ٹوبہ ٹیک سنگھ کی خبریں

فصیل آباد ڈویژن
9
0
sample-ad

کمالیہ:کم وولٹیج ، ریاض فیتانہ نے فیسکو کی تحریری شکایت کر دی
کمالیہ(نامہ نگار)ایم این اے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف ریاض فیتانہ نے کمالیہ شہر میں بجلی کے کم وولٹیج کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر پاور سے فیسکو کی تحریری شکایت کردی ہے ۔ جس میں انہوں نے وفاقی وزیر کو بتایا ہے کہ شہربھر میں لوڈ کی کمی بیشی کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ جس کی وجہ سے شہریوں کی لاکھوں روپے مالیت کی اشیا جل چکی ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں لوڈ اتنا کم ہوتا ہے کہ واٹرپمپ بھی نہیں چل پاتے ہیں اور شہری پانی کی بوند بوند کو ترس جاتے ہیں۔ دوسری جانب ایم این اے ریاض فیتانہ اور ایم پی اے آشفہ ریاض فیتانہ نے اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ کو ہدایات دی ہیں کہ بعض علاقوں میں ٹربائنز بند ہونے کی وجہ سے پینے کے صاف پانی کی سہولت دستیاب نہیں لہٰذا ان علاقوں میں فوری اقدامات کیے جائیں اور ٹربائنز کو فی الفور چلایا جائے ۔ ریاض فیتانہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ میں علاقہ کے مسائل سے بخوبی واقف ہوں اور انہیں حل کروانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ: 725 عزاداروں کو طبی امداد فراہم کی گئی
ٹوبہ ٹیک سنگھ(نامہ نگار )ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ریسکیو1122 کی جانب سے 10محرم الحرام کے تمام مجالس اور جلوس کے ہمراہ میڈیکل کیمپ اور پوسٹیں قائم کی گئی تھیں ، اور عزاداروں کو بہتر انداز میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی ،ان خیالات کا اظہارڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میاں فراز منیرنے ایک اجلاس میں کیا، انہوں نے بتایا کہ ریسکیو1122 ٹوبہ ٹیک سنگھ نے ضلع بھر میں 725 عزاداروں کو مدد فراہم کی، جن میں سے 718عزاداروں کو موقع پر طبی امداد دی گئیں اور 07عزاداروں کو ڈسڑکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ٹوبہ :بجلی کا کرنٹ لگنے سے 15 سالہ لڑکی جاں بحق
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پنکھا چلاتے ہوئے بجلی کا کرنٹ لگنے سے 15 سالہ لڑکی جاں بحق ہو گئی ،ذرائع کے مطابق نواحی چک نمبر261گ ب کی رہائشی مسماۃ (ک ) اپنے گھر کے صحن میں لگایا گیا پنکھا چلانے لگی تھی ،کہ اس دوران پنکھے میں اچانک کرنٹ آنے سے اسے زوردار جھٹکا لگا ،اور وہ شدید زخمی ہو گئی ، طبی امداد کیلئے ہسپتال لیجایا گیا ،تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔
ٹو بہ ٹیک سنگھ: لینڈ مافیا نے سر کاری اراضی پر قبضہ شروع کر دیا
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )میونسپل کمیٹی کے انکرو چمنٹ عملہ کی چشم پو شی سے لینڈ مافیا نے شہر کے وسط میں واقع کروڑوں روپے کی سر کاری اراضی پر قبضہ شروع کر دیا ، محلہ ہاؤسنگ سے ملحقہ ہڈا روڑی میں واقع کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر دن دہاڑے قبضوں کا سلسلہ جاری ہے ،ذرائع کے مطابق لینڈ مافیا نے نیٹ ورک قائم کر رکھا ہے ، جو کہ مذکورہ آبادی میں صو بائی حکومت کی ملکیتی کروڑوں روپے