3

مادورو کا تختہ الٹنے کیلئے امریکہ کے وینز ویلا کی فوج سے رابطے

کراکس،بیجنگ (رائٹرز،)صدر مادورو کا تختہ الٹنے کیلئے امریکہ نے وینزویلا کی فوج سے رابطے تیز کر دئیے ۔عبوری صدر نے امریکی مداخلت کوخارج از امکان قراردینے سے انکار کر دیا۔چین نے بحران دستور کی حدود میں رہتے ہوئے مذاکرات سے حل کرنے پر زور دیا ہے ۔وائٹ ہاؤس کے ایک اعلٰی عہدیدار کے مطابق امریکہ نے وینزویلا کی فوجی شخصیات کے ساتھ براہ راست رابطے تیز کر دئیے ہیں تا کہ انہیں صدر نکولس مادورو کی حمایت سے دستبردار کرایاجاسکے ۔امریکی عہدیدار نے نام ظاہر کرنے اور فوجی اہلکاروں سے جاری رابطوں کی تفصیلات کی وضاحت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ وینزویلا کی فوج کے اندر مزید انحراف اور پھوٹ پیدا کر کے مادورو کی حمایت سے فوج کی دستبرداری کی توقع رکھتی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ صدر مادورو پر نئی پابندیوں کی تیاری بھی کی جارہی ہے ۔ادھر وینزویلا کے خود ساختہ عبوری صدر خوان گوئیدو نے اپنے ملک میں امریکی مداخلت کو خارج از امکان قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی مدد سے ہی صدر مادورو کو اقتدار سے الگ کر کے وینزویلا کو بحران سے نکالنا ممکن ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ انسانی جانیں بچانے کیلئے اب ہر چیز ضروری ہے ۔ادھر چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وینزویلا کے سیاسی بحران کے حل کا واحد راستہ مسلسل مذاکرات ہیں، اس کی کوشش کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ چینی حکومت یقین رکھتی ہے کہ وینزویلا کے بحران کا حل وہاں کے دستور کی حدود میں رہتے ہوئے عوام کے ہاتھ میں ہے ۔ یاد رہے چین وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کا قریبی حلیف تصور کیا جاتا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں