پاکستان

ن لیگ اورپی پی سیاسی طور پر مردہ :شیخ رشید

وزیر ریلوے شیخ رشید احمدنے کہاہے ن لیگ اور پیپلزپارٹی سیاسی طور پر مردہ ہو چکی ہیں یہ ڈر پوک لوگ ہیں

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) وزیر ریلوے شیخ رشید احمدنے کہاہے ن لیگ اور پیپلزپارٹی سیاسی طور پر مردہ ہو چکی ہیں یہ ڈر پوک لوگ ہیں ،کورونا پھیلا ہواہے یہ کیا باہر نکلیں گے ،باہر جانے کیلئے مریم نواز اللہ رسول کے واسطے دے رہی ہیں،کورونا کے تدارک کیلئے ریلوے کے تمام ہسپتال اور ڈسپنسریاں حکومت کو دینے کیلئے تیار ہیں۔ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ بزدل لوگ پاکستان سے ڈر کر بھاگے ہوئے ہیں وہ کیا مقابلہ کریں گے ۔مریم نواز باہر نکل کر صرف باہر جانے کاکہہ رہی ہیں ۔وزیر ریلوے کاکہناتھا کورونا وائرس سے سی پیک متاثر نہیں ہوگا ،ایم ایل ون منصوبہ ریلوے کی زندگی ہے ،خدا کیلئے کورونا پر قوم کو خوفزدہ نہ کیاجائے ۔شیخ رشید احمد کاکہناتھا وائرس کے باوجود ریلوے کی ایک سو چونتیس مسافر اور پندرہ فریٹ ٹرینیں ٹریک پر رواں دواں رہیں گی۔ سندھ اور خوشحال خان ایکسپریس کو اس لئے بند کیا کیونکہ بغیر ٹکٹ سفر کرنیوالوں کی گرفت نہیں کر سکے ۔ شیخ رشید کاکہناتھاایم ایل ون کی دس مئی تک ٹینڈرنگ ہو گی ،ایم ایل ون ریلوے کی زندگی و انقلاب کا نام ہے وگرنہ ٹرین نہیں چل سکتی۔وزیر ریلوے نے کہا ورلڈ بینک سے ریلوے کے ہسپتالوں کی بحالی اور پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ ملکر چلانے کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے ۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا تمام سٹیشنوں اور ٹرینوں میں صفائی اور سپرے کے حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ 27اور 28مارچ کوہونیوالی سالانہ سپورٹس بھی منسوخ کی جارہی ہیں ،ہم اس حوالے سے کوئی افراتفری نہیں پھیلاناچاہتے ۔ تین ٹرینیں جناح ایکسپریس ، لاثانی اور فرید ایکسپریس کو پرائیویٹ سیکٹر کو دینے کا فیصلہ کیاہے ،اگلے 8سے 10 روزمیں مزید تین فریٹ ٹرینیں پرائیویٹ سیکٹر کو دے دیں گے ۔اس وقت ملک میں نئی فضا ہے ،وزیر ریلوے شیخ رشید نے لوگوں کو پیغام دیا کہ نہ خوف زدہ ہوں اور نہ افواپھیلائیں، مسلمان کا یہ ایمان ہے کہ جو رات قبر میں ہے وہ باہر نہیں اور جس کا یہ ایمان نہیں وہ مسلمان نہیں ۔شیخ رشید احمد نے کہا ہمارا بہت نقصان ہوتا ہے ہماری ٹکٹیں بلیک ہوتی ہیں لوگ بغیر ٹکٹ سفر کرتے ہیں، خسارے میں چلنے والی ٹرینوں کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم بغیر ٹکٹ سفر کرنیوالے لوگوں پر صحیح شکنجہ نہیں ڈال سکے ۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
%d bloggers like this: