فیصل آباد

فصیل آباد ڈویژن
5
0
sample-ad

اینٹی ڈینگی اقدامات:ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا مختلف علاقوں کا دورہ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی کی ہدایت پرانسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عاصمہ اعجازچیمہ نے اینٹی ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف علاقوں کادورہ کیا اور ٹیموں کی کارکردگی چیک کرتے ہوئے سرویلنس کومزید تیزکرنے کی تاکیدکی۔انہوں نے کہا ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پرڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کو تسلسل کے ساتھ چیک کیا جارہاہے اورڈینگی لاروا کی تلفی میں سست روی پرسخت ترین محکمانہ کارروائی سے گریزنہیں کیا جائے گا۔انہوں نے محکمہ صحت کوہدایت کی کہ ڈینگی کی افزائش کی کوئی جگہ بغیرچیکنگ کے نہیں رہنی چاہیے ۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب انسداد ڈینگی اقدامات کی کڑی مانیٹرنگ کررہی ہے لہذا معمولی سی بھی غفلت یا لاپرواہی کی گنجائش نہیں۔انہوں نے مختلف گلی محلوں میں خواتین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گھروں میں صفائی ستھرائی پرخصوصی توجہ دی جائے تاکہ ڈینگی کی افزائش نہ ہو اورٹیموں سے تعاون بھی جاری رکھیں تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکیں۔

سٹیٹ بینک ہوزری کی ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے کردار ادا کررہا ہے :وقاص کاشف

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)سٹیٹ بینک آف پاکستان سٹرٹیجک ویژن 2020کے تحت ہوزری سیکٹر میں ایس ایم ایز کی ایکسپورٹ کو بڑھانے کیلئے بھرپور کردار ادا کررہا ہے اور اس سلسلے میں اس سے متعلقہ تمام سٹیک ہولڈرز سے میٹنگ رکھی گئی تھی تاکہ مستقبل کیلئے لائحہ عمل طے کیاجاسکے یہ بات سٹیٹ بینک فیصل آباد کے چیف منیجر وقاص کاشف باجوہ نے پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے دفتر میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا اس میٹنگ کا بنیادی مقصد طلب و رسد کے درمیان مالیاتی فرق کا تجزیہ اور اسکا سدِ باب کرنا ہے اور خصوصی طور پر ہوزری سیکٹر کے مسائل کو پالیسی میکرز تک پہنچا کر اُن کو حل کرنا ہے ۔

پینسرہ :ایجوکیشن رائٹس کمیشن کے زیر اہتمام سٹار ٹیچر ایوارڈ تقریب

پینسرہ:ٹیچر ڈے کے حوالے سے ایجوکیشن رائٹس کمیشن کی جانب سے بہترین کارکردگی کے حامل اساتذہ میں مقرب الٰہی سٹار ٹیچر ایوارڈ تقسیم کی تقریب نجی کالج میں منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی ڈاکٹر نثار احمد ،رانا آفتاب احمد ،چودھری خالد اختر ،میڈم ثریا،میڈم زاہدہ ،چودھری منور حسین قمر و دیگر نے شیلڈ و سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ،اس موقع پر رانا شاہد مقرب ،چودھری اسلم بٹ،مرزاذوالفقار ،چودھری ندیم سندھو،نذیر گجر ،یاسر عرفات ، اظہر بہزاد،و دیگربھی موجود تھے ۔

دعوت اسلامی کے زیراہتمام عدل کے موضوع پر سیمینار

جڑانوالہ :دعوت اسلامی کے زیراہتمام بارایسوسی ایشن ہال میں عدل کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں انچارج ایڈیشنل سیشن جج غلام رسول، ایڈیشنل سیشن ججز عامر منیر، خضرحیات گوندل، انچارج سول جج احسان صابر، سول ججز محمد عرفان، افضل ہنجرا، فیضان کاشف، قیصر عباس، امیر مبلغ دعوت اسلامی خالد عطاری،صدر بار رانا مہتاب آفتاب، جنرل سیکرٹری مہر آصف نذیر سمیت وکلا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکا سے رکن شوریٰ دعوت اسلامی الحاج یعفور رضا نے کہا حضرت محمد ؐنے دنیا میں عدل کی جو امثال قائم کی ہیں پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہیں، سیمینار کے اختتام پر ملک کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا بھی مانگی گئی۔

پولیس کی درجنوں چوکیوں کی حالت مخدوش

فیصل آباد(صغیر سانول سے )فیصل آباد پولیس کی درجنوں پولیس چوکیاں انتہائی مخدوش حالت کا شکار، موبائل وینز کی قابل رحم حالت زار پولیس حکام کی توجہ کی طلبگار ہیں ،قبضہ شدہ اورکرائے کی جگہ پر قائم چوکیاں پولیس کی ناقص کارکردگی کی عکاسی کررہی ہیں ، عملہ ان چوکیوں میں بیٹھنے کے بجائے دیگر مقاما ت پر ڈیرے جمانے لگا،ملازمین کیساتھ ساتھ شہری بھی اذیت کا شکار، چوکیوں کی حالت سنوارنے کا مطالبہ کیا جارہاہے ، تفصیل کے مطابق فیصل آباد ضلع میں پولیس کی ڈیڑھ درجن سے زائد چوکیاں ایسی ہیں جو پرائیویٹ مقامات پر قبضے کرکے بنائی گئی ہیں اوران چوکیوں کی حالت بھی انتہائی مخدوش ہے ، جہاں پر تعینات عملہ اور سائلین پر ہر وقت دیوار منہدم ہونے کا خطرہ رہتا ہے ان میں سے کئی چوکیوں کو بجلی کی سہولت بھی میسر نہیں ہے ، قریبی ہمسایوں سے تار لے کر بجلی کا نظام چلایا گیا ہے ، سروے میں انکشاف ہوا کہ ایسی مخدوش پولیس چوکیوں کے پاس سرکاری گاڑیاں بھی موجود نہیں اور کئی ایک کے پاس گاڑیاں ہیں جن کی حالت ایسی ہے کہ وہ خود بھی چلنے کیلئے دھکے کی محتاج ہوتی ہیں ، چوکیوں کی غیر حالت کے پیش نظر عملہ علاقہ میں اچھے دفاتر و کاروباری مقامات پر بیٹھ کر وقت گزارتا ہے اور آپریشنل امور کیلئے پرائیویٹ گاڑیوں کا استعمال کیا جاتا ہے جبکہ ملزموں کو عدالتوں میں پیشی اور جیلوں میں بند کروانے کیلئے اکثر عملہ رکشوں میں لیجاتا ہے اس سلسلے میں ایس ایس پی آپریشنز سید علی رضا کا موقف ہے کہ قبضہ کہیں نہیں کیا گیا چند ایک چوکیوں کی حالت مخدوش ہے جن کی حالت سنوارنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

 

صدر فیصل آباد چیمبرکی گڈزٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری صنعت و تجارت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بھر پور کوششیں کر رہا ہے جبکہ اس سال موجودہ شعبوں کی نمائندگی کو موثر بنانے کے ساتھ ساتھ نئے سیکٹرز کو بھی اس چیمبر میں نمائندگی دی جائے گی۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈا نڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تقریباً ایک سو سیکٹرز سے تعلق رکھنے والے 7ہزار افراد اس منتخب ٹریڈ باڈی کے ممبر ہیں جو ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر کوشاں ہیں ۔ انہوں نے بتایا چیمبر کا ممبر بننے سے آپ کی رسائی سات ہزار ممبران تک ہو گی جس کے ذریعے آپ اپنے کاروبار کو بھی مزید وسعت دے سکتے ہیں۔

 

بجلی چوروں پرمقدمات

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)فیسکو کی ٹیموں نے چیکنگ کی تو طارق آباد میں مظفر ، چک نمبر2ج ب میں انوارالحق، چک نمبر7ج ب میں فیصل ،چک نمبر45ج ب میں شاہد اقبال وغیرہ دس افراد بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جس پر مقدمات درج کروادئیے گئے ۔

گیس ری فلنگ کرنیوالے گرفتار

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیم نے غلام محمد آباد میں جاوید ، سدھار میں امین کی دکانوں پر چیکنگ کی تو وہ گیس ری فلنگ میں ملوث پائے گئے جس پر انہیں پکڑ کر پولیس کے حوالے کرکے مقدمات درج کروادئیے گئے ۔

پتنگ باز پکڑے گئے

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)پولیس نے دوران گشت غلام محمد آباد میں نوید، علی رضا اور عتیق الرحمن کو پتنگ بازی کرتے ہوئے پکڑ کر سامان قبضے میں لے لیا اور ان کو حوالات میں بند کرکے مقدمات درج کرلئے ۔

sample-ad

Facebook Comments

POST A COMMENT.