1

علیم خان نے استعفیٰ دیا ،آل شریف میں ایسا نہیں ،فیاض چوہان

لاہور(سپیشل رپورٹر)صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عبدالعلیم خان کی پیشیوں کو آ ل شریف اور آل زرداری کی پیشیوں سے ملانا منظر نامے کا ایک رخ ہے لیکن منظر نامے کا دوسرارخ جوا ٓ ل شریف اور آل زرداری کی نیب میں پیشیوں کے وقت نظر آتا تھا وہ یہا ں نظر نہیں آئے گا،علیم خان نے استعفیٰ دیا ،آل شریف میں ایسا نہیں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے بابراعوان کی صورت میں استعفیٰ دے کر آل شریف کوشرم وحیا کا انجکشن لگانے کی کوشش کی لیکن انہیں کوئی اثر نہیں ہوا۔پھر اعظم سواتی کی صورت میں وزارت سے استعفیٰ دے کرایک بار پھر آل شریف کوشرم وحیاکی گولی کھلائی لیکن انہیں پھربھی کوئی شرم نہیں آئی۔ اب اس صورتحال میں عبدالعلیم خان نے آل شریف کو اور اس کے دواخانے کوآج ایک اور شرم وحیا کاکیپسول دیاکہ اگر کسی حکومتی عہدیدار پر الزام لگ جائے تو اسکااستعفیٰ دینا ہی شرم وحیاکا ثبوت ہوتا ہے ۔میں سمجھتا ہو ں کہ یہ بھی منظر نامے کا ایسا رخ ہے جو آپکوآ ل شریف اور آل زرداری میں نظر نہیں آئے گا۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ آل شریف پر تو الزامات بھی لگ گئے ، ریفر نس بھی ہو گئے ، پراسیکیوشن بھی ہورہی ہے لیکن پھر بھی یہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ لینے کے لئے اتنے بے تاب تھے کہ چمڑی جائے پر دمڑی نہ جائے ۔ادھر فیاض الحسن چوہان نے 17اضلاع سے تعلق رکھنے والے چیئرمین ضلع کونسل کے وفد کے ساتھ ملاقات کی۔17رکنی وفد کے مسائل سنے اور ان کے تحفظات دور کرنے کیلئے تمام دستیاب و سائل برؤئے کار لانے کا یقین دلایا۔جھنگ،بہاولپور،بھکر،ننکانہ، خوشاب ،بہاو نگر،وہاڑی،خانیوال،پاکپتن ودیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے چیئرمینوں ڈسٹرکٹ کونسل کے وفد سے ملاقات میں صوبائی وزیر نے کہا کہ نہ صرف آپ کی آواز کو اعلیٰ قیادت تک پہنچایا جائے گا بلکہ تمام معاملات کو میرٹ پر حل بھی کیا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں