6

پی سی بی انگلش ٹیم کے دورے کا خواب دیکھنے لگا

پی سی بی2022میں انگلینڈ کے دورئہ پاکستان کا خواب دیکھنے لگا۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز 2022 میں شیڈول ہے، پی سی بی کی خواہش ہے کہ یہ میچز کسی نیوٹرل مقام کے بجائے پاکستان میں ہوں، اگر بورڈ کی کوششیں کامیاب ہو گئیں توانگلینڈ کی ٹیم 2005کے بعد پہلی مرتبہ پاکستانی سرزمین پر ایکشن میں نظر آئے گی۔ایک برطانوی اخبارکو انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ انگلینڈ اس حوالے سے مزید بات چیت کیلیے مکمل تیارلیکن دورئہ پاکستان کیلیے طریقہ کار سے گزرنا ہوگا۔انھوں نے کہا کہ ٹیم سے پاکستان کی آئندہ ہوم سیریز سے قبل انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے پاس تمام معاملات کا جائزہ لینے کیلیے کافی وقت موجود ہے، میں کسی ٹیم کو بھی اس وقت تک آنے کی دعوت نہیں دوں گا جب تک ان کیلیے یہ دورہ محفوظ نہ ہو۔ذرائع کے مطابق احسان مانی رواں ماہ کے آخر میں انگلش بورڈ کے چیئرمین کولن گریوز سے دبئی میں ملاقات کے دوران بھی اس حوالے سے بات کرینگے،اس موقع پر انگلینڈ کو دورئہ پاکستان کی باضابطہ دعوت تو نہیں دی جائیگی تاہم بامقصد مذاکرات کا دروازہ ضرور کھولا جائیگا۔احسان مانی نے کہاکہ دبئی میں ہونیوالی میٹنگ میں ہم دورئہ پاکستان کے حوالے سے انگلش بورڈ کے خدشات اور انھیں دور کرنے کیلیے ممکنہ اقدامات پر بات کریں گے، اس مرحلے کے بعد دورے کی باقاعدہ دعوت دی جا سکے گی،کسی بڑی پیش رفت سے قبل تمام لوگوں کا مطمئن ہونا ضروری ہے۔یاد رہے کہ مارچ میں آسٹریلوی ٹیم سے سیریزکے2میچز کی پاکستان میں میزبانی کی کوشش ناکام ہونے پر پی سی بی رواں سال بنگلہ دیش اور سری لنکا کے دورے کی آس لگائے بیٹھا ہے،اگر ان ٹیموں کی آمد ممکن ہوگئی تو دیگر کو بلانے کیلیے کیس مضبوط ہوجائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں