گوجرانوالہ کی خبریں

گوجرانوالہ ڈویژن
6
0
sample-ad

کمشنر کا ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم کا دورہ ،انتظامات کا جائزہ
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن وقاص علی محمود نے ڈی سی آ فس میں مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے قائم کنٹرول روم اور مانیٹرنگ کیلئے لگائے گئے سکیورٹی کیمروں کا جائزہ لیا۔اس دوران افسر وں نے کمشنر کو بتایا کہ نویں محرم کو ضلع میں 103 جلوس اور 150 مجالس منعقد ہوئیں، کمشنر نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں مجالس اور جلسوں کی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، حساس جلوسوں اور مجالس کے روٹس پرجدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں جنہیں ڈپٹی کمشنرز کے دفاترمیں قائم مرکزی کنڑول رومز سے مانیٹر کیا جارہا ہے ،انہوں نے کہا کہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے مجالس اور جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب ہیں جہاں چیکنگ کے بعد شرکا و عزاداران کوداخلے کی اجازت دی جارہی ہے ۔
عزاداروں کوہر ممکن سہولیات اورتحفظ فراہم کیاجائیگا:اے سی وزیر آ باد
وزیرآباد:محرم الحرام میں عزاداروں کوہر ممکن سہولیات اورتحفظ فراہم کیاجائے گا، تمام روا یتی جلوسوں کی گزرگاہوں سے تجاوزات ہٹا کرصفائی اور روشنی کے موثرانتظامات کئے گئے ہیں، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد وقار حسین نے زیرتربیت اسسٹنٹ کمشنرز فاطمہ صائمہ احمد،سرمد علی بھاگٹ،محمداحمد علی ،سی او شیراز اسلم،ایم او آئی محمدعقیل کھوکھر،پی ایس او محمدآصف ،ایس ایچ او سٹی توقیر احمد،سب انجینئرشفقت جاوید چیمہ،عقیت محسن شاہ، مدثر مشتاق کے ہمرا ہ شہرکے مختلف مقامات پرامام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹ کے دورہ کے موقع پر کیا ۔
واقعہ کربلا حق سچ پر ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے :خرم دستگیر
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)سابق وفاقی وزیر و رکن قومی اسمبلی خرم دستگیر خان نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓنے کربلا میں عظیم قربانی دیکر اسلام کو زندہ وجاوید کردیا، شہدا کربلا نے اسلام کی سربلندی کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اہل بیت کی لازوال قربانیوں کے نتیجہ میں باطل غالب ہوکر بھی ملغوب ہوگیا ،حضرت امام حسین ؓ اور اہل بیت نے اپنے لہو سے اسلام کو حیات جادواں عطا کردی، واقعہ کربلا حق سچ پر ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے ، امام عالی مقام نے کربلا کے میدان میں جو پیغام دیا وہ قیامت تک انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز امام بارگاہ گلستان معرفت، امام بارگاہ جاگیر علی اکبر، امام بارگاہ در سجاد سمیت دیگر امام بارگاہوں کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر لیگی رہنما ناصر محمود کھوکھر، سید تسلیم رضوی، حاجی نصرت،علی رضا شاہ، زاہد ہاشمی، چودھری عدیل نثار، افتخار شاہ،جولی شاہ، کاشف صابر خان، نذیر احمد مغل،حاجی خالد مغل، سفیان قیصر بٹ، ذاکر نواب سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔سابق وفاقی نے مزید کہا کہ شہدا کربلا کوئی واقعہ نہیں بلکہ کفر اور اہل اسلام کی جنگ تھی جس میں حضرت امام حسین ؓ کے جانثار ساتھیوں نے یزید کی بیعت کے بجائے کلمہ حق بلند کرکے اسلام کو ہمیشہ کیلئے زندہ کردیا۔
فنڈز کے استعمال پر پابندی , کروڑوں کی ترقیاتی سکیمیں التوا کا شکار
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت کی جانب سے ضلع کونسل اورمیونسپل کارپوریشن کے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کے استعمال پر پابندی ختم نہ ہوسکی ،ضلع گوجرانوالہ کی 166یونین کونسلوں میں95کروڑ روپے کے تعمیرو ترقی ،سیوریج سسٹم کی بحالی اور دیگر منصوبے شروع نہ ہوسکے ، بلدیاتی اداروں کے افسر ترقیاتی منصوبوں کے اجرا میں بے بس ہوگئے ، دونوں بلدیاتی اداروں کے سابق سربراہوں نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے ٹینڈرز کی منظوری بھی دے رکھی تھی مگر سیاسی چپقلش اور قانونی اعتراضات کے باعث 2ہزار سے زائد ترقیاتی سکیموں پر کام شروع نہ ہوسکا ۔سابق دور حکومت میں میونسپل کارپوریشن کی حدود میں شامل73یونین کونسلوں میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 38کروڑ روپے مختص کئے گئے اور ہاؤس نے ٹینڈرز کی منظوری دی ۔ اسی طرح ضلع کونسل کی93 یونین کونسلوں میں بھی55 کروڑ روپے سے زائد کی ترقیاتی سکیموں کے ٹینڈرز جاری کئے گئے ۔عدالتی حکم اور تحقیقات کے بعد ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی ٹینڈرز منظور ہوئے مگر سیاسی چپقلش اور قانونی اعتراضات کے باعث ترقیاتی سکیمیں رک گئیں ۔ لوکل گورنمٹ حکام کا کہنا ہے کہ ترقیاتی سکیموں کے اجرا کیلئے بلدیاتی اداروں کا اجلاس طلب کیا جارہا ہے جس کے بعد فیصلہ ہوگا تاہم مرمت کے چھوٹے کام جاری ہیں ۔
پارکوں اور اہم مقامات پر نصب واٹر فلٹریشن پلانٹس خراب
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)میونسپل کارپوریشن اور پی ایچ اے کی غفلت کے باعث گوجرانوالہ کے 15پارکوں اور درجنوں اہم مقامات پر نصب واٹر فلٹریشن پلانٹس خراب ہیں ، سیروتفریح کیلئے آنے والے مرد وخواتین صاف پانی کی سہولت سے محروم ہوگئے ، بیشتر پارکوں میں پینے کا پانی بھی غیر معیاری ہے ۔ شہریوں کو معیاری تفریح کی فراہمی کیلئے قائم کئے گئے گوجرانوالہ میں پارکوں کی تعداد 38تک ہے جن میں 20پارک فعال ہیں مگر شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹس سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی نہیں ہوسکی۔جن پارکوں میں چند سال قبل فلٹریشن پلانٹس لگائے گئے تھے ،ان میں 15 پلانٹس خراب ہوچکے ہیں۔ لیاقت پارک ،ماڈل ٹاؤن پارک ،چلڈرن پارک ،رضائے مجتبیٰ ،علی پارک ،صدیق اکبر پارک ،عثمان غنی پارک ،غوثیہ پارک ،مسلم پارک اوردیگر شامل ہیں۔ شہریوں کے مطابق پارکوں میں فلٹریشن پلانٹس کی ٹونٹیاں غائب ہوچکی ہیں جن کی تنصیب کیلئے انتظامیہ نے تاحال کوئی اقدامات نہیں کئے ۔اسی طرح شہر کے اہم مقامات پر لگے سرکاری فلٹریشن پلانٹس بھی خراب اور ٹونٹیاں غائب ہوچکی ہیں جن میں بیشتر پلانٹس سرکاری سکولوں کے باہر لگے ہوئے ہیں ۔

sample-ad

Facebook Comments

POST A COMMENT.