جنرل قمر باجوہ کا پیپلز لبریشن آرمی کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ ,چینی عسکری قیادت سے ملاقات ,مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

پاکستان
6
0
sample-ad

بیجنگ، اسلام آباد (اے پی پی، وقائع نگار) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین میں پیپلز لبریشن آرمی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ انہوں نے چینی عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پاک چین دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمرجاوید باجوہ کو پیپلز لبریشن آرمی کے ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔ چینی فوج کے کمانڈر جنرل ہان ویگو سے ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سمیت علاقائی سلامتی کی صورت حال اور باہمی دفاعی تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر چین کی فوجی قیادت نے کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کو سراہا اور امن کے لیے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی۔ چین کی عسکری قیادت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی سوچ خطے میں امن کے لیے سود مند ہے ۔سربراہ پاک فوج چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے نائب سربراہ سے بھی ملے ۔ دونوں ملکوں کی فوجی قیادت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاک بھارت جاری کشیدگی دور نہ ہونے سے خطے کے امن واستحکام پرسنگین نتائج ہوں گے ۔ پاک چین فوجی قیادت نے تاریخی باہمی تعلقات کے تحت دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل نہ ہونے کی صورت میں کشمیر میں جاری صورت حال کے ممکنہ نتائج سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرتے ہوئے کشمیرمیں انسانی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت ہے ۔ جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ پاکستان امن کا حامی ہے مگر عزت اور اصولوں پر سمجھوتا نہیں کریں گے ۔

sample-ad

Facebook Comments

POST A COMMENT.