دہشت گردی کا خوف:سری لنکا کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان غیر یقینی کا شکار

کھیل
9
0
sample-ad

لاہور ،کراچی،کولمبو(سپورٹس رپورٹر،اے ایف پی) ممکنہ دہشت گرد حملے کی اطلاعات کے باعث سری لنکا کی پاکستان آمد پر ایک بار پھر خدشات کے بادل چھا گئے ،سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں سکیورٹی حالات کو نئے سرے سے جانچنے کیلئے اپنی حکومت سے مدد طلب کرلی،نئی اطلاعات نے خوف کی فضا میں اضافہ کردیا،پرائم منسٹرز آفس کو باوثوق ذرائع نے آگاہ کیا کہ دورہ پاکستان میں آئی لینڈرز ٹیم پر ممکنہ دہشت گردی کا امکان ہے ،دورے پر آمادہ پلیئرز کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کے آخر میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ایک مرتبہ پھر خدشات کا شکار ہو گیا ہے کیونکہ سری لنکن حکومت کے مطابق اسے ایسی خبریں موصول ہوئی ہیں کہ پاکستان کے دورے پر سری لنکن کرکٹ ٹیم ممکنہ دہشت گرد حملے کا نشانہ بنائی جا سکتی ہے ۔واضح رہے کہ تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل دورہ پاکستان میں دو ہفتے سے بھی کم کا وقت رہ گیا ہے جس کیلئے کرکٹ سری لنکا نے اپنی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کا اعلان بھی کردیا تھا لیکن اسی شام کو موصول ہونے والی تازہ ترین اطلاعات کے بعد دورہ ایک بار پھر لٹک کر رہ گیا کیونکہ حکومت کی جانب سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو ہدایت کی گئی کہ وہ ٹیم بھیجنے سے قبل ایک مرتبہ پھر پاکستان میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کرے ۔ذرائع کے مطابق ایک سری لنکن آفیشل نے گزشتہ جائزے کے بعد پاکستان کی سکیورٹی صورتحال کو پیچیدہ قرار دیا تھا لیکن کرکٹ سری لنکا نے دورے پر آمادگی کے ساتھ امید ظاہر کی تھی کہ دورہ مکمل محفوظ ہوگا۔ایس ایل سی کی تازہ ترین پریس ریلیز کے مطابق سری لنکن کرکٹ نے پاکستان کی سکیورٹی صورتحال کو نئے سرے سے جانچنے کیلئے اپنی حکومت سے مدد اور معاونت طلب کرلی ہے لہٰذا منصوبہ بندی کے تحت دورہ اسی وقت ممکن ہوگا جب حفاظتی اقدامات پر اطمینان ظاہر کیا جائے گا۔اس بات کا فیصلہ پرائم منسٹرز آفس سے موصول ہونے والی ان اطلاعات کے پیش نظر کیا گیا کہ پاکستان ٹور کے دوران سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ممکنہ دہشت گرد حملہ کیا جا سکتا ہے ۔واضح رہے کہ تازہ ترین اطلاعات منگل کی شام کو موصول ہوئیں جب کرکٹ سری لنکا نے گزشتہ روز دوپہر کو پاکستان جانے والی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیموں کا اعلان بھی کردیا تھاحالانکہ دس صف اول کے کھلاڑی سکیورٹی خدشات کے تحت پاکستان جانے سے انکار کر چکے تھے اور تازہ ترین صورتحال کے بعد دورے پر آمادہ کھلاڑیوں کی جانب سے بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے ۔ تازہ صورتحال کے بعد سری لنکاکرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ممکن ہوگا یا نہیں اس کیلئے مزید انتظار کرنا ہوگا کیونکہ ممکنہ دہشت گرد حملے کی اطلاعات نے تیاریوں کے مراحل طے کرنے والے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی مایوسی میں مبتلا کردیا ہے ۔

sample-ad

Facebook Comments

POST A COMMENT.