پاکستان

لاہور کی خبریں

نوجوان پاکستانی شیفس کا چائنیز کزین ورلڈ چیمپئن شپ میں تیسرا انعام
لاہور(سٹاف رپورٹر)چین کے شہر دالیان میں ہونے والی چائنیز کزین ورلڈ چیمپئن شپ 2019میں پاکستان کی جانب سے کوتھم کے 4طلبہ اور ایک قومی کلنری ٹیم کے ممبر پر مشتمل 5ممبران کی ٹیم نے کانسی کا تمغہ جیتا۔کوتھم پاکستان اینڈ دبئی اور شیفس ایسوسی ایشن پاکستان نے چائنیز کزین ورلڈ چیمپئن شپ 2019 میں کامیابی حاصل کرنے والوں کو عمدہ کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔یہ تمام تر کامیابیاں ہمارے نوجوان شیفس اور ان کے ٹرینرز کی بدولت ہی ہیں۔
موٹر سائیکل سواروں کا لاہور سے ایران کا 8 ہزار کلومیٹر کا سفر طے
لاہور(سپورٹس رپورٹر )سی آر سی کلب نے نیا ریکارڈ قائم کردیا ۔ 16 موٹر سائیکل سواروں نے لاہور سے ایران اور ایران سے لاہور کا 8000 کلومیٹر کا سفر طے کرلیا ۔ کراس روٹ موٹر سائیکل کلب کے 16بائیکرز نے دو اگست کو لاہور سے اپنے سفر کا آغاز کیا ، تاہم ملتان ، زیارت ، کوئٹہ ، تافتان اور زاہدان سے ہوتے تہران پہنچے جبکہ 25 دنوں میں 8000 کلومیٹر سفر طے کیا اور اپنے سفر کا اختتام لاہور پریس کلب میں کیا ۔ لاہور پریس کلب میں کلب کے چیئرمین مکرم ترین اور صدر سلمان حمید نے کہا سفر کا مقصدسیاحت کو فروغ دینا تھا۔

خانہ بدوشوں کی جھگیوں میں قطرے پلاکر پولیو مہم کا افتتاح
لاہور(خصوصی نمائندہ )ڈی سی صالحہ سعیدا ور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب گرمانی نے شاہدرہ میں خانہ بد وشوں کی جھگیوں میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر چار روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا اور والدین کو پیغام دیا بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں ۔پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر ڈی سی لاہور نے کہا کہ والدین اس موزی مرض سے بچاؤ کے لئے پنے بچوں کو قطرے پلائیں ۔ دریں اثنا پولیو مہم کے دوران ہنجر وال علامہ اقبال ٹاؤن میں ایک خاتون پولیو ورکر گرمی و حبس کی وجہ سے بے ہوش ہو گئی جس کو فرسٹ ایڈ کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا -گزشتہ روز راوی ٹاؤن میں پولیو ورکر کو خاتون کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنا یا گیا اور پولیو قطرے پلانے سے انکار کیا گیا جسکے بعد ٹیموں کی جانب سے اہل علاقہ کو معاملے میں شامل کر کے مسئلہ حل کیا گیا -پولیو کا شکار ہونے والی معذور ڈاکٹر ڈی ڈی ایچ او راوی ٹاؤن پولیو مہم کے لئے سر گرم ہو گئیں ۔ سرگودھا، جہلم اور میانوالی میں بھی مہم کا آغاز ہوگیا ۔
2 ہزار مذید سکولوں کا محدود انتظام غیر ملکی تنظیم کو دینے کا معاہدہ
لاہور( عاطف پرویز سے )محکمہ سکول ایجوکیشن اور بین الاقومی این جی او یونائیڈ وی ریچ کے درمیان صوبے کے دو ہزار سکولوں کا محدود انتظام دینے کا معاہدہ ہوگیا ، پراجیکٹ کا نام سی ڈونٹی ون ہے ۔ معاہدہ کے تحت ان سکولوں کے لئے ٹیکنیکل سپورٹ کی فراہمی اور نصاب کی تیاری بھی مذکورہ این جی او ہی کرے گی ،جدید لیبز قائم کی جائیں گی،سکولوں کا انتخاب این جی او خود کرے گی ،تمام سکول ہائیر سیکنڈری ہونگے اور یہاں پریپ سے پرائمری کلاس تک تنظیم کا تیار کردہ نصاب پڑھایا جائے گا ۔ مرحلہ وار بارھویں جماعت تک نصاب بھی تیار کرے گی ،مانیٹرنگ کے لیے اسسٹنٹ ایجوکیشن افسروں اور اساتذہ کی تربیت بھی این جی او کی گائیڈ لائن کے مطابق ہوگی ، کلاسز میں ٹیبز بھی موجود ہونگے ،والدین کی شکایات درج کرانے کیلئے الگ سے کال سنٹر بنایا جائے گا ۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹری نے کہا سرکاری سکولوں کو این جی اوز کے حوالے کرنے کے بجائے سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانے کا ٹاسک دیا جائے ،اگر این جی اوز اتنا ہی اچھا کام دکھا رہی ہیں تو صوبے کے تھانوں کا کنٹرول بھی ان کے حوالے کردیا جائے ۔وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ابھی کاغذی کارروائی ہورہی ہے ۔
روٹ پرمٹ ، فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی گاڑیوں سے حادثاث بڑھ گئے
لاہور (شبیر حیدر ظفر)پنجاب میں روٹ پرمٹ ، فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کی وجہ سے حادثات میں 38 فیصد تک اضافہ ہو گیا ،بڑی اور دیگر کمرشل گاڑیوں کو روڈ پر لانے سے متعلق ایس او پیز ، سلنڈر ، ٹائرز کی چیکنگ کئے بغیر روٹ پرمٹ جاری ہونے لگے ، ذرائع کا دعویٰ ہے صوبہ میں 72ہزار 210 کمرشل گاڑیاں روٹ پرمٹ کے بغیر رواں دواں ہیں، محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایکسائز قوانین پر عملدآمد کرانے میں ناکام ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی رپورٹ کے مطابق 1لاکھ 78 ہزار 871 گاڑیوں کو روٹ پرمٹ جاری ہوئے ۔لاہور میں سال 2018-2019 میں 21ہزار 979 کمرشل گاڑیوں کو پرمٹ جاری کئے گئے ، لاہور میں 23ہزار 214کمرشل گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں ۔صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹری اقبال چودھری نے کہا ہم گاڑیوں کو ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی اور فٹنس سرٹیفکیٹ جاری ہونے کے بعد روٹ پرمٹ جاری کرتے ہیں ، ڈائریکٹر ایکسائز ریجن سی عمران اسلم نے کہا ہمارے پاس جو گاڑی رجسٹریشن کے لیے آتی ہے صرف اس کا ڈیٹا موجود ہے ۔صوبائی وزیر جہانزیب خان کچھی نے کہا ہمارا محکمہ صوبہ بھر میں جگہ جگہ ناکے لگاتا ہے ،ڈسٹرکٹ آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس کے اشتراک کارروائی کی جاتی ہے ۔
مودی کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے :میاں اسلم اقبال
صوبائی وزیر اطلاعات،ثقافت،صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ مودی کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر، سیاسی نمائندہ )صوبائی وزیر اطلاعات،ثقافت،صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ مودی کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے ۔اسے متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایوارڈ ملنے سے مایوسی ہوئی ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز اپنے کیمپ آفس میں کھلی کچہری کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے ڈیڑھ گھنٹے تک لوگوں کے مسائل سنے اور بعض مسائل کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے ۔دریں اثنا صوبائی وزیرنے گزشتہ روز اپنے حلقے میں ظفر کالونی،سادات کالونی،کالی کوٹھی سمیت مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی کے دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔
ہائیکورٹ : چیف جسٹس نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا
لاہور(کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردا محمد شمیم خان نے گزشتہ روز عدالت عالیہ کے احاطے میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کردیا۔اس موقع پر جسٹس جواد حسن ،رجسٹرار ہمایوں امتیاز ، پی ایچ اے افسر بھی موجود تھے ۔
ڈپٹی کمشنر کاایک موریہ پل اور زیر تعمیر سڑک کا دورہ
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے )ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید نے ایک موریہ پل اور زیر تعمیر سڑک کا دورہ کیا، تحریک انصاف کے رہنما ملک زمان نصیب نے شہریوں کی مشکلات اور ٹریفک مسائل سے آگاہ کیا ۔ڈی سی نے کہا میٹروپولیٹن کارپوریشن کا شعبہ انفراسٹرکچر سڑک کی تعمیر و بحالی کا کام جلد مکمل کرے ،ٹریفک پولیس شہریوں کی مشکلات کو حل کرنے کے لئے انتظامات کو بہتر بنائے ، شعبہ ریگولیشن سڑک سے تجاوزات فوری طور پر ختم کرائے ۔
شہریوں کو پراپرٹی ٹیکس چالان ارسال کرنے کی منظوری
لاہور(اپنے اکنامک رپورٹر سے )پنجاب حکومت نے محکمہ ایکسائز کو پراپرٹی ٹیکس چالان شہریوں کو ارسال کرنے کی منظوری دے دی ،محکمہ ایکسائز نے بھی عملدرآمد شروع کر دیا۔ 2013-14 کے سروے کے مطابق پراپرٹی ٹیکس پر 10فیصد چھوٹ دی گئی ہے ۔ ایکسائز حکام کا کہنا ہے یکم جولائی سے حکومتی منظوری کے منتظر تھے ،لاہور سمیت پنجاب بھر میں پراپرٹی ٹیکس چالان ایک ماہ میں ارسال کردئیے جائیں گے ،محکمہ کو کروڑوں روپے کا ریونیو وصول ہو گا۔
373ماڈل کورٹس 120مقدمات کا فیصلہ
لاہور(کورٹ رپورٹر )پاکستان کی ماڈل کورٹس میں مقدمات کی تیز ترین سماعت کا سلسلہ جاری رہا ۔373ماڈل کورٹس نے گزشتہ روز مجموعی طور پر 120 مقدمات کا فیصلہ کیا، پہلے مرحلے میں قائم کردہ 167 ماڈل کورٹس نے قتل کے 29اور منشیات کے 26مقدمات یعنی55مقدمات کا فیصلہ سنا دیا۔ تمام عدالتوں نے 37گواہوں کے بیانات قلمبند کیے ۔مجموعی طور پر 2مجرموں کو 700روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔
شہریوں کو پراپرٹی ٹیکس چالان ارسال کرنے کی منظوری
لاہور(اپنے اکنامک رپورٹر سے )پنجاب حکومت نے محکمہ ایکسائز کو پراپرٹی ٹیکس چالان شہریوں کو ارسال کرنے کی منظوری دے دی ،محکمہ ایکسائز نے بھی عملدرآمد شروع کر دیا۔ 2013-14 کے سروے کے مطابق پراپرٹی ٹیکس پر 10فیصد چھوٹ دی گئی ہے ۔ ایکسائز حکام کا کہنا ہے یکم جولائی سے حکومتی منظوری کے منتظر تھے ،لاہور سمیت پنجاب بھر میں پراپرٹی ٹیکس چالان ایک ماہ میں ارسال کردئیے جائیں گے ،محکمہ کو کروڑوں روپے کا ریونیو وصول ہو گا۔
جوڑے پل:مرمت نہ ہونے پر 2 واٹرپلانٹ بند،مشینری زنگ آلود
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )شہریوں کو صاف پانی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بنائے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹ متعلقہ اداروں کی عدم توجہی کی نذر ہونے لگے ، جوڑے پل پر لگے کروڑوں کے 2 پلانٹ کی مشینری مرمت نہ ہونے کے باعث زنگ آلود ہو گئی۔ پلانٹ 3 سال سے بند اورشہری صاف پانی سے محروم ہیں۔لاہور نیوز کی نشاندہی پر مسلم لیگ ن کے رہنما وحید گل نے اپنی جیب سے مزدوروں کے لیے صاف الیکٹرک کولر لگانے کا اعلان کردیا۔
پی آئی اے کی پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا ،
لاہور(نیوز رپورٹر، این این آئی )قومی ائیر لائنز کی لندن سے لاہور آنے والی پرواز 758 سے دوران لینڈنگ پرندہ ٹکرا گیا جس کی وجہ سے انجن کو شدید نقصان پہنچا ،پائلٹ نے پرواز کو بحفاظت لینڈ کر الیا،مسافر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں کو روانہ ہوئے ۔بوئنگ 777طیارے کے انجن نمبر ایک کو شدید نقصان پہنچا ۔متبادل جہاز نہ ہونے کی وجہ سے لاہور سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 203 چھ گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی جس پر مسافروں نے ائیرپورٹ پی آئی اے کاؤنٹر پر احتجاج کیا۔ادھرمختلف وجوہات پر قومی ونجی ائر لائنز کی 12پروازیں منسوخ اور 13تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ سعودی عرب سے ابتک 46 ہزار سے زائد حجاج وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔علاوہ ازیں پی آئی اے انتظامیہ نے ایا ٹا قوانین کے مطابق یکم ستمبر سے عمرہ زائرین کو جاری ہونے والی فضائی ٹکٹس پر بغیر ٹیکس ڈالر میں نیا کرایہ نامہ جاری کر دیا۔یکم سے 20 ستمبر تک کراچی سے جدہ، مدینہ جانے والے مسافر بغیر ٹیکس 285امریکی ڈالر ادا کریں گے ،لاہور، اسلام آباد سے جدہ، مدینہ کا کرایہ 315 ڈالر وصول ہوگا۔ملتان اور کوئٹہ سے جانے والے زائرین کے لئے 300 ڈالر کرایہ مقرر کیا گیا ہے ۔پی آئی اے نے نومبر میں ربیع الاول کے دوران لاہور، اسلام آباد سے جانے والے زائرین کے لئے 355 ڈالر کرایہ مقرر کیا ہے جس میں ٹیکسز شامل نہیں ۔
ایف آئی اے :ہزاروں درخواستوں کے التوا سے سنگینی بڑھ گئی
لاہور(راحیل سید )ایف آئی اے زون ون کے بعد زون 2 میں بھی ہزاروں درخواستوں کے التوا کا معاملہ سنگین صورت حال اختیار کر گیا ۔زون 2 نے درخواستوں کو نمٹانے کے لئے زون 1 کے 12 سینئر افسرون کی خدمات حاصل کر لیں ۔درخواستوں کو بروقت نہ نمٹانے والے کسی بھی افسر کے خلاف کوئی کارروائی بھی عمل میں نہیں لائی گئی ۔فیصل آباد سرکل میں 560 گوجرانوالہ سرکل میں 8 سو سے زائد ، گجرات،منڈی بہاؤالدین اورملتان میں بھی مجموعی طور پر سینکڑوں درخواستیں التوا کا شکار ہیں ۔ذرائع کے مطابق چند روز قبل ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نارتھ نے زون 2 کا دورہ کیا اور معاملات خراب ہونے پر فوری طور پر زون 1 سے 4 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سمیت 12 افسروں کو 10 دن کے لئے زون 2 میں ٹرانسفر کیا گیا ۔جبکہ زون 2 میں جانے والے افسروں کو کہا گیا ہے کہ وہ 2 ستمبر کو دوبارہ اپنے زون میں واپس چلے جائیں ،اس ضمن میں ایف ائی اے زون 2 کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جو ابتدائی ویری فیکشن کے لئے جودرخواستیں آئی تھیں انہیں نمٹایا جا رہا ہے جس پر کارروائی کرنا ضروری سمجھا جائے گا ،اس پر باقاعدہ تحقیقات کا آغازکر دیا جائے گا
گورنر پنجاب سے مجلس علماپاکستان کے 37رکنی وفد کی ملاقات
لاہور (خصوصی نمائندہ ،سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے خطیب بادشاہی مسجد مولانا سیدعبد الخبیرآزاد کی قیادت میں مجلس علماپاکستان کے 37رکنی وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ، جس میں ماہ محرم الحرام میں قیام امن اور اتحاد بین المسلمین کو فروغ دینے اور مضبوط بنانے پر گفتگو کی گئی۔گورنر نے کہا اتحاد بین المسلمین کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ،امن کیلئے تعصبات اور نفرتوں کو مٹا نا ہوگا -مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا تمام مسالک اتحاد اور ہم آہنگی کو مضبوط بنائیں۔گورنر نے ایک تقریب میں کہا آرایس ایس کے غنڈوں کو کشمیر میں بساکر مودی جنگ کی بنیا د رکھ رہاہے ، ہم بھی بھارت کو بھرپور جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار ہیں،دنیا کسی بھی صورت کشمیر کے معاملے سے لاتعلق نہیں ہوسکتی ورنہ امن ایک خواب بن کر رہ جائے گا۔
حکومت کس طرح ایک انڈسٹری کو بند کرسکتی ہے :ہائیکورٹ
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں گزشتہ روزپلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے سیکرٹری اور ڈی جی ماحولیات کو آج منگل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ۔جسٹس جواد حسن نے فیصل ملک کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار کی جانب سے وفاقی حکومت ،پنجاب حکومت اور سیکرٹری ماحولیات کو فریق بنایا گیا ۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا پلاسٹک بیگز پر پابندی سے انڈسٹری بند ہو جائے گی، سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک میں پلاسٹک انڈسٹری کے آٹھ ہزار یونٹس کام کر رہے ہیں، ان یونٹس سے 360000 افراد کا روزگار وابستہ ہے ، حکومتی پابندی سے یہ یونٹس بند ہو جائیں گے اور لوگ بے روز گار ہو جائیں گے ۔عدالت پابندی کو کالعدم قرار دے ۔جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دئیے کس طرح حکومت ایک انڈسٹری کو بند کرسکتی ہے ۔
عمارتوں کی تعمیر سے متعلق نئے قوانین میں نقائص کی نشاندہی
لاہور(سٹاف رپورٹر)عمارتوں کی تعمیر سے متعلق نئے قوانین میں نقائص کی نشاندہی کی گئی ہے ، ایک جانب سالانہ کمرشل سرگرمیوں پر پابندی تو دوسری جانب گلی محلوں میں دکانیں بنانے کی اجازت دید ی گئی، ایل ڈی اے زوننگ اینڈ بلڈنگ ریگولیشن 2019 کی منظوری کے بعد اس کے منفی اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ۔ ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہفتے کے روز ہونے والے ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں شریک ایڈیشنل کمشنر نے ایل ڈی اے کے قانون پر تحفظات کا اظہار کیا۔ اس حوالے سے چیف ٹاؤن پلانر ایل ڈی اے طارق محمود نے کہا کہ اپارٹمنٹ بلڈنگ کے رہائشیوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قانون بنایا گیا ہے ۔
حکومت ، شیعہ فیڈریشن مذاکرات کامیاب ، آج کادھرنا موخر
لاہو ر(خصوصی نمائندہ )صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن اور کل مسالک علما بورڈ کے چیئرمین کے آل پارٹیز شیعہ فیڈریشن سے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں ، آج 27 اگست کوگورنر ہاؤس کے باہر دھرنا مؤخر کردیا گیا۔ گزشتہ روز صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن اور کل مسالک علما بورڈ کے سربراہ مولانا محمد عاصم مخدوم نے شیعہ شہریان پاکستان کے سربراہ علامہ وقار الحسنین نقوی سے 27 اگست کے دھرنا کو موخر کرنے کے لئے مذاکرات کیے ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی پنجاب علما ونگ کے سیکرٹری جنرل علامہ اصغر عارف چشتی و دیگر بھی شریک ہوئے ۔آل پارٹیز شیعہ فیڈریشن کے تمام مطالبات جلد پورے کیے جائیں گے ، چیئرمین کل مسالک علما بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم نے کہا کہ صوبائی وزیر اوقاف نے یقین دہانی کرائی کہ سنگترہ قبرستان کی چار دیواری جلد مکمل کی جائے گی ۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close