12

شٹ ڈاؤن کے خاتمے کے لیے ٹرمپ کی پیشکش ڈیموکریٹس نے مسترد کردی

واشنگٹن (اے پی پی )تارکین کوعارضی تحفظ فراہم کیاجاسکتا ہے ،ڈیموکریٹس کو دیوارکیلئے فنڈکی منظوری دینا ہوگی،امریکی صدر،ٹرمپ مسئلے کے حل کیلئے سنجیدہ نہیں،نینسی پلوسی شمالی کورین سربراہ کم جونگ اُن سے فروری کے آ خر میں دوبارہ ملاقات کروں گا، پیانگ یانگ پر معاشی پابندیاں برقرار رہیں ،ٹرمپ کی صحافیوں سے گفتگو
امریکہ کی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹس نے شٹ ڈاؤن کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کی پیشکش کو مسترد کردیا۔صدر نے پیشکش کی تھی کہ دستاویزات کے بغیر ملک میں رہنے والے تارکین کو عارضی طور پر تحفظ فراہم کیا جاسکتا ہے تاہم اس کے لیے ڈیموکریٹس کو میکسیکو کی سرحد کے ساتھ دیوار کی تعمیر کے لیے 5.7 بلین ڈالر کی منظوری دینا ہوگی۔امریکی صدر نے پیشکش کی کہ بغیر دستاویزات امریکہ آنے والے وہ مہاجرین جنہیں عارضی تحفظ ملنے کا اسٹیٹس حاصل ہے انہیں تین سال کے لیے امریکہ میں قیام کی اجازت ہوگی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اپوزیشن کو اس منصوبے کو مان لینا چاہیے اور یہ عقل کے تقاضوں پر پورا اترتا ہے ۔صدر ٹرمپ نے ڈیموکریٹس پر زور دیا کہ وہ ناکافی سکیورٹی اور فرسودہ امیگریشن نظام کو بہتر بنانے میں مدد کریں ۔انہوں نے کہا کہ میکسیکو امریکہ سرحد پر 5.7 ارب ڈالر کی لاگت سے دیوار کی تعمیر لازمی ہے ۔دوسری جانب ڈیموکریٹس نے صدر کی پیشکش مسترد کردی، ہاؤس اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی کوئی بھی پیشکش قبول نہیں اور وہ انسانی جانوں کے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ طریقے سے کچھ نہیں کر رہے ۔واضح رہے کہ امریکہ میں شٹ ڈاؤن کی وجہ سے تقریباً 8 لاکھ سرکاری ملازمین کام نہیں کر رہے جس کی وجہ سے کئی محکموں کا نظام بری طرح متاثر ہے ۔جاری شٹ ڈاؤن امریکہ کی تاریخ کا طویل ترین شٹ ڈاؤن ہے جو 29ویں دن میں داخل ہوچکا ہے ۔مزید برآں امریکی صدر نے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اْن سے فروری کے آ خر میں دوبارہ ملاقات کریں گے تاہم پیانگ یانگ پر معاشی پابندیاں برقرار رہیں ، صحافیوں سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انکی شمالی کوریا کے سفیر کم یونگ چول سے ملاقات بہت اچھی رہی اور دونوں طرف سے مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں