فیصل آباد کی خبریں

فصیل آباد ڈویژن
7
0
sample-ad

شہریوں کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے : سیف اﷲ ڈوگر
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر سردار سیف اﷲ ڈوگر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عوامی مسائل حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اس سلسلے میں عوام کی شکایات براہ راست سن کر ان کے حل کے لئے محکمانہ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے مزیدکہا کہ ہر شعبہ زندگی میں شہریوں کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کے لئے ضلع کی سطح پر مختلف محکموں کی سروسز کے معیار میں بھی بہتری لائی جارہی ہے ۔
عمارتوں کے نقشوں کی منظوری میں قوانین کا خیال رکھا جائے :کمشنر
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے ہدایت کی ہے کہ کاروباری عمارتوں کے نقشوں کی منظوری میں متعلقہ قوانین اور مفاد عامہ کا خصوصی خیال رکھا جائے اس ضمن میں موصول ہونے والی درخواستوں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کرکے ہر لحاظ سے مکمل کیسز منظوری کے لئے پیش کئے جائیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مزید کہا کہ کاروباری عمارات کی تعمیر کے نقشوں اور متعلقہ زمین کو کمرشل بنیادوں پر استعمال کی منظوری کی درخواستوں میں زمینوں کی ملکیت کے معاملات ریونیو ریکارڈ اور مروجہ شرائط کے مطابق کلیئر ہونے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر تعلیمی اداروں کے قیام کی منظوری کے لئے ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ کے امور زیر نظر جبکہ پٹرول پمپس کی منظوری کے کیسز میں متعلقہ کمپنی کی دستاویزات کی جانچ پڑتال اور تصدیق کر لی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل اداروں کے قیام کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی کیونکہ اس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں تاہم کسی کو قوانین و شرائط کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
قائد اعظمؒ کی برسی،سماجی تنظیم سو ل رائٹس ایسوسی ایشن کا اجلاس
سمندری:بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ کی 71ویں برسی کے موقع پرسماجی تنظیم سول رائٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے محسن ملت کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تنظیم کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شرکا نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا قوم نے قائد اعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں متحد ہو کر لازوال قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل کیا ،قائد اعظم محمد علی جناح ؒنے تعمیر پاکستان کے ضمن میں جو رہنما اصول متعارف کروائے وہ آج ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ہمیں قائد اعظمؒ کے فرمودات ایمان ، اتحاد ،تنظیم کو اپنا مقصد حیات بنالینے کا عزم کرنا چاہیے ، انہوں نے کہا پاکستان اﷲ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے لہذا ہمیں اس کی قدر کرنا چاہیے اور اس کو مضبوط ، پروقار ، خوبصورت اورایک سماجی فلاحی ریاست بنانے میں اپنا بھرپور کردار اداکرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا قائد اعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا تھا اور آج اس شہ رگ کو دشمن کے پنجے سے آزاد کروانے کیلئے اتحاد امت کی ضرورت ہے ۔
موٹرسائیکل چوری کرنے والا ساتھی سمیت گرفتار
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) ملزم نے متعدد وارداتوں کا اعتراف کرلیا ، پولیس کے مطابق محلہ رحمت ٹائو ن سے دو روز قبل ریاست علی کی موٹرسائیکل چوری ہوگئی تھی جس کا مقدمہ درج کرنے کے بعد چوکی انچارج سدھوپورہ سب انسپکٹر طالش عباس نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے شناخت کرکے مختلف مقامات پر چھاپے مارتے ہوئے ملزم کو پکڑا
پولیس نے جواری گرفتار کرلئے
بچیانہ+جڑانوالہ :گزشتہ روز چک نمبر560کے قریب گراؤنڈ میں چھاپہ مار کر تاش پر جوا کھیلتے ہوئے ننکانہ صاحب کے رہائشی چار جواریوں اعجاز، ندیم، عارف اور محمداسلم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے داؤ پر لگی ہوئی 11ہزارروپے نقدی اور دو موبائل فون قبضہ میں لے لئے۔
17پولیس افسر اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ میں ٹرانسفر
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)فیصل آباد کے دو انسپکٹرز سمیت پنجاب کے 17پولیس افسروں کو اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ میں ٹرانسفر کردیا گیا ، حکومت پنجاب کی ہدایات پر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ساندل بار انسپکٹر مظہر الحق اورانسپکٹر آصف علی شاہ کو اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ میں بھجوایا گیا ہے جبکہ ان کے ساتھ ساتھ دیگر چار ڈی ایس پیز سمیت 15 افراد کو اینٹی کرپشن میں مختلف عہدوں پر فائز کیا گیا ہے ۔
ٹریفک وارڈن سے لڑنے والا ڈرائیور حوالات پہنچ گیا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)پولیس کے مطابق ٹریفک سیکٹر کلاک ٹاور ٹو کے انچارج طاہر علی نے ریل بازار پولیس کو بتایا کہ راجباہ روڈ پر سینٹ رافیل ہسپتال کے قریب قانون شکنی کا مظاہرہ کرنیوالے ویگن ڈرائیور ذیشان علی کو روک کر کارر وائی کرنا چاہی تو اس نے ٹریفک پولیس سے الجھنا شروع کردیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور اس سے چالان بک چھین لی جس پر ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا گیا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔
عدالتی حکم عدولی ،ایس ایچ او اور تھانیدار کے وارنٹ گرفتار ی
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال تارڑ کی عدالت میں زیر سماعت طارق یوسف بنام ایس ایچ او کیس میں تھانہ صدر کے ایس ایچ او اور اے ایس آئی محمد منشاپر الزام تھاکہ انہوں نے خاتون اور بچوں کو غیر قانونی طور پر حوالات میں بند رکھا ہوا تھا جس پر فاضل عدالت نے احکامات جاری کئے جو انہوں نے نظرانداز کردیئے جس پر فاضل عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران عدم پیشی پر دونوں کے وارنٹ گرفتار ی جاری کرکے 14ستمبر کو طلب کرلیا ۔
زرعی یونیورسٹی نے سکیل 17تک کے 500سے زائد ایڈہاک ملازمین کو فارغ کر دیا
فیصل آباد(نیوزرپورٹر)زرعی یونیورسٹی نے سکیل 1 سے سکیل 17 تک کے 500 سے زائد ایڈہاک ملازمین کو فارغ کر دیا فارغ کیے جانے والے ملازمین ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سمیت مختلف شعبوں میں عرصہ دراز سے ڈیوٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کو فارغ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت نے یونیورسٹی کے چانسلر کو ہدایات دیں کہ گزشتہ ادوار میں میرٹ پر بھرتی نہ ہونے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے جس پر چانسلر کے احکامات کی روشنی میں زرعی یونیورسٹی میں سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی کمیٹی کی جانب سے یونیورسٹی کے قواعدوضوابط کے مطابق بھرتی نہ کیے جانے والے ملازمین کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا اور ان کے کاغذات کی سکروٹنی کی گئی ۔سکروٹنی میں سیاسی طور پر بھرتی ہونے والے ملازمین کی فہرستیں بنائی گئیں اور انہیں ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے ترجمان زرعی یونیورسٹی قمر بخاری کے مطابق تین رکنی کمیٹی کی سفارشات پر ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے جلد ہی میرٹ پر نئی بھرتیاں کی جائیں گی ۔
ماہ اگست میں ضلعی پولیس نے 781 ملزموں کو گرفتار کیا
ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار، ڈسٹرکٹ رپورٹر ) مختلف نوعیت کے 624مقدمات درج کرکے 142اشتہاری اور40عدالتی مفروروں سمیت781ملزموں کو گرفتارکیا جبکہ ان کے قبضے سے 22لاکھ 70ہزار 365روپے ریکو ری بھی کی گئی،ضلع بھر میں ناجائز اسلحہ کے 45 مقدمات درج کرتے ہوئے اسی تعداد میں ملزم گرفتار کئے گئے جن کے قبضہ سے بندوقیں 7 عدد ،پسٹل37عدد ،کلاشنکوف 1عدد ،راؤنڈ196 عدد برآمدکئے گئے ،منشیات کے 111 مقدمات درج کئے گئے ،ملزموں کے قبضہ سے 27.403کلوگرام چرس،6.139 گرام ہیروئن ،896 لٹر شراب، 547 گرام افیون ،2عدد چالو بھٹی اور لہن200 لٹر برآمد ہوئی، جوئے کے 9 مقدمات میں32ملزموں کو گرفتار کیاگیا جن کے قبضہ سے 126050روپے ریکوری ہوئی، پولیس نے گزشتہ ماہ 26مقدمات میں ملوث 7گینگزکے 21ارکان کو گرفتار کیا جن کے قبضہ سے 8گائے ،4بکرے ، 2بچھڑے ،رپیٹر 12بو ر1عددمعہ کارتوس، 2عدد پسٹل اور نقدی124000روپے برآمدکیں،ضلع بھر میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت101مقدمات درج کئے گئے ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے حکم پرضلع بھر میں77سرچ آپریشنزکے دوران3519افراد کے کوائف کی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی ۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.