شیخوپورہ کی خبریں

شیخوپورہ ڈویژن
8
0
sample-ad

امام حسین ؓ نے اسلام کو حیات جاوداں عطا کی :رانا تنویر حسین
فیروزوالہ(تحصیل رپورٹر)مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی وسابق وفاقی وزیر راناتنویرحسین نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓاوران کے ساتھیوں کی لازوال قربانی نے اسلام کوحیات جادواں عطاکی ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین ؓاوران کے رفقاکی عظیم قربانیاں انسانیت پر احسان عظیم ہیں واقعہ کربلا ہمیں صبر ،تحمل ،برداشت کا درس دیتا ہے ہمیں اپنے ذاتی ،فروعی ،لسانی اختلافات کو ختم کرکے حضرت امام حسینؓ کی قربانی کو اپنے لیے مشعل راہ بنانا ہوگا اسی میں ہماری اخروی زندگی کا راز مضمر ہے ۔ایم این اے راناتنویرحسین نے کہاکہ باطل کے خلاف جرأت سے اُس وقت تک ڈٹے رہو جب تک یہ نیست و نابود نہ ہو جائے میدان کربلا میں امام حسین ؓنے جو قربانی پیش کی تاقیامت اس کی نظیر نہیں ملے گی، حق کی خاطر امام حسین ؓ نے اپنی گردن تو کٹوا لی مگر اپنے ناناکے دین پر کوئی آنچ نہیں آنے دی ۔انہوں نے کارکنوں سے کہاکہ وہ امن وامان بہتررکھنے کیلئے اپنے فرائض سرانجام دیں ۔
فیروزوالہ:شرپسندوں کا ٹرین پر پتھرائو، متعدد مسافر زخمی
فیروزوالہ(تحصیل رپورٹر)ریلوے پھاٹک امامیہ کالونی کے قریب شرپسند عناصر نے لاہورسے فیصل آباد جانیوالی ٹرین پرپتھراؤ کیا جس سے ٹرین کے شیشے ٹوٹ گئے ،متعدد مسافرزخمی ہوگئے ،فیروزوالہ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔بتایاگیاہے کہ مسافرٹرین ریلوے پھاٹک امامیہ کالونی کے قریب پہنچی تونامعلوم افراد نے پتھرپھینکے جس کے باعث ٹرین کے شیشے ٹوٹ گئے اورمتعدد مسافرزخمی ہوگئے ۔
فیروزوالہ:گھریلو حالات سے دلبرداشتہ خاتون 2بچوں سمیت نہر میں کود گئی
فیروزوالہ(تحصیل رپورٹر)گھریلو حالات اوربیماری سے دلبرداشتہ ہوکرجواں سالہ خاتون نے دوبچوں سمیت خان پورنہرمیں چھلانگ لگادی ،مقامی لوگوں نے خاتون اوربچوں کوبچالیا۔پولیس نے معززین علاقہ اوررشتہ داروں سے مل کرخاتون اوراس کے خاوند کے درمیان صلح کرادی ۔
شیخوپورہ:سابق کونسلر کا گلی سے اینٹ اٹھانے پر بچے پر تشدد
شیخوپورہ (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق کونسلر کا گلی سے اینٹ اٹھانے پر 7سالہ غریب بچے پر تشدد ، گلی میں جا کر اٹھا اٹھا کر زمین پر مارتا رہا اور پھر گھر میں لے جاکر بندکردیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ نظام پورہ میں ن لیگ کے سابق کونسلر عباس جٹ نے مبینہ طور پر سات سالہ معصوم بچے کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناڈالا ۔ بچے کی غلطی اتنی تھی کہ اس نے اس کے دروازے کے سامنے پڑی ہوئی اینٹ کواٹھا کر دوسری جگہ رکھ دیا تھا۔اہل علاقہ کے مداخلت کرنے پر ملزم نے بچے کو آزاد کر دیا جس پر بچے کے ورثا اس کو لیکر ہسپتال روانہ ہوگئے جہاں بچے کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے حکام سے نوٹس کا مطالبہ کیا۔

sample-ad

Facebook Comments

POST A COMMENT.