معاشی ترقی کیلئے ریسرچ کلچر متعارف کرانے کی ضرورت : یونائیٹڈ بزنس گروپ

کاروبار
6
0
sample-ad

لاہور (اے پی پی)یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے مرکزی چیئرمین اور بزرگ تاجر رہنما افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ملک بنانا ہی تمام اقتصادی پالیسیوں کا محور اور مقصد ہونا چاہیے تاکہ معاشی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے ،توانائی سمیت معیشت کے تمام شعبوں میں‘‘نالج اینڈ ریسرچ’’ کی ثقافت متعارف کرانا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز مقامی تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔افتخار علی ملک نے کہا کہ تمام تر وسائل دستیاب ہونے کے باوجود اس میدان میں ملک ابھی تک وہ مقام حاصل نہیں کر سکا جہاں اسے ہونا چاہیے تھا اور اس کی بڑی وجہ ملک میں ریسرچ کے کلچر کا فقدان ہے ، ریسرچ کو فروغ دے کر برآمدات، توانائی بحران ،ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب اور ہنر مند انسانی وسائل کی کمی، پبلک سیکٹر اداروں کی نا اہلی اور کم صنعتی پیداوار جیسے امور پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ نئی منڈیاں تلاش کرنے کیلئے مارکیٹ ریسرچ کرائے جو معیار اور قیمت کے حساب سے ہمارے لئے مفید اور منافع بخش ہوں، اس کے علاوہ بیرون ملک پاکستانی مشنز کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ غیر ملکی خریداروں تک پاکستانی مصنوعات کی فراہمی اور وہاں تجارت سے متعلق معلومات کی متعلقہ فورمز تک فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ پاکستانی تاجر ان مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے کاروبار کو زیادہ سے زیادہ متنوع بنائیں اور زیادہ سے زیادہ غیر ملکی خریداروں کو پاکستانی مصنوعات کی طرف راغب کرنے کیلئے اقدامات اٹھاتے ہوئے مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق نئی مصنوعات کا اضافہ کریں۔

sample-ad

Facebook Comments

POST A COMMENT.