6

پاکستان سپرہاکی لیگ کا انعقاد اہمیت کا حامل ہے :شہباز سینئر

کراچی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپیئن شہباز احمد سینئر نے کہا ہے کہ پاکستان میں قومی کھیل کے انٹرنیشنل مقابلوں کیلئے پاکستان سپر ہاکی لیگ کا انعقاد ضروری ہے جس میں شرکت متعدد ممالک کے پلیئرز پاکستان آنے کیلئے تیار ہیں۔کراچی کے عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم پر ایسوسی ایٹ سیکرٹری ایاز محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شہباز احمد کا کہنا تھا کہ قومی کھیل کو بلند رکھنا ہے تو قومی پرچم بھی اونچا رکھنا ہوگا اور پاکستان کے ویران میدانوں کو آباد کرنے کیلئے پاکستان سپر ہاکی لیگ کا انعقاد لازمی ہے جس کا 23 مارچ سے لاہور میں آغاز ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ پندرہ سے بیس پلیئرز پاکستان آنے پر آمادہ ہیں البتہ ایونٹ پر دس کروڑ روپے کے اخراجات آئیں گے جس کیلئے حکومت نے بھی فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور جہاں تک پی ایچ ایف کے فرانزک آڈٹ کا تعلق ہے تو وہ ایک،ایک پائی کا حساب دیں گے ۔شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کے پاکستان آنے سے پوری دنیا میں مثبت پیغام گیا کیونکہ انٹرنیشنل پلیئرز نے اپنے ملکوں میں واپس جا کر پاکستان کو کھیلوں کیلئے محفوظ ملک قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ 15 مارچ کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں بحیثیت رکن وہ پاکستان پر عائد دو سالہ پابندی کے خاتمے کا معاملہ اٹھائیں گے اور امید ہے کہ کامیابی مل جائے گی۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی نے پی ایچ ایف پر اعتماد کا اظہار کیا اور ان کا موقف تسلیم کرتے ہوئے کام جاری رکھنے کیلئے کہا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے انتخابات دوبارہ نہیں ہوں گے کیونکہ دو ہزار اٹھارہ میں آئین اور قانون کے مطابق الیکشن کرائے گئے تھے البتہ ناراض لوگوں کو منانے کیلئے دروازے کھلے ہوئے ہیں جبکہ 26فروری کو کانگریس اجلاس میں اہم فیصلوں سمیت اعتماد کا ووٹ بھی لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں