دنیا

دنیا

ایران پر عائد پابندیاں نہیں اٹھائیں گے :ٹرمپ


واشنگٹن(آئی این پی)امریکی صدر نے کہا ہے ایران نے مذاکرات کیلئے پابندیاں اٹھانے کی شرط عائد کی مگر ہم اس شرط کوقبول نہیں کریں گے ۔خیال رہے امریکا پہلے ہی سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملوں میں ایران کو مورد الزام ٹھہرا چکا ہے ۔
برطانوی وزیر اعظم پر امریکی خاتون کو نوازنے کاالزام،تحقیقات شروع

لندن.برطانوی وزیر اعظم کیخلاف مالی بدعنوانی کی تحقیقات شروع کی گئی ہیں ۔رپورٹ کے مطابق ایک امریکی کاروباری خاتون کیساتھ بورس جانسن کے روابط کا معاملہ پولیس واچ ڈاگ کے حوالے کیا گیا ہے ۔ قبل ازیں برطانوی اخبار میں چھپنے والی خبر میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ جانسن کے جینیفر آرکوری کیساتھ تعلقات میں ممکنہ طور پر ذاتی مالی مفاد کا عنصر شامل ہو سکتا ہے ۔ بتایاگیاہے کہ بورس جانسن نے 2008سے 2016کے دوران جب وہ لندن کے میئر تھے آرکوری کی کمپنی کو دو گرانٹس جاری کیں اور انہیں ممکنہ طورپرایک لاکھ یورو سے زیادہ کا مالی فائدہ پہنچایا۔
خلیج کا حالیہ بحران مصنوعی :روس
نیویارک (اے پی پی)روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے کہا ہے خلیج کا حالیہ بحران مصنوعی ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ اختلافات کو ختم کرنے کیلئے مذاکرات کی میز پر آئیں۔
زمبابوے :موگابے کی آبائی گاؤں میں تدفین
ہرارے (اے ایف پی)زمبابوے کے سابق صدر رابرٹ موگابے کی تدفین آبائی گاؤں میں کر دی گئی۔ اس موقع پر رابرٹ موگابے کے سینکڑوں حامیوں نے ان کی تصویر والی ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں جبکہ ان کی اہلیہ گریس موگابے اور بچے تابوت کیساتھ چلتے رہے جسے قومی پرچم میں لپیٹا گیا تھا۔ آخری رسومات میں صدر ایمرسن مینگاگوا سمیت کوئی اعلیٰ حکومتی عہدیدار شریک نہ ہوا۔
امریکا کاپہلا سکھ پولیس اہلکارنامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل
واشنگٹن:امریکی ریاست ٹیکساس میں بھارتی نژاد امریکی ڈپٹی شیرف سندیپ دہلیوال کونامعلوم افراد نے قتل کردیا۔رپورٹ کے مطابق 42 سالہ ڈپٹی سندیپ دہلیوال ٹیکساس پولیس ڈیپارٹمنٹ کے پہلے سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے اہلکار تھے ۔ وہ 10 سال سے اسی ڈیپارٹمنٹ میں تعینات تھے ۔پولیس حکام نے بتایا کہ ڈیوٹی کے دوران جب وہ اپنی پٹرول کار پر معمول کے گشت پر تھے تو ان پر ایک شخص نے پیچھے سے گولی چلائی ۔پولیس نے ٹویٹر پر بتایا کہ سندیپ کے قتل کے الزام میں 47 سالہ رابرٹ سولس نامی شخص کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ملزم کے قبضہ سے ایک ہتھیار بھی برآمد ہوا ہے جس کے حوالے سے خیال کیا جارہا ہے کہ یہ وہی ہتھیار ہے جسے مبینہ طورپرسندیپ کے قتل کے لیے استعمال کیا گیا۔
ہانگ کانگ :امبریلا تحریک کے 5سال مکمل ،مظاہرین کا مارچ
ہانگ کانگ(اے ایف پی)ہانگ کانگ میں مظاہرین اور پولیس کے مابین چھڑپیں، پولیس نے واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال کرکے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔ نیوز ایجنسی کے مطابق 2014 کی امبریلا موومنٹ کے پانچ سال مکمل ہونے پر ہزاروں افراد نے پارلیمنٹ کے باہر پر امن مارچ کیا تاہم مظاہرین کا ایک گروپ سڑک پر آ گیا جس نے سرکاری دفاتر پر پتھراؤ شروع کر دیا اور پٹرول بم بھی پھینکے ۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے واٹر کینن سے کالی مرچوں کا سپرے کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کر کے مظاہرین کو منتشر کردیا ۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close