گجرات کی خبریں

گوجرانوالہ ڈویژن
5
0
sample-ad

گجرات:سیوریج لائنوں کی صفائی کیلئے دن رات کام جاری
گجرات (نامہ نگار )ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ڈاکٹر رانی حفصہ کنول نے کہا ہے کہ سینی ٹیشن سٹاف کی 9ٹیمیں گڑھی احمد آباد، ناصر کالونی ، حسین کالونی سمیت ملحقہ علاقوں میں عرصہ دراز سے بند سیوریج لائنیں کھولنے کیلئے دن رات مصروف ہیں، جلد سیوریج کا مسئلہ حل کر دیا جائے گا، ان خیالات کا اظہارانہوں نے رات گئے صفائی کیلئے جاری کام کے معائنہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں سے سیوریج اور بارشو ں کے پانی کے تیزی سے نکاس کیلئے رتی ڈسپوزل سٹیشن کو پہلے ہی فنکشنل کر دیا گیا ہے ، سیوریج لائنوں کی بحالی سے شہریوں کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا ۔
حضور ؐ کی آ مد سے ختم نبوت کا باب ہمیشہ کیلئے بند ہو گیا :چو دھری نثاراحمد
گجرات (نامہ نگار ،سٹی رپورٹر)کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی صدرچو دھری نثاراحمد نے کہاہے کہ نبی کریمؐ ختم نبوت کاتاج پہن کرآئے ، آپ کے آنے سے باب نبوت تاقیامت ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بند ہوگیا ،قرآن آخری کتاب اورامت مسلمہ آخری امت ہے ، اب انسانیت کومحمد ؐ کی رسالت میں قیامت تک کاسفرمکمل کرناہے ۔ وہ گزشتہ روز یوم ختم نبوت کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ تقریب کی صدارت مولانا افضل مجددی نے کی۔ چودھری نثاراحمد نے کہاکہ سات ستمبر 1974 کو قادیانیت کوغیرمسلم قراردیاجانا برصغیر کے مسلمانوں کی ایک صدی کی جدوجہد کاحاصل ہے اوراس سلسلہ میں دستورکی دوسری ترمیم کوقرارداد مقاصد کی طر ح اہمیت حاصل ہے اوراس کوکوئی بھی ختم کرنے کی جرات نہیں کرسکتا ۔
محرم الحرام :رینجرز کے دستے گجرات پہنچ گئے ، فلیگ مارچ
گجرات (نامہ نگار ،سٹی رپورٹر)محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن و امان برقراررکھنے کیلئے پولیس کی معاونت کیلئے رینجرز کے دستے گجرات پہنچ گئے اور انہوں نے حساس علاقوں میں فلیگ مارچ بھی کیا، 9اور 10محرم الحرام کے جلوسوں کی نگرانی کیلئے مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں105سی سی ٹی وی کیمروں سے مجالس اور جلوس کے روٹس کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ڈی سی کمپلیکس میں مرکز ی کنٹرول روم کے دورہ کے موقع پر کیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں محرم الحرام کے مرکزی جلوس آج اور کل گجرات، لالہ موسیٰ اور شادیوال سے برآمد ہونگے جس کیلئے پولیس کے ساڑھے 4ہزار افسر و جوان فرائض سرانجام دے رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر رینجرز کے دستوں نے بھی فرائض سنبھال لئے ہیں اور انہوں نے گزشتہ روز ناروالی، جسوکی سمیت مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا ، ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پولیس رضا کار، سول ڈیفنس رضا کار، منتظمین مجالس کے رضا کار پہلے ہی پولیس کی معاونت کر رہے ہیں۔

گجرات:سالانہ تر قیاتی پروگرام میں شامل 16 منصوبے منظور
گجرات(سٹی رپورٹر ،نامہ نگا ر)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ضلع گجرات کیلئے سالانہ ترقیاتی بجٹ میں شامل 24میں سے 16 منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ، ایس ڈی جیز کے 70منصوبوں کیلئے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کر د ئیے گئے ، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی پراجیکٹس ہر صورت دسمبر تک مکمل کئے جائیں گے ۔ ترقیاتی منصبوبوں کے جائزہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے چھ، ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 9، ڈیپارٹمنٹ ڈویلپمنٹ سب کمیٹی نے 4 منصوبوں کی منظوری دیدی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ڈی جیز پروگرام کے تحت ہائی ویز کے 5، پبلک ہیلتھ کے 5منصوبوں کے کام الاٹ کر د ئیے گئے ہیں ، سوئی گیس، پی ڈبلیو ڈی کے 33منصوبوں کے ٹینڈرز مکمل کر لئے گئے جبکہ سوئی گیس ڈیپارٹمنٹ کے پراجیکٹس کی منظوری کیلئے کام جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تین جاری منصوبوں کیلئے 100 فیصد فنڈز جاری کر دئیے ہیں نیا پاکستان منزلیں آسان پراجیکٹ کے تحت پانچ سڑکوں کی تعمیر جاری ہے ۔
گجرات:محرم الحرام میں سینی ٹیشن برانچ کی چھٹیاں منسوخ
گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )میونسپل کارپوریشن گجرات کے چیف آ فیسر محمود اقبال گوندل نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں سینی ٹیشن برانچ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ، 9 اور 10 محرم الحرام کو دفتر کھلے رہیں گے ۔
پنجاب میں 11مقامات پر نئے ٹول پلازے تعمیر کر نیکی منظوری
گجرات(سٹی رپورٹر )حکومت پنجاب نے شہریوں سے روڈ ٹیکس وصول کرنے کا نیا منصوبہ تیار کر لیا۔پنجاب کے گیارہ مقامات پر نئے ٹول پلازے تعمیر کرنے کی منظوری دے دی گئی ۔حویلی لکھا سے قصور جانے والے شہری اب 3 مقامات پر ٹول ٹیکس دیں گے ، گوجرانوالہ سے سیالکوٹ جانے والے سیالکوٹ بائی پاس پر ٹول ٹیکس دیں گے ۔وزیرآباد بائی پاس استعمال کرنے والے بھی اب ٹول ٹیکس دیں گے ۔ اوکاڑہ سے قصور دیپالپور روڈ پر کھڈیاں خاص کے مقام پر ٹول ٹیکس وصول ہوگا ،مریدکے سے ناروال روڈ پر نئے ٹول پلازہ سے راہدری ٹیکس لیا جائے گا۔ برج اٹاری کے مقام پر لاہور جڑانوالہ، فیصل آباد روڈ استعمال کرنے والوں سے ٹیکس لیا جائے گا۔اڈا کمیر والا کے مقام پر ساہیوال سے عارف والا جانے والوں سے روڈ ٹیکس لیا جائے گا ۔ساہیوال سے پاکپتن جانے والے پولیس چیک پوسٹ کے مقام ٹول ٹیکس دیں گے ۔ قصور روڈ سے اوکاڑہ جانے والے کھڈیاں کے بعد راجووال کے مقام پر بھی ٹیکس دیں گے ۔چیچہ وطنی بورے والا روڈ پر بھی شہریوں سے روڈ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ بہاولپور سے حاصل پور، چشتیاں روڈ پر پل اسلام نگر کے مقام پر بھی ٹیکس وصول کیا جائے گا۔پنجاب حکومت کی منظوری کے بعد محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔صوبائی و وفاقی وزیر، فوج، پولیس، سرکاری گاڑیاں اور ایمبولینسز ٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گی۔
گجر ات :خواتین نے بھی دھوکہ دہی سے رقم ہتھیانا شروع کردی
گجرات (سٹی رپورٹر ، نامہ نگار ) گجرات میں خواتین نے بھی فراڈ کی وارداتیں شروع کر دیں، خاتون نے 10 لاکھ روپے ادھار لے کر جعلی چیک تھما دیا ۔ضلع گجرات میں مردوں کے فراڈ اور جعلی چیک دینے کی داستانیں تو زبان زد عام ہیں مگر اب گجرات میں خواتین نے بھی جعلی چیک دینا شروع کر دئیے ہیں ۔ تھانہ لاری اڈا پولیس نے بزنس مین نواز حنیف سکنہ محلہ قطب آباد کی رپورٹ پر اس سے بیٹی کی شادی کیلئے 10 لاکھ روپے ادھار لے کر رقم کے بدلے میں جعلی چیک دینے کے الزام میں شمع پروین سکنہ قدرت آباد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ ملزمہ شمع کا خاوند گلفام یونان میں مقیم ہے ۔
گجرات :تالا توڑ گروپ متحرک ، کونسلر سمیت 2 گھر وں کا صفایا
گجرات (سٹی رپورٹر ، نامہ نگار )گجرات میں تالا توڑ گروپ آ گیا ، چور سابق خاتون کونسلر سمیت2گھروں کا صفایا کر گئے ۔تھانہ لاری اڈا کے علاقہ محلہ رحمت آباد میں خاتون کونسلر مقصود بی بی کے گھر کے تالے توڑ کر ایک لاکھ 30 ہزار روپے ،2 عدد طلائی بالیاں، ایک زنانہ سوٹ چور لے اڑے ۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ مقصود بی بی کسی کی شادی پر گئی ہو ئی تھی ۔دوسرے واقعہ میں تھانہ لاری اڈا کے علاقہ گڑھی احمد آباد میں انجم عباسف کی ہمشیرہ کے گھر کے تالے توڑ کر 2 لاکھ 15 ہزار روپے ، 15 تولے سونا چوری کر لیا گیا ۔پولیس نے انجم عباس کی رپورٹ پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

sample-ad

Facebook Comments

POST A COMMENT.