لاہور کی خبریں

لا ہور ڈویژن
7
0
sample-ad

نوازشریف ڈیل نہیں کرینگے ،قانونی جنگ لڑینگے :ن لیگ رائیونڈ
رائے ونڈ (نامہ نگار)ایم این اے ملک افضل کھوکھر نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے بلکہ قانونی جنگ لڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے میاں نوازشریف کے ساتھ جوکیا ہے اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ انتقامی کارروائیوں پر حکمرانوں کو بہت جلد معافی مانگنا پڑے گی ۔انہوں نے کہا کہ ڈیل کے حوالے سے باتیں جان بوجھ کر پھیلا دی جاتی ہیں ۔نواز شریف نے اپنے اصولوں کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں نواز شریف کی تذلیل اور انہیں بدنام کرنے کیلئے ہر اقدام اٹھایا گیا ہے ۔ان کی صاحبزادی کو ان کی آنکھوں کے سامنے گرفتار کیا گیا،وہ ان سے نہیں مل سکتیں۔ میاں نوازشریف کی اس طرح کے ماحول میں کسی شخص سے ڈیل کی توقع کیسے کی جاسکتی ہے میاں نوازشریف نے اتنا کچھ برداشت کیا اور جمہوری مقصد کیلئے تکلیفیں برداشت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت عملی اقدامات کیلئے آگے بڑھے ،کشمیریوں کی موت کا انتظار نہ کرے ،چاند پر جانے اور کشمیر فتح کرنے کا مودی کا خواب پورا نہیں ہوگا،انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو پتھر کے دور میں لے جا رہی ہیں پنجاب میں ایک اینٹ نہیں لگائی گئی حکمران عوام پر تجربات کر رہے ہیں۔
میرٹ سے ہٹ کر کام کر نیوالے وی سی کیلئے معافی نہیں :گورنر
لاہور(این این آئی)گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ یونیورسٹیز کے معاملات میں سیاسی مداخلت کوجرم سمجھتے ہیں، ہم نے یونیورسٹیز کو سیاسی مداخلت سے پاک کردیا ۔ یونیورسٹیز میں آئین وقانون اور میرٹ کی حکمرانی یقینی بنا رہے ہیں،میرٹ اور آئین وقانون سے ہٹ کر کام کر نیوالے وائس چانسلرز سمیت کسی کو معافی نہیں دی جائیگی،ہم ان شا اللہ یونیورسٹیز کو عالمی معیار تک لیکر جائیں گے ۔ وہ پنجاب کی مختلف یونیورسٹیز سے تعلق رکھنے والی خاتون پروفیسرزکے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔ان کامزید کہناتھا کہ ہم نے اپنی آنیوالی نسلوں کو ایک روشن اور خوشحال پاکستان دینا ہے جسکے لیے ضروری ہے کہ یونیورسٹیز سمیت تمام اداورں کو مضبوط کر نے کے ساتھ ساتھ ان سے سیاسی مداخلت کو بھی مکمل طور پر ختم کیا جائے ۔ یونیورسٹیز میں ریسرچ کے شعبہ میں بالخصوص ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے تحقیق پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے یونیورسٹیز کو عالمی معیار کے مطابق لیکرجانے کیلئے صرف چانسلر یا حکومت اکیلی کچھ نہیں کر سکتی بلکہ اس کیلئے وائس چانسلرز سمیت یونیورسٹیز کے تمام ذمہ داروں کو بھی اپنا کردار ادا کر نا ہوگا۔
2020 انتخابات نہیں ترقی کی رفتار مزید تیز ہونے کا سال ہوگا :ہمایوں اختر
لاہور(اے پی پی ) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے ایک بیان میں کہا اپوزیشن کی خواہشات کے برعکس 2020 عام انتخابات نہیں بلکہ ترقی کی رفتار مزید تیز ہونے کا سال ہوگا، حکومت کو قرضے لینے کا طعنہ دینے والے ملک کو قرضوں کے سمندر میں دھکیل کر گئے ، نا تجربہ کاری کا شوروغوغا کرنے والی اپوزیشن درست کہتی ہے کہ موجودہ حکومت کوسابق حکمرانوں کی طرح کرپشن کرنے کا کوئی تجربہ نہیں ،حضرت امام حسین ؓ اور ان کے رفقا نے دین اسلام کے لئے لازوال قربانی دی جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔
ٹرین شیڈول فلائٹ آپریشن سدھار کے بجائے مزید ابتر, مسافر خوار
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے ،آن لائن )ٹرین شیڈول اورفلائٹ آپریشن سدھار کے بجائے مزید ابتر ہو گیا جس کی وجہ سے مسافر خوار ہو کر رہ گئے ۔کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے اور جانے والی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کاشکار ہو گئیں ادھر24پروازیں منسوخ اور5لیٹ ہوئیں۔ کراچی ایکسپریس 5 گھنٹے 20 منٹ، پاک بزنس 3 گھنٹے 50 منٹ ، قراقرم 3 گھنٹے 30 منٹ، شاہ حسین 3 گھنٹے 30منٹ ، جناح 2 گھنٹے 30 منٹ، فرید 3 گھنٹے 30 منٹ ،گرین لائن 2 گھنٹے 20 منٹ، اکبر 3 گھنٹے 10 منٹ، علامہ اقبال 4 گھنٹے 55 منٹ، عوام 3 گھنٹے ، خیبر میل 5گھنٹے 30منٹ، ملت 4 گھنٹے 30 منٹ، شالیمار 2 گھنٹے 10 منٹ،فرید 2 گھنٹے 30 منٹ اور جعفر ایکسپریس 2 گھنٹے 45 منٹ لیٹ ہو ئی۔آن لائن کے مطابق لاہور سے جانے والی اکبر بگٹی ایکسپریس 20گھنٹے تاخیر سے کوئٹہ پہنچ گئی ،ٹرین 8گھنٹے 45منٹ کی تاخیر سے سبی سٹیشن پہنچی جہاں اسے سکیورٹی وجوہات کے باعث روک لیا گیا۔ ٹرین کو پیر کی صبح کلیئرنس ملنے کے بعد روانہ کیاگیا۔دوسری جانب کوالالمپور ،جدہ، گوانگ زو،کراچی ، اسلام آباد کے لیے دوطرفہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ پروازیں 20منٹ سے 3گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ادرک 68 لہسن 48،چکن 19 روپے کلو مہنگا
لاہور(اکنامک رپورٹر سے ، این این آئی)محرم کی وجہ سے ناجائز منافع خور متحرک ہو گئے ،ادرک 68،لہسن 48،چکن 19 روپے کلو مہنگا ہو گیا۔تفصیل کے مطابق محرم الحرام میں لنگر اور نذرونیاز کا سلسلہ جاری ہے ، سبز مصالحہ جات کی طلب بڑھتے ہی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ۔پیاز 62 روپے کے بجائے 90 روپے کلو تک فروخت ہونے لگا ،ٹماٹر49 کے بجائے 80 ، لہسن 232 کے بجائے 280 ، ادرک 282 کے بجائے 350 ،لیموں دیسی 130 کے بجائے 140 جبکہ سبز مرچ74روپے کے بجائے 150روپے کلو فروخت ہوتی رہی ۔اسی طرح چکن گوشت کی قیمت میں ایک ہی روزمیں 19روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ گزشتہ روزاوپن مارکیٹ میں پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت19روپے اضافے سے 244روپے ، زندہ برائلر مرغی13روپے اضافے سے 168روپے فی کلو رہی۔شہریوں نے کہا محرم الحرام میں گھروں میں لنگر کی تیاری مشکل ہو گئی ، سبز مصالحہ جات منڈیوں میں بھی مہنگے ہیں ،جب بھی کوئی تہوار آتا ہے ناجائز منافع خور مافیا سرگرم ہو جاتا ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کر دیا جاتا ہے ، انتظامیہ کو مہنگائی پر قابو پانا چاہیے ۔
شہدا کی قربانی کفر کے سامنے ڈٹ جانے کا درس :جماعت اسلامی
لاہور(ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب وصدر ملی یکجہتی کونسل وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے جمعیت طلبہ عربیہ کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام مقدس مہینہ ہے ۔ ہمیں ایک دوسرے کے نظریات کا احترام کرتے ہوئے تعاون کی روش کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ شہداء کربلا کی قربانی ہمیں کفر کے سامنے کلمہ حق کہنے اور سچ پر ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے ۔ ادھر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا کہ حق و باطل کے معرکے میں فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے ۔ حضرت امام حسین ؓ نے حق کے لیے خاندان قربان کردیا مگر باطل کے سامنے سر نہیں جھکایا ۔ اسوہ ٔ حسین ؓ پر عمل پیرا ہو کر ہی غلبہ دین کی منزل کو حاصل کیا جاسکتاہے ۔ حضرت امام حسین ؓکی یہ قربانی نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہدایت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے ۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا شہرکے مختلف جلوسوں کے روٹس کا دورہ
لاہور(کرائم سیل)ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے پانڈوسٹریٹ اسلامپورہ، شادمان میں شبیہ ذوالجناح، 145اے ماڈل ٹاؤن،امام بارگاہ ایوان زینب،امام بارگاہ ایوان حیدرٹھوکر نیاز بیگ اور دربارداتا علی ہجویریؒ سمیت شہرکے مختلف جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا اور ان کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے امام بارگاہ قصرِ بتول پانڈو سٹریٹ اسلامپورہ کا دورہ کیا۔ ایس پی سٹی سید غضنفر علی اور ایس پی سول لائنز دوست محمد سمیت دیگر افسر ان ہمراہ تھے ۔ اشفاق خان نے جلوس کے روٹ پر تعینات افسروں و اہلکاروں کو انتہائی الرٹ ہوکر ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ڈی آئی جی نے دربارداتا گنج بخش علی ہجویریؒ کا بھی دورہ کیا،غسل مبارک کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ارد گرد کی عمارتوں پر سنائپرز تعینات رہے ۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.