کی اراضی پر قبضہ کر نے کیلئے پلاٹ کا قبل ازیں مقامی عدالت سے حکم امتناعی حاصل کر لیتے ہیں ،جبکہ چاردیواری کی تعمیر کے بعد عدالتی حکم امتناعی کا نوٹس دروازے پر چسپاں کر دیتے ہیں ،اور مذکورہ پلاٹ میں خانہ بدوش قبیلہ کے افراد کو عارضی رہائش اختیار کروا دی جاتی ہے ،بعد ازاں قبضہ کئے گئے پلاٹوں پر واپڈا حکام کی ملی بھگت سے بجلی میٹر اور میونسپل کمیٹی کے واٹر سپلائی کنکشن لگوا کر پلاٹوں کو قانو نی تحفظ فراہم کر نے کے بعد لینڈ مافیا پلاٹ فروخت کر کے دوبارہ نئے پلاٹ پر قبضہ شروع کر دیتا ہے ، ہڈا روڑی کے علاقہ میں اب تک کروڑوں مالیت کے درجنوں پلاٹوں پر قبضہ ہو چکا ہے ، عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ لینڈ مافیا کے خلاف سخت قانو نی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
پیرمحل:15 برس سے بدحالی کا شکار بھُسی روڈ حکومتی توجہ کا منتظر
پیرمحل:15 برس سے شدید بدحالی کا شکار بھُسی روڈ عوامی نمائندوں کی توجہ کا منتظر ہے ۔ چک نمبر 728 گ ب سے اڈا بھُسی کو جانے والی جانے والا روڈ کھنڈرات میں تبدیل ہو گیا مذکورہ روڈ 15 سال سے انتظامیہ اور نمائندگان کی عدم توجہ کا شکار ہو کر رہ گیا ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ با اثر سیاسی شخصیات اس بدحالی کی ذمہ دار ہیں اگر عوام اپنا ووٹ درست استعمال کرتے تو یہ صورتحا ل پیدا نہ ہو تی۔مسئلے کی طرف توجہ نہ دی گئی تو بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔
منشیات فروشی سے منع کرنے پر حقیقی بھتیجوں پر قاتلانہ حملہ کردیا
ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار )منشیات فروشوں کے سرغنہ نے منشیات فروشی سے منع کرنے اور جائیداد کے مقدمہ میں ساتھ نہ دینے کی رنجش پر مسلح ساتھیوں کے ہمراہ حقیقی بھتیجوں پر قاتلانہ حملہ کردیا ،فائرنگ کی زد میں آکر رائے عثمان سعید شدید زخمی جبکہ بڑا بھائی نمبردار رائے ذیشان سعید خوش قسمتی سے بچ گیا ،چک نمبر 338گ ب کانمبردار رائے ذیشان سعید اپنے بھائی رائے عثمان سعید کے ہمراہ گھر میں موجود تھا ،کہ ان کے چچا ملزم رائے مشہود خاں نے اپنے دیگر مسلح اسلحہ ساتھیوں محمد ندیم ،محمد سلیم ،محمد اعظم اور عبدالحمید وغیرہ کے ہمراہ ان پر حملہ کردیا ، فائر رائے عثمان سعید کی ٹانگوں میں لگے ملزم محمد اعظم نے سوٹے کے وار کرکے ذیشان سعید کو بھی زخمی کردیا، جبکہ چیخ و پکار کی آواز سن کر نقاش پرویز اور حماد احمد وغیرہ موقع پر آگئے اور ملزموں سے انکی جان چھڑوائی ،ملزم سیدھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے ،نمبردار رائے ذیشان سعید نے بتایا کہ ملزم رائے مشہود احمد خاں انکا چچا ہے ،جسے انہوں نے منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے سے منع کیا تھا اور جائیداد کے ایک مقدمہ میں اپنے چچارائے محمد احمد خاں کے بیوی بچوں کے برخلاف انکا ساتھ نہیں دیا تھا ،جس کی وجہ سے ملزم نے اپنے ساتھیوں سے مل کر انہیں قتل کرنے کی نیت سے حملہ کیا ۔ ڈی پی او وقار قریشی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری موقع پر بھجوائی ،اور ملزموں کو گرفتار کرکے انکے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے ۔

sample-ad

Facebook Comments

POST A COMMENT.