Warning: Use of undefined constant REQUEST_URI - assumed 'REQUEST_URI' (this will throw an Error in a future version of PHP) in /home/rcnews/public_html/wp-content/themes/jannah/functions.php on line 74
کورونا : مریض ڈیڑھ لاکھ سے اوپر, اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز خالی, ٹرمپ کا بھی ٹیسٹ - آرسی ویب نیوز
دنیا

کورونا : مریض ڈیڑھ لاکھ سے اوپر, اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز خالی, ٹرمپ کا بھی ٹیسٹ

فرانس میں تمام عوامی مقامات بند ، امریکا میں لاکھوں دفتری ملازمین کو گھروں سے کام کی ہدایت ، یوم دعا ، سارک ممالک کی آج ویڈیو کانفرنس منیلا میں رات کا کرفیو،سعودی عرب کی تمام پروازیں بند ،نیٹو کے سابق سربراہ بھی مریض ،اردن کی مساجد اور چرچوں میں داخلہ روک دیا گیا

روم،لندن،واشنگٹن:کورونا وائر س دنیا کے 145ممالک تک پہنچ گیا،دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد1لاکھ 53ہزار 25تک پہنچ گئی جبکہ 5788افراد ہلاک ہوچکے ہیں ،امریکی صدر ٹرمپ کا بھی کورونا ٹیسٹ ہوگیا،صدر نے آج امریکا میں یوم دعا منانے کا اعلان کردیا،نیویارک میں اقوام متحدہ کا ہیڈ کوارٹرز بھی خالی ہوگیا۔اٹلی میں175،ایران97،سپین 56،فرانس12،امریکا11جبکہ برطانیہ میں 10افراد لقمہ اجل بن گئے ،نمیبیا،وینزویلا،یوروگوائے ،گنی بسائو،موریطانیہ،روانڈا،کینیا ،ٹوگو،کیمرون،گھانا اور کیریبئن جزیرے اروبا میں بھی پہلا مریض سامنے آگیا۔پورے سپین کو آج سے جزوی طور پرلاک ڈائون کیا جائے گا۔کورونا سے بچائو کیلئے سارک رہنما آج سہ پہر ساڑھے چار بجے ویڈیو کانفرنس میں شریک ہونگے ۔یورپ کا سب سے متاثرہ ملک اٹلی ہے ۔پورا ملک گزشتہ پانچ روز سے بند ہے ،اٹلی میں مزید175افراد ہلاک ہوگئے جس سے ہلاکتوں کی تعداد1441تک پہنچ گئی،3497نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد21 ہزار157تک پہنچ گئی،چین کی 9رکنی ڈاکٹرز کی ٹیم مدد کیلئے روم پہنچ گئی۔اٹلی میں اندرون ملک چلنے والی پروازیں بھی بند کردی گئیں۔سپین میں مزید56افراد ہلاک جبکہ1573نئے کیس سامنے آگئے ،جس سے ہلاکتیں 193جبکہ مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر6315ہوگئی۔وائرس کے بڑھتے پھیلائو کو روکنے کیلئے سپین میں 4کروڑ70لاکھ سے زائد آبادی کو کل سے لاک ڈائون کیا جائے گا،ایک حکمنامے میں کہاگیاہے کہ تمام افراد گھر میں ہی رہیں،ایمرجنسی یا کام کے سواباہر نہ نکلیں۔تمام پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند کردی جائے گی۔حکمنامے کے مطابق پیر کی صبح8بجے سے تمام ملک لاک ڈائون کیا جائے گا۔قوی امکان ہے کہ ہسپانوی کابینہ بھی اس کی منظوری دے گی۔میڈرڈ میں نیٹو کے سابق سیکرٹری جنرل جاویئر سولانا بھی وائرس سے متاثر ہوگئے ۔فرانس میں مزید12افراد ہلاک جبکہ 838نئے مریض سامنے آگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد91جبکہ مریضوں کی تعداد4469تک پہنچ گئی۔فرانسیسی صدر نے ملک بھرمیں تعلیمی ادارے کل سے بند کرنے کا اعلان کردیا۔فرانسیسی وزیر برون پوئرسن، 56سالہ سینیٹر گیلئین پانٹل بھی وائر س سے متاثرہوگئے ۔ مشرقی پیرس کی جیل میں موجود ایک قیدی وائر س سے متاثرہوگیا۔فرانسیسی وزیر اعظم نے تمام کیفے ،ہوٹلز اور عوامی مقامات فوری بند کرنیکا اعلان کردیا،برطانیہ سے سپین کیلئے جانیوالی پانچ فلائٹس کو آدھے راستے سے واپس جاناپڑا۔برطانیہ میں مزید10افراد ہلاک ہوگئے جس سے ہلاکتوں کی تعداد21تک پہنچ گئی۔ملک میں 342نئے مریض سامنے آگئے جس سے کل مریضوں کی تعداد1140تک پہنچ گئی۔ شمالی لندن میں نومولود بچہ اور اسکی والدہ بھی وائر س سے متاثر ہوگئے ،لندن سمیت دیگر علاقوں میں مئی میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے گئے ۔لندن میں سپرسٹورز پر خریداری کرنیوالوں کی لمبی قطاریں لگی ہیں،حکومت نے اعلان کیا ہے کہ عوام خوفزدہ نہ ہوں۔نیوزی لینڈ نے باہر سے آنیوالے ہر مسافر کو 14روز کیلئے قرنطینہ میں رکھنے کا اعلان کردیا۔ہالینڈ میں بھی 804نئے مریض سامنے آگئے ۔جرمنی میں کل مریضوں کی تعداد4803ہوگئی جبکہ مرنیوالوں کی تعداد8ہے ۔سوئٹزر لینڈ میں بھی تمام سکول بند کردیئے گئے ،چیک ریپبلک میں ہوٹلز بند کردیئے گئے ۔ ایکواڈور ،یونان اور ناروے میں دو،دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ ناروے میں ایئرپورٹس،بندرگاہیں اور سرحدیں بند کردی گئیں۔کورونا وائرس امریکا کی تمام ریاستوں تک پھیل گیا،ملک میں مزید11افراد ہلاک ہوئے جس سے ہلاکتوں کی کل تعداد56ہوگئی۔2592 مریض ہیں۔امریکا نے یورپ کے بعد برطانیہ اور آئرلینڈ پربھی سفری پابندی عائد کردیں، 20ریاستوں میں46ہزار سے زائد سکول بند کردیئے گئے جس سے 2 کروڑ سے زائد طلبا گھر بیٹھ گئے ،ہفتے کووائٹ ہائوس میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ٹرمپ نے کہاکہ میرا بھی جمعہ کی شب کورونا ٹیسٹ ہوگیا ہے ابھی نتیجے کا انتظار ہے ۔ایک دو روز میں ٹیسٹ کا رزلٹ آجائے گا،انہوں نے کہاکہ برازیلین عہدیدار کے مبتلا ہونے کے بعد ٹیسٹ کا فیصلہ کیا۔صدر نے کہاکہ ہفتے کو میرا درجہ حرارت بھی چیک کیاگیا جو کہ نارمل تھا۔وائٹ ہائوس میں پریس کانفرنس سے قبل ایک بیمار صحافی کو صدر کی پریس کانفرنس میں آنے سے روک دیاگیا۔ادھر وائٹ ہائوس نے کہاہے کہ صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پنس کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے والے تمام افراد کا پہلے بخار چیک کیا جارہاہے ،اپنے ایک ٹویٹ میں امریکی صدر نے آج ملک بھر میں کورونا سے بچائو کیلئے یوم دعا منانے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے خدا کی طرف ہی دیکھاہے ۔ امریکا بھر میں لاکھوں افراد دفاتر جانے کی بجائے گھروں سے ہی کام کرنے لگے ۔ نیویارک میں وائرس سے پہلی ہلاکت ہوگئی،ڈزنی نے امریکا اورپیرس میں اپنے تھیم پارک بند کردیئے ۔ امریکا میں صدارتی امیدوار کے چنائو کیلئے ریاست لوزیانا میں ہونیوالا پرائمری پول بھی ملتوی کردیاگیا۔ امریکی فوج نے اہلکاروں کے بیرون ملک سفر پر پابندیاں لگادیں،ہفتے کو نیویارک کے تھیٹر بند کردیئے گئے ۔امریکی ریاست جارجیا میں نئے 64مریض سامنے آنے کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔امریکا میں برازیل کے سفیر بھی مریض بن گئے ،برازیلی صدر کا وکیل بھی وائر س سے متاثر ہوگیا۔ایشیا میں بھی وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔چین میں کمی کے بعد ایشیا کا اب وائرس سے سب سے متاثرہ ملک ایران ہے ،جہاں مزید97افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد611تک پہنچ گئی۔ ملک میں وائر س کے 1365نئے کیس سامنے آگئے جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد12ہزار729تک پہنچ گئی۔انقلابی گارڈز کے کمانڈر ناصر شعبانی بھی وائرس سے ہلاک ہوگئے ۔جاپان میں مزید62نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد772تک پہنچ گئی۔تھائی لینڈ میں معروف اداکار میتھیوڈین بھی وائرس سے متاثرہوگئے ،فلپائنی صدر کا بھی کورونا کا ٹیسٹ ہوا جو نیگٹو نکلا۔جنوبی کوریا میں کورونا کیسز کی تعداد بتدریج کم ہونے لگی۔مزید5ہلاک ہوئے ،جس سے ہلاکتوں کی تعداد72جبکہ کل مریضوں کی تعداد8086ہوگئی۔چین میں مزید 11نئے مریض سامنے آگئے جن میں سے چار کا تعلق ووہان سے ہے ،13افراد ہلاک ہوئے ۔ جس سے کل ہلاکتوں کی تعداد3189تک پہنچ گئی۔ابھی تک 80ہزار824 افراد زیر علاج ہیں۔بھارت میں کورونا کو ڈیزاسٹر قرار دیکر سخت اقدامات کا اعلان کردیاگیا۔ بھارت میں مریضوں کی تعداد بڑھ کر85ہوگئی۔بھارتی وزیر اعظم کی تجویز پر کوروناوائرس سے متعلق سارک ممالک کی ویڈیو کانفرنس میں شرکت کرے گا، ایک ٹویٹ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا سارک تنظیم کے ارکان ممالک کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جاچکا ہے ، ویڈیو کانفرنس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا پاکستان کی نمائندگی کریں گے ، ویڈیو کانفرنس پاکستانی وقت کے مطابق آج سہ پہرساڑھے 4 بجے ہوگی۔ افغانستان میں مزید چھ کیس سامنے آگئے جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد11تک پہنچ گئی،مقبوضہ کشمیر میں بھی وائر س کے باعث تعلیمی ادارے ،شاپنگ مالز، جمز، سوئمنگ پولز اور تفریحی کلبز 31مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیاگیاہے ۔مشرق وسطٰی میں وائرس تیزی کے ساتھ پھیل رہاہے ،سعودی عرب اور قطر میں مزید17،17مریض سامنے آگئے ،سعودیہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 103 ہوگئی،سعودی عرب نے آج سے تمام انٹرنیشنل فلائٹس بند کرنیکا اعلان کردیا،کویت نے سب فلائٹس روک دیں۔ متحدہ عرب امارات نے لیبیا،عراق اور لبنان کیلئے پروازیں بند کردیں جبکہ تمام طرز کے ویزوں کے اجرا پر 17مارچ سے پابندی عائد کر دی۔دبئی میں پیرس کا مشہور لورے میوزیم،ہوٹلز اور شادی ہال بند کردیئے گئے ۔ ابوظہبی میں شیخ زید مسجد بند کردی گئی۔ سعودی عرب کی مانیٹری ایجنسی نے باہر سے لائی جانے والی تمام کرنسی کو الگ تھلگ کرنے کا عمل شروع کردیا۔عوام سے کہاگیاہے کہ وہ بیرون ملک سے آنے والے ریال بینکوں میں جمع کرائیں۔اردن کی مساجد اور چرچوں میں داخلہ روک دیا گیا۔وائر س کے پھیلائو کے پیش نظر دنیا بھر میں پابندیوں اور سرحدوں کی بندش کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔کولمبیا نے وینزویلا کے ساتھ سرحدیں بند کرنے کا اعلان کردیا،ترکی نے 9یورپی ملکوں کیساتھ پروازیں اور آذربائیجان کیساتھ بارڈر بند کردیا۔فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں رات کا کرفیو نافذ کرکے تمام شاپنگ مالز بند کردیئے گئے ۔افغانستان، جکارتہ ، مصر ،شام اور سوٹئزرلینڈمیں سکول بند کردیئے گئے ۔عراق کے کرد علاقے میں سخت اقدامات کے تحت اربیل اور سلمانیہ کو بند کردیاگیا۔روانڈا میں بھارت سے آنیوالے ایک مریض میں وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد ملک نے بھارت کیلئے تمام پروازیں معطل کردیں۔روس نے پولینڈ،ناروے کے ساتھ اپنے بارڈرز بند کردیئے ۔ متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے کورونا سے نمٹنے کیلئے 27 ارب ڈالر کے معاشی منصوبے کا اعلان کر دیا۔ سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پیش نظر 13 ارب 32 کروڑ ڈالر کے معاشی پیکیج کا اعلان کر دیا۔ شام میں وائرس کے باعث آئندہ ماہ ہونیوالے پارلیمانی انتخابات بھی20مئی تک ملتوی کردیئے گئے ۔سینیگال میں سکول بند جبکہ آزادی کی تقریبات بھی منسوخ کردی گئیں۔ انڈونیشا کے وزیر ٹرانسپورٹ بدی کرایا سمادی بھی وائرس سے متاثر ہوگئے ۔روسی حکومت نے وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے خلاف احتیاطی اقدامات کے طور پرصحافیوں سے کہا ہے کہ اگر وہ کسی بیماری کا شکار ہیں تو سرکاری تقریبات کی کوریج نہ کریں اور صدر پیوٹن اور دوسرے سرکاری عہدیداروں سے دور ہیں۔نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں تمام سٹاف کو گھر سے ہی کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔سٹا ف سے کہاگیاہے کہ وہ انتہائی ضروری کام کے بغیر دفتر نہ آئیں،جس کے بعد اقوام متحدہ کا ہیڈکوارٹرز خالی ہوگیا۔سوئٹزرلینڈ میں کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومتی مدد کیلئے فوج پیر کو تعینات کی جائے گی۔ایپل نے چین میں اپنے تمام 42سٹور کھول دیئے جبکہ امریکا سمیت دنیا بھر میں اپنے سٹور27مارچ تک بند کردیئے ۔شدید نقصان کے بعددنیا بھر کی ایئر لائنز دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گئیں۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
%d bloggers like this: