پاکستان

پاک سری لنکا ٹی ٹونٹی میچز : مکار دشمن کے عزائم ناکام بنانے کیلئے چوکس رہنا ہوگا : بزدار

لاہور،اسلام آباد ( اپنے سیاسی رپورٹر سے ،وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں پاک سری لنکا کرکٹ ٹیموں کے مابین ٹی 20 میچوں کیلئے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مکار دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت چوکس رہنا ہوگا،پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے ،حرف نہیں آنے دینگے ،متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈی نیشن کا مظاہر ہ کرتے ہوئے فرائض سرانجام دیں، دیگر انتظامات بھی اعلیٰ معیار کے ہونے چاہئیں ۔ وہ سری لنکا اورپاکستان کے مابین ٹی 20 سیریز کے میچوں کے حوالے ہونیوالے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے میچوں کے انعقاد کیلئے سکیورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی۔سی ٹی او لاہورنے میچوں کے دوران ٹریفک پلان سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شائقین کرکٹ کیلئے 9پارکنگ ایریاز بنائے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ 13416پولیس و سکیورٹی افسروں و جوانوں کو میچوں کے دوران سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیاجائے گا ۔اجلاس میں شائقین کرکٹ کوپارکنگ ایریا سے سٹیڈیم تک لیجانے کیلئے شٹل بس سروس چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا شائقین کرکٹ کیلئے 68 بسیں چلائی جائیں گی،شٹل بس سروس کے ذریعے شائقین کو پارکنگ سے سٹیڈیم تک آنے اورجانے کی سہولت دیں گے ۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو باکس سکیورٹی دی جائے گی۔میچوں کے پرامن انعقاد کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے ،شائقین کرکٹ کیلئے سٹیڈیم کے اندرا ور باہر انتظامات کو خوب سے خوب تر بنائے جائیں گے ،پنجاب حکومت پاکستان کرکٹ بورڈ کیساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی ،متعلقہ ادارے اورمحکمے بہترین کوآرڈی نیشن کا مظاہر ہ کرتے ہوئے فرائض سرانجام دیں۔عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو میچوں کیلئے سکیورٹی کے انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ نے کہا شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم کے اندر اور باہر بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی،پرامن اور محفوظ ماحول میں میچوں کا انعقاد یقینی بنائیں گے ،میچوں کا پرامن ماحول میں انعقاد پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے ،اس پر حرف نہیں آنے دینگے ،مکار دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے چوکس رہ کر فرائض سرانجام دینا ہونگے ۔وزیراعلیٰ نے میچوں کے دوران موثر ٹریفک پلان پر من وعن عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا میچوں کے باعث شہریوں کو آمدو رفت میں مشکل نہیں ہونی چاہیے ،ٹریفک صرف ٹیموں کی آمدورفت کے وقت بند کی جائے تاکہ شہریوں کوزیادہ دشواری کاسامنا نہ کرنا پڑے ،ٹریفک کے بہترین متبادل انتظامات سے عوام کو باقاعدہ آگاہ کیا جائے گا ،میچوں کے دوران ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینے والے عملے کیلئے کھانے پینے کا مناسب انتظام ہوناچاہیے ۔سٹیڈیم کے اندر اور باہر صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں۔میچ کے دوران سٹیڈیم کے اندر اور داخلی و خارجی راستوں پر بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ بعد ازاں وزیرا علیٰ نے قطر کے سفیر صقر بن مبارک المنصوری سے ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر غور کیا گیا ۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
%d bloggers like this: