کھیل

کورونا وائرس:ملتان سلطانز کے تمام کھلاڑیوں کی اسکریننگ کلیئر

رلی روسو اور جیمز ونس فلائٹ آپریشن بند ہونے کے خدشات کے باعث واپس گئے ،حیدراظہر

کراچی(اسپورٹس رپورٹر)پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز کے تمام کھلاڑیوں کی کورونا وائرس اسکریننگ کلیئر آئی ہے اور فرنچائز کے میڈیا منیجر حیدر اظہر کا کہنا ہے کہ حفظان صحت کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے انہوں نے اپنے کھلاڑیوں کو اسکریننگ کے عمل سے گزارا اور آئندہ بھی پی سی بی کی جانب سے جاری کی جانے والی ایڈوائزری پر عمل کرتے رہیں گے ۔حیدر اظہر کے مطابق انہوں نے تمام کھلاڑیوں کو آپشن دیا تھا کہ وہ اسکرین ٹیسٹ کرانا چاہیں تو بتادیں لہٰذا ان کے پلیئرز نے رضاکارانہ طور پر ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا اور شکر ہے کہ تمام پلیئرز اور آفیشلز کلیئر ہو گئے ہیں۔واضح رہے کہ ملتان سلطانز کے پلیئرز اور آفیشلز کو سخت سیکیورٹی میں مقامی اسپتال پہنچایا گیا جہاں انہیں اسکریننگ کے عمل سے گزارا گیا اور کسی بھی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات سامنے نہیں آئیں۔حیدر اظہر نے وضاحت کی کہ ان کے غیر ملکی کھلاڑی رلی روسو اور جیمز ونس اس خدشے کی وجہ سے وطن واپس چلے گئے کہ کہیں فلائٹ آپریشن بھی معطل نہ کردیا جائے تاہم معین علی واپسی کا آپشن دیئے جانے کے باوجود اپنی فیملی کے ساتھ پاکستان میں موجود ہیں جبکہ عمران طاہر اور روی بوپارا نے بھی واپس جانے کی خواہش ظاہر نہیں کی جو ایونٹ میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ متبادل کھلاڑیوں کیلئے قوانین تبدیل ہوئے ہیں لہٰذا انہوں نے فی الحال تجربہ کار بیٹسمین اسد شفیق کی خدمات حاصل کرلی ہیں

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
%d bloggers like this: