6

روس اپنا جدید کروز میزائل نظام تباہ کرے، امریکہ

جنیوا، واشنگٹن(ایجنسیاں)ماسکو عالمی سلامتی کو غیر مستحکم کر رہا ہے ، آئی این ایف معاہدے پر عمل کیاجائے ،رابرٹ وُڈ امریکیوں کو یرغمال بنا نا برداشت نہیں کیا جاسکتا، امریکی وزیرخارجہ کے ٹوئٹ
امریکہ نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنا جدید کروز میزائل نظام تباہ کر دے کیونکہ یہ انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز ٹریٹی(آئی این ایف ) کی براہ راست خلاف ورزی ہے ۔ اقوام متحدہ کے تعاون سے جنیوا میں جوہری ہتھیاروں میں کمی لانے کے معاملے پر ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے امریکی سفارت کار رابرٹ وُڈ نے ماسکو پر یہ الزام بھی لگایا کہ وہ عالمی سلامتی کو غیر مستحکم کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا دنیا بھر میں روسی اقدامات کے سبب تناؤ میں اضافہ ہوا ہے ۔ رابرٹ وُڈ نے زور دے کر کہاروس کو آئی این ایف معاہدے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنے ایس ایس سی آٹھ میزائلوں اور ان سے متعلق تمام آلات کو لازمی طور پر تباہ کر دینا چاہیے ۔ادھر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے الزام لگایا ہے کہ ایران نے متعدد امریکیوں کو بے قصور ہونے کے باوجود یرغمال بنا رکھا ہے جو کہ غلط اقدام ہے ۔انہوں نے ایران سے امریکی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے ۔وزیر خارجہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ 40 سال قبل ایران نے مسلسل 444 دن تک 52 امریکی سفارت کاروں کو یرغمال بنائے رکھا ۔ آج بھی ایران نے امریکیوں کو یرغمال بنا رکھا ہے جسے برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاایران کو سوچ بدلنا ہو گی۔خیال رہے کہ امریکی شہری لیفنسن 9 مارچ 2007ء کو پراسرار طورپر ایران کے جزیرہ کیش سے لاپتا ہوگیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں