15

پہلی بارکراچی کیلئے بڑا پیکیج جلد آرہاہے : سپیکر قومی اسمبلی

ہم اٹھارویں ترمیم کیخلاف نہیں،ساہیوال واقعہ افسوسناک :اسدقیصر،کراچی میں گفتگو
کراچی(خبرایجنسیاں)سپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے کہاہے کہ ہم اٹھارویں ترمیم کے خلاف نہیں ، پہلی بارکراچی کے لئے بڑا پیکیج جلد آرہا ہے ،کراچی کے لئے ٹرانسپورٹ کا پراجیکٹ شروع کرنے والے ہیں،پی ٹی آئی کراچی کے عوام کو بے شمار تحفے دے گی۔کراچی میں پانی کے مسئلے کو حل کریں گے ،ساہیوال کا واقعہ افسوسناک ہے ۔ان خیالات کا اظہارسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فہیم خان کی رہائش گاہ پرکراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ارکان اسمبلی سے ملاقات میں موجودہ سیاسی،معاشی واقتصادی معاملات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہاکہ موجودہ اسمبلی قانون سازی کی اپنی بنیادی ذمہ داری ادا کرے گی اور ریکارڈ تعداد میں قوانین بنائے گی۔انہوں نے کہاکہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے انہیں اس حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے ۔انہوں نے کہاکہ کراچی نے پی ٹی آئی پر جو اعتماد کیا ہے وہ عوامی اعتماد پر پورااترے گی۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں پانی اور سیوریج کے مسائل حل کرنا پہلی ترجیح ہے ،کراچی کو روشنیوں کا شہر اورامن کا گہوارہ بنائیں گے ، کراچی کے لئے ٹرانسپورٹ کا پراجیکٹ شروع کرنے والے ہیں ،پی ٹی آئی کراچی کے عوام کو بے شمار تحفے دے گی ۔ سپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ ہم اٹھارویں ترمیم کے حق میں ہیں اور ہم چاہتے ہیں اس میں مزید بہتری لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کو قانون سازی کے ذریعے عوامی نوعیت کے اہم مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے ، وفاق صوبوں کو درپیش مسائل کے حل اور صوبوں کومکمل بااختیاربنانے میں سنجیدہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کی مضبوطی میں ہی عوامی مسائل کا حل مضمر ہے ،قانون سازی کیلئے پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر کردار ادا کرنا ہو گا،ایوان آئین اورقانون کے مطابق چلے ہماری یہی ذمہ داری ہے ،کسی سیاسی جماعت کو حق نہیں کہ پارلیمانی اہداف کراس کرے ۔انہوں نے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں