پاکستان

اختیارات کو استعمال کرنا جانتے ہیں اور کریں گے: چیف جسٹس

عدالت آنیوالوں کو آئین میں دئیے حقوق فراہم کریں گے ، پروٹوکول کے معاملے میں کسی نے شرارت کی تو چھوڑیں گے نہیں:جسٹس گلزار،ملتان میں تجاوزات پر اظہار برہمی،کارروائی کا حکم

ملتان (کورٹ رپورٹر،سٹاف رپورٹر، اے پی پی،دنیا مانیٹرنگ)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمدنے کہا ہے ہم جانتے ہیں کہ لوگوں کے حقوق کیا ہیں اور ان کی فراہمی کیلئے ہم آئین میں دیئے گئے اپنے اختیارات کو استعمال کرنا جانتے ہیں اور کرینگے ، شہری حقوق اور ریاستی ذمہ داریاں آئین میں موجود ہیں ۔ جوبھی سامنے آجائے گھبراتے نہیں ہیں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہائی کو رٹ بارایسوسی ایشن ملتان کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جو شخص انصاف اور اپنے حقوق کیلئے سپریم کورٹ آئے گا تو ہم آئین میں دئیے گئے حقوق اس کو فراہم کریں گے ہمارے اندر کوئی کمزوری نہیں ہے ۔ پروٹوکول کے معاملے میں اگرکسی نے شرارت کی تواس کو چھوڑیں گے نہیں ۔ ہمیں اپنے اختیارات کااچھی طرح اندازہ ہے اور اس کواستعمال بھی کریں گے ۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ شہری حقوق اور ریاستی ذمہ داریاں بہت اہم موضوع ہے جس پر مسلسل بحث ہوتی رہنی چاہیے ، ملتان جیسے گرم شہر میں درختوں کی کمی قابل افسوس ہے ۔ شہر کے گردونواح میں رہائشی سوسائٹیوں کے لیے آم کے باغات کاٹے جارہے ہیں۔ملتان انتظامیہ کو اس کے متبادل کیلئے کوئی حل نکالنا چاہیے ۔ اگر انتظامیہ کے پاس کوئی حل نہیں تو پھرہمارے پاس تشریف لے آئے ہم اس کا حل خود نکال لیں گے ۔ ملتان شہر میں سٹریٹ لائٹس بھی بہت کم ہیں۔اس موقع پر سپریم کورٹ کے جج امین الدین خان، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مامون رشید شیخ، سینئر جج محمد قاسم خان و دیگر بھی موجود تھے ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مامون الرشید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کے حقوق میرے دل کے قریب ہیں۔حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عام آدمی کو بہترین سہولیات فراہم کرے ۔بنیادی حقوق صرف آزادی نہیں بلکہ ان کو سہولیات فراہم کرنا بھی ہے ۔ عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اختیارات اور فرائض میں توازن برقرار رکھے ۔ آج سموگ ایک بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے جس کا حل ضروری ہے ۔ قبل ازیں سکیورٹی کے سخت انتظامات میں چیف جسٹس گلزار احمد نے دربار حضرت بہاؤالدین زکریا اور دربار شاہ ر کن الدین عالم پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔چیف جسٹس گلزار احمد نے چلڈرن پارک کا بھی دورہ کیا اور پارک کی خستہ حالت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو صفائی و دیگر انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔ چیف جسٹس نے دورہ کے دوران تجاوزات پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے سی پی او کو قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کاحکم دیا اور کہا کہ قبضہ مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے ۔ چیف جسٹس نے ملتان میں میٹروبس ٹریک کی کھدائی کے ملبے پراظہارتشویش کیا اورمیٹروبس ٹریک کے ملبے کوفوری اٹھانیکاحکم دیدیا۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مامون رشید شیخ و دیگر نے سابق گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی اہلیہ اور ملک آصف رفیق رجوانہ کی والدہ محترمہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
%d bloggers like this: