گوجرانوالہ

گوجرانوالہ ڈویژن
9
0
sample-ad

ڈینگی متوقع سموگ: بس سٹینڈز کی صفائی گاڑیوں کے فلٹر تبدیل کروانے کی ہدایت

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر کی ہدایت پر سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی قیصر امین کی زیر صدارات ڈی کلاس بس سٹینڈز اور ویگن اڈوں کے منیجرز کا اجلاس ہواجس میں ڈینگی پر قابو پانے کیلئے مزید سخت اقدامات اور متوقع سموگ سے نمٹنے بارے ہدایات جاری کی گئیں ۔انہوں نے شرکا کو ہدایت کی کہ ڈینگی اقدامات میں تیزی لاتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر سٹینڈز کی صفائی ستھرائی کروائیں،کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور شہریوں کی آگاہی کیلئے اپنے اپنے سٹینڈز اور گاڑیوں پر ڈینگی سے متعلق آگاہی پر مشتمل بینرز،پینا فلیکسز آویزاں کریں ۔ متوقع سموگ سے نمٹنے کیلئے دھواں چھوڑنے والی تمام قسم کی گاڑیوں کے فلٹرز وغیرہ تبدیل کروائیں تا کہ شہر میں آلودگی نہ پھیلے ،انہوں نے کہا کہ ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے والے بس سٹینڈز،اڈوں اور گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا ۔

پی ایچ اے کے واجبات ادا نہ کرنیوالے ٹھیکیداروں کیخلاف تا دیبی کاروائی کی ہدایت

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن و قاص علی محمود کی زیر صدارت ہونے والے ا یک اجلاس میں چندا قلعہ تا عزیز کراس جی ٹی روڈ اور شہر کے واخلی اور خارجی چوکوں اورپارکوں کی خوب صورتی کے سلسلہ میں ٹھو س اقداما ت کی ضرور ت پر زور دیتے ہو ئے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی گوجرانوالہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ دستیاب وسائل استعمال کرتے ہو ئے موجودہ صورتحال میں واضح بہتری لائے ، کمشنر نے واضح کیاکہ پی ایچ اے کے و اجبات ادا نہ کرنے والے اور فرائض میں غفلت برتنے والے افسروں اور اہل کارو ں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے اورا ن کے کیس اینٹی کرپشن کو بھجوا کر حکومتی واجبات ریکور کرائے جائیں، انہوں نے یہ بھی واضح کیاکہ مختلف ترقیاتی محکموں کی جانب سے تر قیاتی بجٹ کا ایک فیصد پی ایچ اے کو ترقیاتی سرگرمیوں کیلئے دیا جا رہاہے یہ بجٹ کسی بھی صورت غیر تر قیاتی اخراجات پر خرچ نہیں ہو سکتا، انہو ں نے ہدایت کی کہ موسم کی خوشگوار تبدیلی کے ساتھ ہی لوگوں کی بڑی تعداد سیرو تفریح کیلئے پارکوں کا رخ کررہی ہے اور پی ایچ اے کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیرو تفریح کے لئے آنے والوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے ۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں پی ایچ اے کی کارکردگی اوراس کودرپیش مسائل کے حل کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا، چیئرمین پی ایچ اے ایس اے حمید، ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر ، ڈی جی پی ایچ اے ایوب خان ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چودھری محمد اصغر، ڈپٹی ڈائر یکٹر پی ایچ اے جاوید اختر پڈھیار ، اے سی جی تنویر یاسین اور دیگر متعلقہ افسر بھی اجلاس میں شریک ہو ئے ۔

پاور لومز ایسوسی ایشن کے وفد کی چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے ملاقات

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) پاور لومز ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے وفد نے چودھری عاطف کی قیادت میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے ملاقات کی اوراپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیکسز کی پالیسی کے باعث انڈسٹری شدید متاثر ہوئی ہے جس کی بحالی کیلئے انڈسٹری دوست اقدام اٹھانا ہونگے ، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے وفدکو یقینی دہانی کروائی کہ ایف بی آر تاجروں اور صنعتکاروں کے تمام جائز مطالبات پورے کریگا ۔

وزیرآباد:کم تول ، ناقص صفائی متعدد دکانداروں کو جرمانے

وزیرآباد(نا مہ نگار)صفائی کے ناقص انتظامات اور کم تول پر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد وقار حسین نے متعدد دکانداروں ، ہوٹلو ں کو جرمانے کر دئیے ۔جی ٹی روڈ پر واقع سویٹس شاپ کے مالک کو مٹھائی سے بال نکلنے پر 30ہزار روپے ،عابد اورریاض چکن فروش کو کم تول پر20ہزار روپے ،رحمن ہوٹل اور بسم اﷲ ہوٹل کے مالکان کو روٹی کا وزن کم ہونے پر 15ہزار روپے اوردیگر دکانداروں کو ہزاروں روپے جرمانے عائد کر دئیے ۔

9اجتماعی شادیاں ،بارات کابھرپوراستقبال،پھول بھی نچھاور

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) ہیئر ڈریسز اینڈ بیوٹیشن ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام 9اجتماعی شادیوں کی تقریب ہوئی ،بارات کااستقبال بینڈباجے کیساتھ کیاگیا اورپھولوں کی پتیاں بھی نچھاورکی گئیں ۔دلہنوں کوجہیزکامکمل سامان اورسلامیاں دی گئیں،اس موقع پر گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں عمر سلیم، سینئرنائب صدر عرفان سہیل اور نائب صدر محمد اصغر بٹ نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں غریب والدین اپنی بیٹیوں کی شادی جیسے اہم فرائض پورے کرنے کی وجہ سے پریشان ہیں لیکن ان مشکل حالات میں ہیئر ڈریسرز اینڈ بیوٹیشن ویلفیئر ایسوسی ایشن نے اجتماعی شادیاں کروانیکیاں کمائی ہیں ۔ انہوں نے محمد وارث ،محمد صدیق گرائیہ،علی ذوالفقار ،بابر حسین ناگی ،اعجاز علی کھومن،ابرارسلیم ،جعفر حسین سنی ،فیاض احمد ،سرفرازا حمد ،محمد یونس ساہری،عتیق احمد ،وسیم رضا،محمد الیاس ،میاں خرم شہزاد ودیگرکی کاوش کو سراہا۔تقریب میں جٹ فیڈریشن کے رہنما عرفان یوسف بھنڈر،ہیئر ڈریسر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدراعجازگھمن اوردیگر نے شرکت کی۔

بلاول بھٹو کے گوجرانوالہ میں استقبال کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع:پی پی

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری خالد حسین باجوہ نے کہا ہے پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کو دورہ گوجرانوالہ کی دعوت دے دی ہے جن کے استقبال کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے 27اکتوبر کے آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کیا تو گوجرانوالہ سے بڑی تعداد میں کارکن شرکت کریں گے ۔ یونین کونسلز کی سطح پر تنظیم سازی شروع کردی ہے پیپلز پارٹی کو ایک بار پھر گوجرانوالہ کا قلعہ بنائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ڈیرے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ سٹی جنرل سیکرٹری رانا حنیف ،سیکرٹری اطلاعات صغیر بٹ ،ملک ذوالفقار بھٹو،تیمور ڈار ودیگر بھی موجود تھے ۔

نظریہ پاکستان موومنٹ کے ضلعی دفتر کی افتتاح تقریب

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر) نظریہ پاکستان موومنٹ کے مرکزی صدر شفقت ندیم گورائیہ نے کہاہے کہ یہ آزادی مارچ نہیں فسادی مارچ ہے ، ہم اس مارچ کی قطعا حمایت نہیں کرتے ،نظریہ پاکستان موومنٹ کے ضلعی دفتر کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں کے مفادات کاسودا کرنے والے آج کس منہ سے پاکستان کی خدمت کی باتیں کر رہے ہیں، غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے والی اس مارچ میں ہمارا کوئی کارکن شریک نہیں ہوگا۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری حافظ انس ظہیر،ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ شفیق الرحمان،ضلعی صدر حجاج اللہ صمدانی،حاجی محمد یوسف، ڈاکٹر عبد الرحمن پن،قاری رمضان ساجد،ڈاکٹر عبد الحفیظ فاروقی،پادری جبار فلیمون اور پرویز سیموئل کے علاوہ کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

’’قومی دن برائے آفات‘‘ پر ریسکیو 1122آفس میں تقریب

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر،کرائم رپورٹر )شہری دفاع کی ٹریننگ سے تباہی کے اثرات کو ممکنہ حد تک کم کیا جا سکتا ہے ،آج کی ہوئی تربیت کل کو آنے والی آفت میں سیفٹی کا باعث بن سکتی ہے ۔اِن خیالات کا اظہار سول ڈیفنس آفیسر گوجرانوالہ سید توصیف رضا نے گزشتہ روز ‘‘قومی دِن برائے آفات’’ کے موقع پر ریسکیو 1122آفس گوجرانوالہ میں منعقدہ ایک مشترکہ تقریب میں کیا جہاں تمام ہنگامی اداروں کے علاوہ رضاکاروں اورسول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اِس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر سید توصیف رضا کا کہنا تھا کہ اِس دن کو منانے کا مقصد شہریوں کو آفات سے آگاہی اور بچاؤ کی تدابیر سے روشناس کرانا ہے ۔ اگرچہ ہمارے لئے قدرتی آفات کو روکنا ناممکن ہے لیکن شہری دفاع کی ٹریننگ سے تباہی کے اثرات کو ممکنہ حد تک کم کیا جا سکتا ہے ۔ تقریب کے اختتام پر ایک آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ریسکیو اہلکاروں ،سول ڈیفنس رضاکاروں سمیت شہریوں کی بڑی تعدا د نے شرکت کی۔

بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے پولیس افسروں کو تعریفی اسناد دی گئیں

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر) ایس پی سٹی ڈویژن اعجاز رشید نے ایس ایچ اوز ،تفتیشی افسروں ،محرران اور جے ٹی ٹی ممبران سے میٹنگ کی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر افسروں کو تعریفی اسناد بھی دیں ۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جا رہا ہے ۔ جوانوں کی ویلفیئر اولین مقاصد میں شامل ہے ۔ کار سرکار میں عدم دلچسپی ،سست روی اور کرپشن و بد اخلاقی میں ملوث ہونے پر سخت سزا دی جائے گی ۔ اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کے حوالے سے ایس ایچ اوز کو خصوصی ہدایات دی گئیں۔

بھالو ڈکیت گینگ پکڑا گیا

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)تھانہ صدر کامونکے نے بلال عرف بھالو ڈکیت گینگ کو گرفتارکر کے 60 ہزار روپے اور اسلحہ برآمد کر لیا ، ملزموں میں اعظم ، عادل اور بلال شامل ہیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.