25

پورٹ الزبتھ میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار , گرین شرٹس نے پروٹیز کے چھکے چھڑا دیئے

پورٹ الزبتھ(سپورٹس ڈیسک)امام الحق کے 86اور مرد میدان محمد حفیظ کے ناقابل تسخیر 71رنز کی بدولت پہلے ون ڈے میں پانچ وکٹوں سے کامیاب ،بابراعظم نے 49رنز کی اننگز کھیلی ،ڈیوانے اولیور کے 2شکار جنوبی افریقہ کی ٹیم ٹاس جیت کر 2 وکٹوں پر 266رنز بناسکی،ہاشم آملہ کی سنچری رائیگاں گئی ،ڈیبیوکرنیوالے ریسی فان ڈیر ڈوسین نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے ،حسن او ر شاداب کی 1،1وکٹ
پورٹ الزبتھ پر حکمرانی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے گرین شرٹس نے پہلے ون ڈے میں پانچ وکٹوں سے کامیابی کی بدولت جنوبی افریقہ کے چھکے چھڑادئیے ،267کے ٹارگٹ کا تعاقب کرتے ہوئے امام الحق کے 86اور مرد میدان محمد حفیظ کے ناقابل تسخیر 71رنز نمایاں رہے ،بابر اعظم نے بھی 49رنزبنائے ،اپنا پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے ڈیوانے اولیور کے دو شکارکسی کام نہیں آ سکے ،اس سے قبل پروٹیز ٹیم ٹاس جیت کر دو وکٹوں پر 266 رنز بنا سکی، جو ون ڈے کرکٹ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محض دو وکٹیں گنوانے والی کسی بھی ٹیم کی جانب سے دوسرا کمتر مجموعہ بھی تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ’’ان چاہے‘‘ ریکارڈ کی مالک پاکستانی ٹیم ہے جس نے عالمی کپ 1992 میں ویسٹ انڈیز کیخلاف دو وکٹوں پر 220 رنز بنائے تھے اور دس وکٹوں سے میچ ہار گئی تھی۔ ہاشم آملہ نے سنچری بنائی جبکہ ڈییبوکرنیوالے ریسی فان ڈیر ڈوسین نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے ۔ سینٹ جارج پارک پورٹ الزبتھ میں 5 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اورمقررہ اوورز میں 2 وکٹوں پر 266 رنز بن سکے، ریزاہینڈرکس 45اورریسی فان ڈیر ڈوسین 93 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ،ہاشم آملہ 108 اور ڈیوڈ ملر16رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔حسن علی اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔پاکستان نے آخری اوور کی پہلی گیندپر 5وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بناکر پورٹ الزبتھ میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار رکھا، واضح رہے یہ پورٹ الزبتھ میں پاکستان کو چوتھا میچ تھا، 3 میں پاکستان جیتا اور ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ پاکستان کی طرف سے امام الحق 86، فخر زمان 25، بابراعظم 49، شعیب ملک 12 اور سرفراز احمد ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے ۔محمد حفیظ نے 63 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 71 رنز ناٹ آؤٹ کی فتح گر اننگزکھیلی ،شاداب خان 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ حفیظ کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز دیاگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں