیشن کی طرف سے مستقل تعیناتی تک کار آمد رہے گی نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر زاہد عباس 15 دن کے اندر رپورٹ کرینگے ۔

مدنی چوک پر فلائی اوور کیلئے سروے شروع کرنے کے احکامات

ملتان(خبرنگارخصوصی) ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے تنویر اقبال نے مدنی چوک پر فلائی اوور کی تعمیر کے لئے فوری طور پر سروے شروع کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔اس پراجیکٹ کو جلد شروع کرنے کے لئے سروے رپورٹ کے ساتھ ساتھ فزیبلٹی رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے ڈائریکٹر انجینئرنگ نذیر احمد چغتائی اور ڈائریکٹر ورکس واسا مشتاق خان کے ہمراہ ملتان شہر کے داخلی راستوں پر خوبصورت انٹری گیٹس کی تعمیر کے لئے قادر پورراں روڈ پر ایم ڈی اے کی حدود کا بھی وزٹ کیا۔انہوں نے ڈائریکٹر انجینئرنگ کو ہدایت کی کہ گیٹ کی تعمیر کے لئے تخمینہ لاگت فوری تیار کر کے پی سی ون تیار کیا جائے ڈائریکٹر انجینئرنگ نے بتایا کہ قادر پورراں روڈ پر انٹری گیٹ کے لئے سروے مکمل ہو چکا ہے ٹینڈر تیار کیا جا رہا ہے ۔ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے چوک رشید آباد پر تزئین و آرائش کے کام کو چیک کرنے کے لئے بھی وزٹ کیا۔

sample-ad

Facebook Comments

POST A COMMENT.