7

سدھو کی گوردوارہ کرتارپور کے اردگرد عمارتوں کی تعمیر روکنے کی درخواست

اسلام آباد: سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے وزیراعظم عمران خان سے کرتارپور اور بابا گرونانک گوردواروں کی تاریخی عمارتوں کو تبدیل نہ کرنے اور ان کے اردگرد بلند وبالا عمارتوں کی تعمیر کو روکنے کی درخواست کی ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ کرتارپور راہداری نے دو قوموں کو قریب کیا ہے، مثبت اقدام دونوں ممالک کو امن وخوشحالی کی طرف لے جائے گا۔

نوجوت سنگھ سدھو نے خط میں لکھا کہ بابا گرو نانک کی 550 ویں سالگرہ کے انتظامات کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے، لاکھوں عقیدت مندوں کے جذبات اس تاریخی دن سے وابستہ ہیں، ہمیں گوردواروں کے ماضی اور مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے خدمات پیش کرنا ہوں گی۔

سدھو کا مزید کہنا تھا کہ کرتارپور اور گرونانک دربار عقیدت مندوں کی حاضری کے منتظر ہیں، برسوں بعد کرتارپور گوردوارہ حاضری دے کر دل کو سکون محسوس ہو گا۔

انہوں نے لکھا کہ بابا گرونانک دربار کی مقدس سرزمین کو ورثے کا درجہ دیا جانا چاہیے۔ کرتارپور اور ڈیرہ باباگرونانک کے سکون کو برقرار رکھنے کیلئے ہم مل کر اقدامات کر سکتے ہیں۔

سدھو کا کہنا ہے کہ کرتار ور اور باباگرونانک گوردوارہ کے اطراف بلند وبالا عمارتیں بنانے سے گریز کر سکتے ہیں۔ کرتارپور اور بابا گرونانک گوردوارہ کی تاریخی عمارتوں کو تبدیل نہ کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ گوردواروں کے اطراف شاپنگ کمپلیکس، فاسٹ فوڈز کی فروخت کو روکا جائے، گوردواروں کے اطراف لوک فنکاروں اور لوک فن کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں