6

ویسٹ انڈیز کو شکست قومی ویمنز کا ون ڈے سیریز کی ٹرافی پر قبضہ

دبئی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان ویمن ٹیم نے تیسرے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر مہمان ٹیم کے خلاف پہلی بار ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی۔پاکستان ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کو آخری اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کی ۔دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ایک کے سکور پر کائشیا نائٹ کی وکٹ گرنے کے بعد دیندرا ڈوٹن نے کپتان سٹیفنی ٹیلر کے ہمراہ مل کر سکور کو 35 تک پہنچایا جس میں ڈوٹن کا حصہ 28رنز کا رہا لیکن اسی سکور پر رن آؤٹ ہو کر ڈوٹن پویلین لوٹ گئیں۔نصف سنچری بنانے والی ویسٹ انڈین کپتان ٹیلر اور شمین کیمبل نے 52رنز کی شراکت قائم کر کے سکور 87 تک پہنچایا ہی تھا کہ کیمبل کی 26 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔اس کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں ۔ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 159 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی، سٹیفنی ٹیلر نے 52 اور فلیچر نے 23رنز بنائے ،پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ اور نشرہ سندھو نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں سدرہ امین اور ناہیدہ خان نے پاکستان کو 32رنز کا مثبت آغاز فراہم کیا جس کے بعد ناہیدہ پویلین لوٹ گئیں۔ جویریہ خان 24 رنز بنانے کے بعد ٹیلر کو وکٹ دے بیٹھیں جبکہ کپتان بسمہ بھی 5رنز بنا سکیں۔ سدرہ 52 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹیں جبکہ عالیہ ریاض 5 رنز بنا سکیں۔اس کے بعد ثنا میر اور کائنات مرزا نے بغیر کسی نقصان کے ہدف تک رسائی حاصل کر کے پاکستان کو میچ میں 4وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرادیا۔ سدرہ امین کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں