10

محمد عباس سال کی بہترین آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم میں شامل

دبئی(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی نے سال کی بہترین ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیموں کا اعلان کردیا جس میں طویل فارمیٹ کیلئے پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عباس کو قابل غور سمجھا گیا لیکن ایک روزہ کرکٹ کیلئے پاکستانی کھلاڑی یکسر نظر انداز کر دئیے گئے ۔ واضح رہے کہ ویرات کوہلی اپنی کارکردگی کی بدولت دونوں فارمیٹس کیلئے کپتان مقرر کئے گئے اور ٹیسٹ ٹیم میں بھارت اورنیوزی لینڈ کے تین،تین جبکہ ون ڈے سائیڈ میں بھارت اور انگلینڈ کے چار،چار پلیئرز کو سال بھر میں ان کی کارکردگی کے پیش نظر جگہ دی گئی۔آئی سی سی کی سال کی بہترین ٹیسٹ ٹیم میں کپتان ویرات کوہلی کے علاوہ ٹام لیتھم،دیموتھ کرونارتنے ،کین ولیم سن،ہنری نکولس،رشبھ پنت،جیسن ہولڈر،کگیسو ربادا،نیتھن لیون،جسپریت بمراہ اور محمد عباس شامل ہیں۔گورننگ باڈی نے ویرات کوہلی کی زیر قیادت ون ڈے ٹیم میں روہیت شرما،جونی بیئرسٹو،جو روٹ،روز ٹیلر،جوز بٹلر،بین سٹوکس،مستفیض الرحمن ،راشد خان،کلدیپ یادیو اور جسپریت بمراہ کو شامل کیا ہے ۔انگلش بیٹسمین جو روٹ نے ون ڈے ٹیم میں موجودگی پر آئی سی سی اور ووٹنگ جیوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں زیادہ خوشی اس بات کی ہوئی کہ ان کی ٹیم کے تین ساتھی بھی سکواڈ کا حصہ ہیں اور بہترین کارکردگی کیساتھ گزارے ہوئے سال کے سبب لوگوں کی توقعات بلند ہو گئی ہیں جن کو رواں برس ورلڈ کپ میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کریں گے ۔محمد عباس کا کہناہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت بہت بڑااعزازہے جس پر بہت خوش ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں