13

شام:ایرانی اہداف پر اسرائیل کے میزائل حملے ،11 ہلاک

مقبوضہ بیت المقدس (اے ایف پی) دمشق کے نواح میں ایرانی قدس فورس کو نشانہ بنایا ، شامی میزائلوں کا بھی جواب دیا،اسرائیل کا بیان دھمکی دینے والوں کو نتائج بھگتنا ہوں گے ،نیتن یاہو ، اسرائیل کا وجود مٹا دینگے، ایرانی فضائیہ
اسرائیل کے جنگی طیاروں نے شام میں ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا جس سے 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ اسرائیلی فوج کے مطابق شامی دارالحکومت دمشق کے نواح میں ایرانی قدس فورس کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا جو مبینہ طورپر ایرانی پاسداران انقلاب کا ہی ایک یونٹ ہے ۔صہیونی حملے کے بعد شامی اینٹی ایئرکرافٹ میزائل داغے گئے جس کے بعد اسرائیلی فورسز نے مبینہ طورپر شامی دفاعی نظام کو بھی نشانہ بنایا۔ شامی حکومت کے مطابق اسرائیل کی طرف سے فائر کیے گئے زیادہ تر میزائلوں کو شامی اینٹی ایئر کرافٹ نظام نے ہوا میں ہی تباہ کر دیا۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے اسرائیلی حملوں سے 11 افرادکی ہلاکت کی تصدیق کی ہے ۔اطلاعات کے مطابق شامی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے اسرائیل کی طرف فائر کیے گئے 30 سے زائد کروز میزائل اور گائیڈڈ بموں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ دمشق کے جنوب مشرق میں قائم ایک ایئرپورٹ پر اسرائیلی بمباری سے 4 شامی فوجی ہلاک جبکہ 6دیگر زخمی ہوئے ۔دوسری طرف ایرانی ایئرفورس کے سربراہ بریگیڈیئر عزیز ناصرزادہ نے کہا کہ اسرائیل کا وجود دنیا سے مٹا دیا جائیگا۔دریں اثنا اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ گزشتہ روز شام میں اسرائیلی فضائی حملوں کا مرکزی نشانہ وہاں موجود ایرانی فوجی اہداف تھے ۔ نیتن یاہو کے مطابق وہ ایران اور ایرانی جارحیت میں مددگار شامی فورسز کے خلاف عمل پیرا ہیں۔ اپنے خطاب میں اسرائیلی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جو بھی اسرائیل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا یا مٹانے کی دھمکی دے گا اس کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں