سیالکوٹ کی خبریں

گوجرانوالہ ڈویژن
1
0
sample-ad

سیالکوٹ میں عوامی مسائل جلد حل ہوں گے :گورنر پنجاب
ڈسکہ (نامہ نگار)گورنر پنجاب چو دھری محمد سرورسے چیئرمین اوورسیز پاکستانی کمیشن ضلع سیالکوٹ وقاص افتخار بٹ نے ملاقات کی اور اوورسیز کے مسائل سے آگاہ کیا ضلع بھر کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی اس موقع پر گورنر چو دھری محمد سرور نے کہا کہ پنجاب بھر میں اوورسیز کے مسائل کے حوالے سے اہم تبدیلیاں نظر آئیں گی ضلع سیالکوٹ کے عوام کے مسائل بھی حل ہونا شروع ہوجائیں گے ،وطن عزیز کی تقدیر بدلنے کا وقت آچکا ہے ،پاکستانی معیشت کا جام پہیہ پوری آب وتاب کیساتھ چلنا شروع ہوگیا ہے ۔تحریک انصاف نے مشکل حالا ت میں اقتدار سنبھالا مگر ہم مایوس نہیں ہوئے بلکہ تمام چیلنجز کا بھر پور مقابلہ کررہے ہیں اور ملک کو پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کررہے ہیں، بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے پاکستان کی صنعتوں کی بحالی کیلئے صرف باتیں کی ہیں عملی طور پر انکی کارکردگی زیر ورہی ہے اور ملک میں ہونیوالی بدترین لوڈشیڈنگ ،کرپشن اور بیڈ گورننس کی وجہ سے پاکستان کی صنعتیں تباہ ہوئیں مگر وزیر اعظم عمران خان کے ویژ ن کے مطابق موجودہ حکومت پاکستان اور بیرون ملک سے آنیوالے سرمایہ کاروں کو نہ صرف مکمل سپورٹ کررہی ہے بلکہ انڈسٹری کی بحالی کیلئے بھی تمام وسائل برو ئے کار لائے جارہے ہیں ۔
خانہ بدوش بچوں کیلئے کیمپ سکول میں لٹریسی ہال کی تعمیر شروع
سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )عالمی یوم لٹریسی پر ڈپٹی کمشنر بلال حیدر نے پکا گڑھا کے محلہ مسلم راجپوت ٹاؤن میں خانہ بدوشوں کے بچوں کیلئے قائم کیمپ سکول کے لٹریسی ہال کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔ اس فلاحی منصوبے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عارف محمود سونی اورامجد محمود سونی نے خصوصی تعاون کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو چودھری ارشد، اے ڈی سی جنرل کریم بخش، اے سی احمد سعید منج، سی ای او ایجوکیشن یونس وڑائچ،ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن الطاف شیخ بھی موجود تھے ۔ سی ای او ایجوکیشن نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر خانہ بدوشوں کے بچوں کیلئے کیمپ سکول پہلے سے ہی فنکشنل کردیا گیا ہے ، اب مخیر حضرات کے تعاون سے لٹریسی ہال کی تعمیر شروع کردی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی لٹریسی ڈے پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خانہ بدوشوں کے بچوں کیلئے درسگاہ کی فراہمی عظیم تحفہ ہے ۔
ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں یوم دفاع اور یکجہتی کشمیر کے عنوان سے تقریب
سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ کوثر نے کہا ہے کہ وطن عزیزکی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ ، سالمیت اور استحکام کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والے قوم کے محسن ہیں ، شہدا کے ورثا کے حوصلے اﷲ کے فضل و کرم سے جوان ہیں، شعبہ پولیٹیکل سائنسز کے زیر اہتمام”یوم دفاع اور یکجہتی کشمیر” کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں کشمیر کی آزادی کیلئے لڑنا ہے ۔
گورنمنٹ ہائی سکول رندھیر میں جوہڑ کا پانی داخل ،طالبات کو مشکلات
سمبڑیال(نامہ نگار)گورنمنٹ گرلز ہائی سکول رندھیر میں گندا پانی جمع ہونے کی وجہ سے طالبات ،سٹاف کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ سکول کے ساتھ واقع جوہڑ کی سطح بلند ہونے سے پانی اندرد اخل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے سٹاف اور طالبات کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، کئی دنوں سے سکول میں جمع گندے پانی کی وجہ سے بدبو ،مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہورہاہے ۔اہل علاقہ،طالبات نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ سکول سے گنداپانی نکالنے اور جوہڑ کو ختم کرنے کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔
سمبڑیال:کالج طلبہ نے شہر صاف کر نے کی ذمہ داری لے لی
سمبڑیال(سٹی رپورٹر )میونسپل کمیٹی، تحصیل انتظامیہ کی عدم دلچسپی سے شہر بھر میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے ، کالج کے طلبہ پر مشتمل ٹیم نے شہرکو صاف کر نے کا بیڑہ اُٹھا لیا ، یونیفارم اورلوڈر رکشہ کا انتظام بھی کرلیا ۔ سٹی سمبڑیال کے گلی محلوں میں کوڑا کرکٹ پڑا ہوا ہے ، سینٹری ورکر ز نے کام کرنا چھوڑدیا ہے ، ملازمین یونین کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے دباؤ ڈال کر کام کرنے کے بجائے رجسٹر پر حاضری لگا کر غائب ہوجاتے ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر سمیت تحصیل انتظامیہ ان کے سامنے بے بس دکھا ئی دیتی ہے ، کوڑا کر کٹ سے بچے ،نوجوان ،خواتین ، بزرگ بیمار ہورہے ہیں ۔ کالج کے طالبعلموں اور دیگر نوجوانوں پر مشتمل ٹیم نے شہر بھر کی گلیوں ،محلوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کا کام اپنے ذمہ لے لیا ،اس سلسلہ میں انہوں نے یونیفارم بھی بنوا لئے ہیں اورایک لوڈر رکشہ بھی کرایہ پر لے لیا ہے جس سے کوڑا کرکٹ اٹھارہے ہیں ۔شہریوں نے شہر بھر سے صفائی کے اس اقدام کو سراہا ہے ۔
سیالکوٹ :نا معلوم افراد نے پھندا دیکر لاش چھت سے لٹکا دی
سیالکوٹ :ھانہ نیکا پورہ کے علاقہ حبیب پورہ میں گاؤں چنوں موم کے رہائشی نوجوان کو نا معلوم افراد نے زیر تعمیر مکان میں پھندا ڈال کر ہلاک کر دیا ۔ چنوں موم کا رہائشی حافظ غلام عباس راج تھا اور رات کو وہاں پر ہی رہتا تھا۔ گزشتہ روز کام ختم ہونے کے بعد جب مزدور چلے گئے رات کو نامعلوم افراد نے قتل کرکے گلے میں پھندا دیکر چھت سے لٹکا دیا اور فرار ہوگئے ،صبح کے وقت مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی ،اہلکاروں نے لاش کو تحویل میں لیکر نامعلوم ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے ،۔ایس ایچ او محمد عمران کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے ، حقائق جلد سامنے آ جائینگے ۔
چارا کاٹنے پر تنازع ،8 افراد کا باپ بیٹے سمیت 3 افراد پر تشدد
سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )چارا کاٹنے کے تنازع پر8افراد نے باپ بیٹے سمیت تین افراد کو زخمی کردیا۔ تھانہ بیگوالہ کے علاقہ فتح گڑھ میں چاراکاٹنے کے تنازع پر ریاض، نواز، شہباز، اعجاز، عبدالستار سمیت8افراد نے ڈنڈوں کے وار کرکے اکبر علی ،اصغر علی اور بلال کو زخمی کردیا اور فرار ہو گئے ۔ زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
سمبڑیال:زمین کے تنازع پر نوجوان چھریوں کے وارسے شدید زخمی
سمبڑیال (نامہ نگار )زمین کے تنازع پر نوجوان چھریوں کے وارسے شدید زخمی ہو گیا ۔ موضع بھوپالوالہ کے محلہ رحمانیہ میں ملزموں نے مجاہد اور اسکے بھائی عرفان کو شدید زخمی کر دیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔مجاہد نے ایک روز قبل تھانہ سمبڑیال پولیس کو درخواست دی تھی کہ مجھے اور اہلخانہ کو عقیل مہر اور عدیل مہر وغیرہ سے جان کا خطرہ ہے لیکن پولیس کوئی کارروائی نہ کرسکی ۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.