پاکستان

پولیس میں خالی اسامیوں پر بھرتی کی اجازت دیدی:بزدار

ایگزیکٹو الاؤنس دینے کا جائزہ لیں گے ، گفتگو، شہید کی نماز جنازہ میں شرکت

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے 90شاہراہ قائداعظم پر بہاولپور ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقوں کی ترقیاتی سکیموں اور آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے تجاویز دیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی کے لئے ترقیاتی بجٹ کا 35فیصدمختص کیاگیاہے ۔ جنوبی پنجاب کے فنڈز کسی اور علاقے یا منصوبے کیلئے استعمال کرنے پر پابندی لگا دی ہے ۔ سابق دور میں پسماندہ علاقوں کو جان بوجھ کر ترقی کے سفر سے محروم رکھا گیا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے دور دراز علاقوں کی ترقی پر فوکس کیا ہے ۔انہوں نے مختلف محکموں میں ضلعی سطح پر افسروں اور سٹاف کی کمی جلد از جلد دور کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں منظور شدہ خالی اسامیوں پر بھرتی کی اجازت دے دی ہے ۔پولیس کی نفری پوری ہونے سے امن عامہ کی صورتحال بہتر ہوگی۔ پولیس کو جلد گاڑیاں بھی فراہم کریں گے ۔ سکولوں، کالجوں اور ہسپتالوں میں منظورشدہ خالی ا سامیوں پر بھرتی کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔کیڈر پوسٹنگ کے افسروں کی طرح پولیس کو بھی ایگزیکٹو الاؤنس دینے کا جائزہ لیں گے ۔ انہو ں نے کہا کہ بہاولپور ڈویژن کے اضلاع کو موٹروے سے منسلک کرنے کیلئے رابطہ سڑکیں بنائی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رابطہ سڑکیں بنانے کا پلان مرتب کیا جائے ۔ بزدار نے کہا کہ پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے ۔کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ پہلے بھی دیا، آئندہ بھی دیں گے اور رواں سال گندم کی خریداری کا آغاز گزشتہ سال سے پہلے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منچن آباد کو ترقیاتی منصوبو ں کے حوالے سے ماڈل سٹی بنایا جائے گا۔ ہیڈ سلیمانکی روڈ اور بہاولنگر تا پاکپتن روڈ کی تعمیر و مرمت جلد شروع کی جائے گی۔عثمان بزدار نے بہاولپور ڈویژن کے شہروں اور دیہات میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے کام تیز تر کرنے کا حکم دیا، متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہروں میں نکاسی آب کیلئے سیوریج سکیموں کے منصوبے جلد از جلد شرو ع کئے جائیں۔ بہاولپور میں فرید گیٹ تک سرکلر روڈ پر اوورہیڈ برج اور احمد پور شرقیہ میں ریلوے پھاٹک پر انڈرپاس و پل بنانے کے منصوبوں کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں کی سطح پر کمپیوٹرائزڈ ریونیو ریکارڈ کا پراجیکٹ لایا جائے گا۔ پراجیکٹ میں ابتدائی طور پر 14 قانونگوئی حلقوں میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کئے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے بارتھی میں شہید لانس نائیک عبداللہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہید لانس نائیک عبداللہ کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور ان کے خاندان سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہاکہ لانس نائیک عبداللہ کی شہادت پر پوری قوم کو فخر ہے ۔ عثمان بزدارنے پاکستان سپرلیگ کی تمام ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پی ایس ایل کھیلنے والی ہر ٹیم میری فیورٹ ٹیم ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ اورملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔میچوں میں ٹیموں کی ہار جیت سے قطع نظر، یہ پرامن پاکستان کی فتح ہے ۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
%d bloggers like this: