5

صنعت و تجارت کیلئے ڈیوٹی ریٹ یکساں کئے جائیں, پاکستان بھر کے چیمبرز کا مشترکہ اعلامیہ

لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے لاہور چیمبر میں ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں صنعت و تجارت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور اس کے مسائل حل کرنے پر زور دیا گیا ،معاشی بحالی و کاروباری آسانیوں کیلئے حکومت کی کاوشوں کو سراہا گیا ہے ۔ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمن سہگل اور تمام چیمبرز کے صدور نے اس موقع پر خطاب کیا اور آئندہ بجٹ کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کیں ۔ مشترکہ اعلامیہ میں اجلاس کے شرکا نے کہا کہ خام مال کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی ختم یا کم ہونی چاہیے ،صنعت او ر تجارت کیلئے ڈیوٹیز کے ریٹ یکساں ہونے چاہئیں تاکہ سمال اور میڈیم صنعتی اداروں کو بھی ترقی کے یکساں مواقع میسر آ سکیں، ریفنڈ کی عدم ادائیگی سرمائے کی قلت کا سبب بن رہی ہے ، پرامسر ی نوٹ کے ذریعے ریفنڈز کی ادائیگی کی سہولت زیرو ریٹڈ سمیت دیگر تمام سیکٹرز کو بھی میسر ہونی چاہیے ۔ نئے صنعتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ صنعتی توسیع کے منصوبوں پر بھی ٹیکس چھوٹ ملنی چاہیے ۔ صوبائی اور وفاقی ٹیکسز کی وصولی کیلئے ایک ہی اتھارٹی ہونی چاہیے ۔ نئی رجسٹرڈ کمپنی خاص طور پر ایس ایم ایز کو تین سال کیلئے تمام ٹیکسز اور لیویز سے استثنیٰ دیا جانا چاہیے ۔ اجلاس سے صدر اٹک چیمبر شاہد زمان، صدر بہاولپور چیمبر مبشر حسین ، صدر چکوال چیمبر ، گجرات ، جھنگ ، سیالکوٹ ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، وہاڑی ، خانیوال ، جہلم، سرگودھا، راولپنڈی، کوہاٹ ، مردان ،سرحد ، سوات ، مہمند ایجنسی ، لوئر دیر ، ایبٹ آباد ، جام شورو ،گلگت اور اسلام آباد چیمبر کے صدور اور عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں