3

پاکستان سری لنکا کا بڑا تجارتی پارٹنر ہے ،صوبائی وزیر توانائی

کراچی (بزنس رپورٹر)صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمدشیخ نے کہا ہے کہ پاکستان سری لنکا کا بڑا تجارتی پارٹنر ہے ، سری لنکا پہلا ملک ہے جس نے آزادی کے بعد پاکستان سے آزاد تجارتی معاہدہ کیا ، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مثالی ہیں ،وہ مقامی ہوٹل میں سری لنکا کے 71واں یوم آزادی اور سری لنکن فوڈ و کلچرل شو کے موقع پر بطور مہان خصوصی اظہار خیال کررہے تھے ۔اس موقع پر سری لنکا کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل ایل جی گنانا تھیوا نے بھی اظہا ر خیال کیا ۔امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ملکر کام کررہے ہیں جبکہ دونوں ممالک ایشیائی تنظیم سارک کے بھی رکن ہیں۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے عوام کی ترقی میں سی پیک اہم منصوبہ ثابت ہوسکتا ہے ۔سری لنکا سی پیک کے ذریعے اپنی تجارت بڑھا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کی تقریبات دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کی ثقافت سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت تجارت کے ساتھ سیاحت اور ثقافت کے شعبے کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی گنجائش ہے ۔اس موقع پر قونصل جنرل نے امتیا ز شیخ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور سری لنکا ایشیا ء کے دو اہم ملک ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم بھی بہتر ہے ۔سری لنکا پاکستان سے مختلف اشیاء درآمد کرتا ہے ،سر ی لنکا سے ناریل اور چائے کی پتی سمیت مختلف اشیاء پاکستان کو بھیجی جاتی ہے ، سری لنکا وہ واحد ملک ہے جس کی چائے کی پتی پوری دنیا میں مشہور ہے اور اس کی بہت مانگ ہے ۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا سے بہت سے ملکوں کو پان بھی برآمد کیا جاتا ہے اور خاص کر ایشیا ئی ممالک پاکستان ،بھارت اور بنگلہ دیش میں سری لنکا کا پان بہت پسند کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا دفاع سمیت تعلیم اور انجینئرنگ کے شعبے میں بھی ایک دوسرے کے مدد گار ہیں۔تقریب کے دوران سری لنکا کے ڈانسنگ گروپ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جس کو شرکاء نے بہت سراہا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں