بھارتی بورڈ کا جواب آ گیا? مختصر سے وقت میں سیریز کا انعقاد ممکن نہیں انوراگ ٹھاکر
 نئی دہلی(اسپورٹس ڈیسک) اگر کوئی مثبت انداز سے اس بات کو سمجھنے کی کوشش کرے تو بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جواب آ گیا ہے اور سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے اس بات کی وضاحت کردی ہے کہ مختصر سے وقت میں سیریز کا انعقاد ممکن ہی نہیں ہے ،ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی حکومت کی جانب سے آئندہ ہفتے اجازت مل جائے تب بھی اتنی کم مدت میں باہمی مقابلوں کا کوئی امکان نہیں ہے ، فیصلہ ہمیں نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرنا ہوگا جسے میچوں کے انتظامات کرنا ہیں،دسمبر کی 19تاریخ ہو چکی لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس بھی اتنا ٹائم نہیں رہا کہ وہ انتظام کر سکے ،دوسری جانب ڈیڈ لائن کی قطار سجانے والے پی سی بی چیف بدستور پر امید کہ انہیں گرین سگنل مل جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریارخان نے تین روز پہلے اس بات کی وضاحت کی تھی کہ وہ اب بھی بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے مجوزہ باہمی سیریزکے حوالے سے باضابطہ جواب کا انتظار کر رہے ہیں اور انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ بھارتی حکومت کی جانب سے انہیں ایک سے دودن میں گرین سگنل مل جائے گا لیکن گزشتہ روز آسٹریلیا کے دورے کیلئے مختصر فارمیٹ کی بھارتی ٹیموں کا اعلان کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی امیدوں کا خون کردیا ہے کہ حقیقت پسندانہ طور پر دیکھا جائے تو مجوزہ باہمی سیریز کے انعقاد کا اب کوئی امکان باقی نہیں رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے بھی سیریز کا انتظام کرنا ’’امپاسبل‘‘ بن چکا ہے کیونکہ اب زیادہ وقت باقی نہیں رہا۔ انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ مختصر سی مدت میں سیریز کا انتظام کرنا ممکن نہیں رہا ہے کیونکہ آئندہ ہفتے تک بھارتی حکومت کی جانب سے سیریز کیلئے اجازت مل بھی جاتی ہے تو اس کم وقت میں سیریز کیلئے انتظامات کرنا انتہائی مشکل کام ہو جائے گا اور ظاہر سی بات ہے کہ یہ انتظامات پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم بارہ جنوری سے آسٹریلیا جا کر سیریز کا آغاز کرے گی اور آج انیس تاریخ ہو چکی ہے لہٰذا یہ ممکن ہی نہیں ہے کہ مختصر سی مدت میں میچوں کا انتظام کیا جا سکے اور ویسے بھی تمام تر بوجھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے کاندھوں پر ہے جو دونوں ممالک کے درمیان دستخط شدہ مجوزہ سیریز کے مطابق میزبان بھی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا اب فیصلہ ان کو نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرنا ہے جسے بھارتی حکومت کی جانب سے اجازت کے بعد فوری طور پر انتظامات کرنا ہوں گے لیکن موجودہ حالات میں اس کا امکان نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے ۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی سیریز کافی عرصے سے درمیان میں لٹکی ہوئی ہے کیونکہ پاکستان کی حکومت نے تو میچوں کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے لیکن بھارتی حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے سبب بی سی سی آئی حکام بھی کچھ کرنے سے قاصر ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بی سی سی آئی کو باہمی مقابلوں کیلئے جو دو مختلف شیڈول ارسال کئے تھے ان کا وقت بھی گزر چکا ہے اور عملی طور پر سیریز کے امکانات ختم ہو چکے ہیں اور خواہ بھارت کی جانب سے باضابطہ جواب موصول نہ ہو لیکن انوراگ ٹھاکر نے اپنا پیغام پی سی بی تک پہنچا دیا ہے کہ ان کی حکومت اپنی بات رکھنے کیلئے شاید آئندہ ہفتے سیریز کی اجازت اس وقت دے گی جب اس کے انتظامات کرنا ہی مشکل ہو جائے گا۔
دونوں ٹیمیں اچھی اور مقابلہ سخت مگر بھارت کو پاکستان پر برتری حاصل ہے انضمام الحق
کراچی(اسپورٹس ڈیسک)سابق قومی کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیمیں اچھی اور ان کے درمیان مقابلہ بھی سخت ہے جن کو باہمی سیریز میں متواتر آمنے سامنے آنا چاہئے لیکن یہ الگ بات ہے کہ بھارت کو پاکستان پر تھوڑی سی برتری حاصل ہے ،ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا میزبان ملک عالمی کپ مقابلوں میں پاکستان کیخلاف کبھی نہیں ہارا اور اب بھی یہ رکاوٹ عبورکرنا باقی ہے ۔ واضح رہے کہ بھارت کو عالمی کپ مقابلوں میں پاکستان پر واضح سبقت حاصل ہے جس نے پچاس اوورز کے فارمیٹ میں چھ،صفر اور ٹی ٹوئنٹی میں چار،صفر سے برتری حاصل کی ہوئی ہے جنہیں آئندہ برس انیس مارچ کو دھرم شالہ میں پھر مقابل آنا ہے اور انضمام الحق محسوس کرتے ہیں کہ میزبان ملک کو پاکستان کیخلاف یہی برتری حاصل ہے ۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی ہر بار ورلڈ کپ میں اس امید کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں کہ وہ اس آسیب کو سر سے اتار پھینکیں گے لیکن اب بھی یہ رکاوٹ عبور کرنا باقی ہے ۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ مختصر فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں بہترین ہیں جن کے درمیان مقابلہ بھی سخت ہوتا ہے مگر بھارت کو پاکستان پر تھوڑی سی برتری حاصل ہے جو ورلڈ کپ میں روایتی حریف کیخلاف کبھی نہیں ہارا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی سیریز بھی تواتر کے ساتھ ہو تو بہتر ہے کیونکہ پندرہ سال قبل جب بھارتی ٹیم پاکستان کے دورے پر آئی تھی تو وہ کپتان تھے اورانہیں یاد ہے کہ دورے پر آنے والے کھلاڑیوں کا پرجوش استقبال کیا گیا تھا اور وہ جس ہوٹل میں بھی کھانے کیلئے جاتے تو وہاں ان سے پیسے نہیں لئے جاتے تھے ۔ ان اک کہنا تھا کہ جب پاکستانی ٹیم بھارت گئی تو ان کے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی اسی طرح کا برتاؤ کیا گیا کیونکہ دونوں ملکوں کے لوگوں میں محبت قائم ہے اور ان کے درمیان میچز کا نہ ہونا کرکٹ کا نقصان ہے ۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ اب قومی ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے بھارت جانے والی ہے تو یقینی طور پر ان کے درمیان باہمی سیریز بھی لازمی ہو گی۔
سابق کپتان وسیم اکرم کی پاکستان سپر لیگ میں ایک اور ذمہ داری
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سابق قومی کپتان وسیم اکرم نے پاکستان سپر لیگ میں ایک اور اہم ذمہ داری قبول کر لی ہے اور اب وہ اسلام آباد کی فرنچائز کیلئے ڈائریکٹر آف کرکٹ کی حیثیت سے بھی فرائض کی انجام دہی کریں گے ۔ ان کا ٹیم انتظامیہ میں انتہائی اہم بلکہ کلیدی کردار ہوگا جبکہ وہ سابق کپتان رمیز راجہ کے ساتھ پی ایس ایل کے برانڈ ایمبیسڈر بھی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ماضی قریب میں وسیم اکرم آئی پی ایل میں کولکتا نائٹ رائیڈرز کیلئے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں جو نہ صرف بالرز کی ٹریننگ بلکہ ٹیم کی مجموعی حکمت عملی کو بھی دیکھیں گے ۔
سنیل جوشی اومان کے اسپن بالنگ کوچ کے عہدے پر فائز ہو گئے
نئی دہلی(اسپورٹس ڈیسک)سابق بھارتی اسپن بالر سنیل جوشی کو آئندہ سال بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے اومان کی ٹیم کا اسپن بالنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے جو ہیڈ کوچ دلیپ مینڈس کے ساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی کریں گے ۔ اومان کی ٹیم آج سے راجکوٹ میں دس روزہ کیمپ کے ساتھ اپنی تیاریوں کا آغاز کرے گی جسے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے کوالیفائنگ راؤنڈز میں بنگلہ دیش، آئرلینڈ اور ہالینڈ کا سامنا کرنا ہے ۔ سنیل جوشی کا کہنا تھا کہ ان کیلئے یہ موقع بہت زیادہ اہم ہے کیونکہ انہیں ایک بڑے ایونٹ کے دوران انٹرنیشنل کرکٹرز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے گا۔
کرس گیل نے بگ بیش لیگ میں ’’گولڈن بیٹ‘‘ متعارف کرا دیا
میلبورن(اسپورٹس ڈیسک)بگ ہٹنگ بیٹسمین کرس گیل نے بگ بیش لیگ میں ’’گولڈن بیٹ‘‘ متعارف کرا دیا اور جب بائیں ہاتھ کے بیٹسمین میلبورن رینی گیڈز کی جانب سے برسبین ہیٹ کیخلاف میدان میں اترے تو شائقین کرکٹ بھی ان کے ہاتھ میں سونے کی طرح چمکتا سنہری بلا دیکھ کر حیران رہ گئے ۔ انہیں اس گولڈن بیٹ سے کھیلنے کیلئے باقاعدہ اجازت طلب کرنا پڑی جو بھارتی کمپنی نے لکڑی سے ہی تیار کیا لیکن اس پر خصوصی گولڈن پینٹ کیا گیا ہے ۔ کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کے مطابق ان کا بورڈ ایسی کسی بھی چیز کے استعمال سے نہیں روکتا جو قانون کے مطابق ہو۔
مائیکل ہسی کا انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں
سڈنی(اسپورٹس ڈیسک)سابق آسٹریلین بیٹسمین مائیکل ہسی کا انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں کیونکہ ان کا خیال ہے کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے بیٹنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کینگروز کی مدد کر کے زیادہ خوشی محسوس کریں گے ۔ مائیکل ہسی نے بگ بیش لیگ کے افتتاحی میچ میں ناقابل شکست 80 رنز بنا کر سڈنی سکسرز کو فتح دلائی تھی۔ انہوں نے آئندہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی خبر پر مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ واپسی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے کیونکہ انہیں یقین ہے کہ ملک میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں اور سلیکٹرز ایونٹ کیلئے بہترین ٹیم بھارت بھیجیں گے ۔
پی ایس ایل:پلیئرز ڈرافٹ میں بیس بال کے کھلاڑی بومر کالنز بھی شامل
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)جنہیں ایونٹ کی انتظامیہ نے سلور کیٹگری میں جگہ دی ہے ۔ذرائع کے مطابق بومر کالنز کو سابق پاکستانی کوچ جولین فاؤنٹین کی سفارش پر اس ’’اعزاز‘‘کا مستحق سمجھا گیا جو خود بھی کوئٹہ کے کوچنگ اسٹاف میں موجود ہیں اور امکان ہے کہ بومر کالنز کو اسی فرنچائز میں شامل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بومر کالنز نے کچھ عرصے پہلے بیس بال کو چھوڑ کر کرکٹ کا انتخاب کیا ہے جو ایک ہفتے میں محض ایک ہزار ڈالرز ہی کما سکتے تھے جو اب کرکٹر نہ ہونے کے باوجود سلور کیٹگری کی مراعات کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے ۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس طرح کے فیصلوں سے پی ایس ایل کی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے۔

قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ زین عباس کی سنچری نے کے آر ایل کو ناکامی سے بچالیا
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر ایٹ مرحلے کے تینوں میچز ڈرا ہوگئے ۔ کے آر ایل کی ٹیم زین عباس کی شاندار سنچری کی بدولت شکست سے بچ نکلی اور سوئی ناردرن گیس عمدہ کوشش کے باوجود میچ جیتنے میں ناکام رہی۔ واپڈا کی ٹیم بھی لاہور بلیوزکیخلاف فالو آن کے باوجود میچ بچانے میں کامیاب رہی۔ کراچی وائٹس اور سوئی سدرن گیس بدقسمتی سے میچ کو فیصلہ کن نہ بناسکیں۔ گروپ اے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کے آر ایل اور سوئی ناردرن گیس کا میچ نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا۔ چار روزہ میچ کے آخری دن سوئی ناردرن گیس جسے میچ جیتنے کیلئے 221 رنز کا ہدف ملا تھا آٹھ وکٹوں پر 193 رنز بناسکی۔ عمران بٹ 77 رنز بنانے کے باوجود ہدف کا حصول ممکن نہ بناسکے ۔ صدف حسین نے تین کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ قبل ازیں کے آر ایل کی ٹیم 361 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ زین عباس نے 133 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ عثمان ارشد نے 85،علی ندیم نے 55 رنز بنائے ۔اسد علی نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں واپڈا اور لاہور بلیوز کا میچ ڈرا ہوگیا۔ واپڈا کی ٹیم پہلی اننگز میں 315 رنز بناکر فالو آن کا شکار ہوگئی۔ حیدر علی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ فالو آن کے بعد واپڈا نے تین وکٹوں پر 105 رنز بنائے تھے کہ امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ گروپ بی میں حیدر آباد کے نیاز اسٹیڈیم پر کراچی وائٹس اور سوئی سدرن گیس کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا۔ سوئی سدرن گیس جسے میچ جیتنے کیلئے 282 رنز کا ہدف ملاتھا ’’دو چار ہاتھ جبکہ لب بام رہ گیا‘‘ کے مصداق 9 وکٹوں پر 275 رنز بناسکی۔ عمر امین کے 91رنز 16 چوکوں سے مزین تھے مگر کامیابی کیلئے ناکافی رہے جبکہ عثمان لیاقت نے 81 رنز کی اننگز میں ایک چھکا اور 10 چوکے جڑے ۔ شعیب خان نے چار مہرے کھسکائے ۔ قبل ازیں کراچی وائٹس نے اپنی دوسری اننگز 323/5 کے اسکور پر ڈیکلیئرڈ کر دی تھی۔ محمد وقاص 164 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جنہوں نے اپنی دلکش اننگز میں دو چھکے اور 20 چوکے لگائے ۔ فیصل اقبال نے بھی شاندار سنچری اسکور کی جو 15 چوکوں کی مدد سے 107 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔ محمد عرفان اور تابش خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان سپر لیگ آئیکو ن پلیئرزلسٹ سے اخراج پر یونس خان اور مصباح الحق ناراض
 کراچی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کا خواب ایک جانب حقیقت کا روپ دھارنے جا رہا ہے تو دوسری طرف تنازعات نے بھی سر اٹھانا شروع کر دیا ہے ،پاکستان کے سرفہرست کھلاڑی اور سابق کپتان یونس خان کے ساتھ ہی مصباح الحق بھی ایونٹ کیلئے منتخب آئیکون پلیئرز کی فہرست سے اخراج پر ناراض ہیں،معلوم ہوا ہے کہ دونوں سینئر کھلاڑی منتظمین کی جانب سے اس سلوک پر خوش نہیں جنہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو یہ پیغام بھی ارسال کر دیا ہے کہ انہیں فرنچائز میں لیڈرشپ پوزیشنز نہ دی گئیں تو وہ ایونٹ سے دستبردار ہو جائیں گے ، سینئرکھلاڑیوں کو شکایت ہے کہ انہیں قومی ٹیم کی نمائندگی کے باوجود نظر انداز کیا گیا کیونکہ ٹاپ درجہ بندی میں شامل کیون پیٹرسن ،کرس گیل اور شین واٹسن تو اب اپنی نیشنل ٹیموں کی متواترنمائندگی بھی نہیں کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا ایونٹ جیسے جیسے قریب آ رہا ہے اس کے ساتھ ہی تنازعات کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے اور اس حوالے سے پہلی آواز پاکستان کے صف اول کے کھلاڑیوں یونس خان اور مصباح الحق کی جانب سے اٹھائی گئی ہے جو پی ایس ایل کی آئیکون پلیئرز لسٹ سے اپنا نام نکالے جانے پر برہم ہیں ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے پانچ آئیکون پلیئرز کا فیصلہ کیا تو اس میں موجودہ ٹیسٹ کپتان اور سابق قائد یونس خان کو نظر انداز کر کے دو ایسے کھلاڑیوں کو آئیکون کا درجہ دے دیا جنہیں اب ان کے اپنے ملکوں کی ٹیمیں بھی نہیں کھلاتی ہیں۔ دلچسپ ترین بات یہ ہے کہ یونس خان کی زیرقیادت 2009ء میں پاکستانی ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا واحد اعزاز جیت چکی ہے جبکہ مصباح الحق بھی اسی ٹورنامنٹ میں کپتانی کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں اور اب بھی اس فارمیٹ کی کرکٹ میں کسی نہ کسی سطح پر کھیل رہے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے علم ہوا ہے کہ دونوں کھلاڑی اس سلوک پر خوش نہیں ہیں اور اس بات کی بھی نشاندہی ہوئی ہے کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو یہ پیغام بھی ارسال کر دیا ہے کہ اگر انہیں فرنچائز میں لیڈرشپ پوزیشنز نہ دی گئیں تو وہ ایونٹ سے دستبردار ہو جائیں گے ۔یاد رہے کہ یونس خان تو پہلے ہی عوامی سطح پر پاکستان سپر لیگ میں کوئی اہم کردار نبھانے میں دلچسپی کا اظہار کر چکے ہیں جن کا کہنا تھا کہ انہیں یہ بات پسند آئے گی کہ انہیں پی ایس ایل میں کوئی لیڈرشپ پوزیشن دی جائے کیونکہ وہ کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلنے کے ساتھ ہی کپتان اور رہنما کا کردار بھی نبھانا چاہتے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے تو ملک کے ایک اور صف اول کے کھلاڑی اور سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ کو بھی آئیکون پلیئرز کی فہرست میں شامل نہیں کیا ہے ۔کوئٹہ کی فرنچائز خریدنے والے ندیم عمر کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کی پانچ فرنچائز ٹیمیں اس فہرست سے ایک،ایک آئیکون پلیئر کا انتخاب کر سکتی ہیں جس میں کرس گیل، کیون پیٹرسن، شین واٹسن، شعیب ملک اور شاہد آفریدی شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک آئیکون پلیئر کے حصول کے بعد فرنچائز پلاٹینم،گولڈ ،سلور اور ایمرجنگ کیٹگریز سے دیگر کھلاڑیوں کو منتخب کر سکیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان اور مصباح الحق اس بات پر اپ سیٹ ہیں کہ انہیں نظر انداز کر کے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرس گیل،شین واٹسن اور کیون پیٹرسن کو آئیکون کھلاڑیوں میں شامل کر لیا ہے کیونکہ کیون پیٹرسن کو دنیا کی کسی اور لیگ میں یہ اسٹیٹس حاصل نہیں اورانہیں انگلینڈ نے بھی ایک سال سے زائد عرصہ ہوا سائیڈ لائن کر رکھا ہے ۔ دوسری جانب شین واٹسن بھی ریٹائر ہو چکے ہیں جنہیں آسٹریلیا کیلئے فرائض کی انجام دہی سے فارغ کر دیا گیا جبکہ ان کے مقابلے میں مصباح الحق اور یونس خان اب بھی ٹیسٹ معیار پر فعال ہی نہیں بلکہ کامیاب ترین بیٹسمین سمجھے جاتے ہیں۔ دلچسپ ترین بات یہ ہے کہ بھارتی میڈیا میں جہاں ایک جانب یہ خبر نمایاں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی وہاں دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کو یہ مشورہ بھی دے دیا گیا ہے کہ یہ بات کھیل کے وسیع تر مفاد میں ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ میں کھیل کر اپنی کرکٹ کا بھرپور لطف اٹھائیں بجائے اس کے کہ وہ خود کو نظر انداز کئے جانے پر عدم اطمینان اور ناراضی کا اظہار کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے منتخب کردہ آئیکون کھلاڑیوں کی ساکھ پر پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے انگلیاں اٹھنے سے ایونٹ کے معیار پر بھی حرف آ سکتا ہے لہٰذا اس سے بچاؤ کیلئے پہلے سے ہی پانچوں آئیکون کھلاڑیوں کی تعریفوں میں زمین و آسمان کے قلابے ملائے جانے لگے ہیں حالانکہ ان میں سے سوائے کرس گیل کے اب مختصر فارمیٹ میں کوئی کھلاڑی بھی فتح گر نہیں کہا جا سکتا ہے
ویرات کوہلی نے میسی،رونالڈو اور دھونی کو مات دے دی
نئی دہلی(اسپورٹس ڈیسک)بھارتی ٹیسٹ کپتان ویرات کوہلی نے لائنل میسی،کرسچیانو رونالڈو اور مہندر سنگھ دھونی جیسے کھلاڑیوں کو بھی مات دے دی جب وہ 2015ء میں گوگل انڈیا پر سب سے زیادہ سرچ کئے جانے والے کھلاڑی قرار پائے ۔ متواتر دو ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد بھارتی ٹیسٹ کپتان ویرات کوہلی کی قسمت عروج پر ہے جنہوں نے گوگل انڈیا پر اپنی حکمرانی قائم کرتے ہوئے میسی،رونالڈو اور دھونی کے علاوہ نوواک جوکووچ اور راجر فیڈرر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔کوہلی اور میسی کے بعد سابق بھارتی بیٹسمین سچن ٹنڈولکر آل اسٹارز سیریز کی بدولت تیسرے نمبر پر رہے جبکہ ثانیہ مرزا ساتویں نمبر پر رہیں۔
ڈیڈلائن پر ڈیڈلائن پی سی بی بھارتی حکومت کی کلیئرنس کیلئے بدستور پرامید
نئی دہلی(اسپورٹس ڈیسک)باہمی سیریز کیلئے انتظار کے کھیل میں مصروف پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام ڈیڈ لائن پر ڈیڈ لائن دیئے جا رہے ہیں اور ان کی امید ٹوٹ کر بھی ٹوٹنے کا نام نہیں لے رہی،وہ اب بھی بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ’’کلیئرنس‘‘کیلئے پرامید ہیں اور چیئرمین شہریارخان کا کہنا ہے کہ وہ بدستور تحریری جواب کا انتظار کر رہے ہیں کیونکہ موجودہ صورت حال میں اس کے سوا کچھ نہیں کر سکتے تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کو بعد میں کھیلنا ہے تو پھر وہ کوئی تجویز تو دے ۔ پی سی بی کے سربراہ شہریارخان نے بھارتی میڈیا سے بات چیت میں ایک بار پھر یہ کہنے سے گریز نہیں کیا کہ وہ بی سی سی آئی کی جانب سے تحریری جواب کا انتظار کر رہے ہیں اور انہیں اب بھی اس بات کی امید ہے کہ ایک سے دو دن میں بھارت کی جانب سے باہمی سیریز کیلئے گرین سگنل مل جائے گا۔ سیریز کے امکانات کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وہ تاحال جواب کے منتظر ہیں۔ واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے سری لنکا میں تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کیلئے دو ممکنہ شیڈول بی سی سی آئی کو بھیجے گئے تھے جن کے مطابق سیریز کا انعقاد پندرہ دسمبر سے چار جنوری اور یا پھر انیس دسمبر سے چار جنوری تک ہونا تھا۔واضح طور پر یہ اتنا کم وقت ہے کہ اس میں سیریز کا انتظام کرنا آسان نہیں کیونکہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورے پر بھی جانا ہے ۔ آئندہ کسی تاریخ پر سیریز کے حوالے سے شہریارخان کا کہنا تھا کہ اس وقت جو صورتحال ہے اس میں کچھ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اگر دونوں ممالک آئندہ کسی تاریخ پر کھیلنا چاہتے ہیں تو بھارتی کرکٹ بورڈ اس حوالے سے کوئی تجویز بھیجے کیونکہ وہ اب بہت زیادہ انتظار کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے انکار کی صورت میں ان کا لائحہ عمل کیا ہوگا یہ قبل از وقت بات ہو گی کیونکہ انہیں تو آج بھی مثبت جواب کی توقع ہے اور دیکھیں کہ پھر کیا ہوتا ہے ۔
شاہد آفریدی کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں انتہائی سخت مقابلوں کی توقع
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا ڈرا سخت ہے جس سے قومی کرکٹرز کو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی بھرپور تحریک ملے گی اور وہ سات سال کے بعد ٹائٹل دوبارہ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹائٹل کی جنگ میں وہ میزبان ملک بھارت کو بھی ہرائیں گے ۔ ایک سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ تاریخ اس مرتبہ بدلے گی اور قومی ٹیم بھارت کیخلاف عالمی کپ کا میچ جیت لے گی۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کے میچز میں بھارت سے ہارنے کی وجہ اپنی غلطیاں ہوتی ہیں جن پر قابو پانے کی ضرورت ہے ۔ شاہد آفریدی کے مطابق اس وقت قومی ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں کیونکہ انگلینڈ کیخلاف سیریز گنوائی جا چکی ہے لیکن اس دوران قومی کرکٹرز نے اسکول کے بچوں والی غلطیاں کیں جس کے سبب مقابلہ کرنے پر بھی شکست ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ان کوتاہیوں سے گریز ہی فتح دلائے گا جبکہ اس ٹورنامنٹ سے قبل کھیلے جانے والے میچوں میں کھلاڑیوں کو بھرپور موقع ملے گا کہ وہ خود میں بہتری پیدا کریں۔امید ہے کھلاڑی اچھی کارکردگی کا سلسلہ عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ تک برقرار رکھیں گے
شعیب ملک بھی سزا یافتہ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کیلئے تیار
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) لندن اسپاٹ فکسنگ کیس کے سزا یافتہ کرکٹر محمد عامر کو اپنے ہم وطن کرکٹرز کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا سہی لیکن اب کچھ کرکٹرز ان کی حمایت میں بھی سامنے آ گئے ہیں جس میں تازہ ترین اضافہ سابق کپتان شعیب ملک بھی ہیں جن کا کہنا ہے کہ محمد عامر نے جو کچھ بھی کیا اس کی سزا بھی اسے مل چکی لہٰذا اب اس کے ساتھ کھیلنے پر انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کچھ کرکٹرز کو ان کی پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی پر تحفظات ہوں لیکن انہیں محمد عامر کے ساتھ دوبارہ کھیلنے میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے ۔ایک غیر ملکی ویب سائٹ سے بات چیت کے دوران قومی آل راؤنڈر نے کہا کہ محمد عامرنے جو غلط کام کیا تھا وہ اس کی سزا بھی مکمل کر چکا اور اگر حکام سمجھتے ہیں کہ محمد عامر اور سلمان بٹ یا محمد آصف سزا پوری کرنے کے بعد ٹیم میں آسکتے ہیں تو انہیں بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ وہ پی سی بی حکام کے ہر فیصلے کا احترام کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر اس وقت کم عمر بھی تھا لہٰذا اس بنیاد پر بھی اسے معاف کر دینا چاہئے کیونکہ جب اللہ تعالیٰ نے معافی کا حکم دیا تو وہ کون ہوتے ہیں کہ اس بارے میں کوئی فیصلہ کریں۔

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی ٹرافی11 جنوری کوپاکستان میں جلوے بکھیرے گی

415089-TTrophyWeb-1449978248-796-640x480
لاہور (نیو ڈیسک )آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی ٹرافی کے سفر کا آغاز آج اسکاٹ لینڈ سے شروع ہو گا جو مختلف ممالک سے ہوتی ہوئی 11 جنوری کوپاکستان میں جلوے بکھیرے گی۔تفصیلات کے مطابق بھارت میں آئندہ برس مارچ میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ ٹی20کی ٹرافی اتوار کو ممبئی سے عالمی ٹور پر روانہ ہوگی، پہلی منزل اسکاٹ لینڈ ہے۔ وہاں سے آئرلینڈ جانے کے بعد 2010 ایڈیشن کے فاتح انگلینڈ لے جایا جائے گا، پھر نیدرلینڈ آمد کے ساتھ یورپ کا دورہ 21 دسمبر کو مکمل ہوگا، نئے سال کے ا?غاز میں 2 اور 3جنوری کو ٹرافی زمبابوے میں شائقین کی توجہ کا مرکز بنے گی، جنوبی افریقہ میں قیام 5 اور 7 تاریخ کو ہونا ہے، طویل مسافت کے بعد 2009 کے چیمپئن ملک پاکستان آمد پر برصغیر کا ٹور شروع ہوگا، یہاں کرکٹ کے پرستار 11 اور 12 جنوری کو اس کا دیدار کرینگے، ایک روزہ وقفے کے بعد بنگلہ دیش میں سفر شروع ہوگا۔دفاعی چیمپئن سری لنکا میں ٹرافی 17 اور 18 کوجائیگی، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کا دورہ 21 سے 31 جنوری تک ہوگا، ان میں سے 4 روز کیویز اور 6 دن کینگروز کے دیس میں گزریں گے۔ ورلڈ ٹور کے دوران ٹرافی کو میزبان ملکوں میں جاری ڈومیسٹک و انٹرنیشنل میچز کے دوران اور عوامی مقامات پر نمائش کیلیے رکھا جائیگا۔رونمائی کے حوالے ہر ملک کا کرکٹ بورڈ اپنی سہولت کے مطابق پروگرام ترتیب دے سکتا ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ ٹرافی کے ٹور سے میگا ایونٹ کی تشہیر اور شائقین کا جوش و خروش بڑھانے میں مدد ملے گی۔ یاد رہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی8مارچ سے3 اپریل تک بھارت میں منعقد ہوگا۔

پی ایس ایل،ٹیم پشاور کے اقدام نے پورے پاکستان میں دھوم مچا دی

15-5
پشاور(آن لائن)پشاور سے پاکستان سپر لیگ کے لئے پہلی ٹیم کا لوگو آرمی پبلک سکول کے شہدائ سے منسوب کر دیا گیا ہے۔ زمبابوے کے اینڈی فلاور ٹیم کے کوچ مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ ٹیم کو اے پی ایس شہداء سے منسوب کرنے پر سکول کے بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ لوٹ آئی۔تفصیلات کےمطابق پاکستان سپر لیگ میں شامل پشاور کی ٹیم کے لوگو اور نام کی تقریب رونمائی کے لئے آرمی پبلک سکول کا انتخاب کیا گیا۔ پاکستان کے سابق ہیڈ کوچ محمد اکرم اور ٹیم کے مالک جاوید آفریدی نے تقریب کی رونمائی آرمی پبلک سکول کے بچوں سے کرائی۔ بچوں کا کہنا تھا کہ پاکستان سپرلیگ کی پہلی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کو اے پی ایس کے شہداء سے منسوب کرکے ان کے دل جیت لئے ہیں۔ٹیم کے مالک کا کہنا تھاکہ پشاور زلمی خپل ٹیم کو اے پی ایس کے شہداء سے منسوب کرنے کا مقصد بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ واپس لانی تھی۔شرکائ کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک تقریب نہیں بلکہ کامیابی کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔

شہریارخا ن کے ایک اوریوٹرن نے پاکستانیوں کوحیران کردیا

409982-SHEHRIYARKHANNEW-1448310859-574-640x480
لاہور(نیوزڈیسک) چیرمین پی سی بی شہریار خان نے بھارت سے کرکٹ سیریز کی پھر امید باندھتے ہوئے کہا کہ ہمیں اب تک کوئی حتمی جواب موصول نہیں ہوا لیکن ہم تھوڑا سا انتظار اور کریں گے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کا کہنا تھا کہ بھارت سے اب بھی سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہیں اور ہم اپنا کام مکمل کرچکے ہیں تاہم بھارت کی جانب سے سیریز سے متعلق اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت سیریرکے انعقاد کے لیے ہرممکن کوشش کی اور ہمارے پاس وقت نہیں ہے لیکن اس کے باوجود بھارتی حکومت گرین سگنل دے تو ہم اب بھی کھیلنے کے لیے تیار ہیں جب کہ جائلز کلارک فون کر کے آج ہمیں بتائیں گے۔شہریار خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے 4 دن پہلے بھی بی سی سی آئی کو یاد دلایا کہ وقت کم ہے تاہم انگلش کرکٹ بورڈ کے سربراہ جائلز کلارک نے مجھے فون کرکے بتایا کہ وہ آج بھارتی بورڈ سے حتمی جواب طلب کریں گے کیوں کہ اب مزید انتظار کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت سیریزسےمتعلق حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے اور دونوں حکومتوں کی اجازت کے بعد ہی پاک بھارت سیریز آگے بڑھ سکتی ہے۔

پاکستان سپرلیگ ، کون سی فرنچائزشاہد آفریدی کوخریدناچاہتی ہے ؟

Afridi_1912013f
کوئٹہ((نیوزڈیسک)پاکستان میں کھیلوں کی دنیا کا مشہور نام اور پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں کوئٹہ کی فرنچائز کے مالک ندیم عمر نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان اور آل راوٴنڈر شاہد آفریدی کو اپنی ٹیم کا حصہ بنانے کی خواہش ظاہر کردی ۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ شاہد آفریدی اپنی جارحانہ بیٹنگ اور شہرت کی بدولت دنیا میں کسی بھی جگہ بڑی تعداد میں لوگوں کو میدانوں کا رخ کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں لہٰذا پاکستان سپر لیگ کی مہم سر کرنے کیلئے شاہد آفریدی پہلے کھلاڑی ہوں گے جسے کوئٹہ کی ٹیم اپنے اسکواڈ میں شامل کرے کی کوشش کریگی۔4 فروری سے شروع ہونے والی لیگ کیلئے انتہائی پرجوش ندیم عمر نے کہا کہ وہ کوئٹہ کی ٹیم کو مضبوط دستے کی شکل دے کر قومی سطح پر نظر انداز کیے گئے صوبہ بلوچستان کو پاکستان کرکٹ میں منظر عام پر لانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ جب انڈین پریمیئر لیگ شروع ہوئی تو کوئی بھی راجستھان رائلز کی ٹیم کو سنجیدگی سے لینے کیلئے تیار نہ تھا تاہم انہوں نے افتتاحی سیزن میں سب کو حیران کرتے ہوئے چیمپیئن کا تاج سر پر سجا لیا۔ندیم عمر نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اسی طرز پر پی ایس ایل میں اپنی کوئٹہ کی ٹیم تیار کریں گے، انشااللہ ہم اپنی کارکردگی سے لوگوں کو داد دینے پر مجبور کر دیں گے اور پوری کوشش کریں گے کہ کوئٹہ کی فرنچائز کا نام ناصرف بلوچستان بلکہ پاکستان بھر کے گھروں میں ہر کسی کی زبان پر ہو۔

معروف بھارتی کرکٹر نے شادی کرلی ،جانئے کس سے

CWK1Q9XUsAA4qVo
ممبئی (نیوز ڈیسک) بھارتی کرکٹرروہت شرما ازدواجی زندگی میں منسلک ،شادی تقریب میں دھونی ، ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر سمیت یووراج سنگھ نے شرکت کی۔ ریکارڈ ہولڈر بیٹسمین روہت شرما نے راتیکا کو پارٹنر بنانے کے لیے سات رنز مکمل کیے۔ شادی کی پ±روقار تقریب میں ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر اور کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے شرکت کی جب کہ آل راو¿نڈر یووراج سنگھ نے اپنی منگیتر کے ساتھ شادی میں شرکت کی۔تقریب میں آئی پی ایل ٹیم ممبئی انڈینز کے شریک مالک نیتا امبانی بھی موجود تھیں۔

سری لنکا کو ڈونیڈن ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست

NZSR
ڈونیڈن(نیوز ڈیسک) نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں مارٹن گپٹل، ٹام لیتھم کی سنچریوں اور ٹم ساؤتھی کی بہترین باؤلنگ کے بدولت 122 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1۔0 کی برتری حاص کرلی۔ڈونیڈن ٹیسٹ کے آخری روز سری لنکا کو جیت کے لیے 296 رنز جبکہ نیوزی لینڈ 7 وکٹیں درکار تھیں جو ٹم ساؤتھی اورنیل ویگنر نے بہترین باؤلنگ سے سمیٹ لیں۔سری لنکا کی جانب سے دنیش چندی مل 58 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز تھے، ویتھاناگے نے 29 اور لکمل نے 23 رنز بنا کر ان کا ساتھ دینے کی کوشش کی تاہم وہ بار آور ثابت نہیں ہوسکیں اور نیوزی لینڈ کو باآسانی 122 رنز کی کامیابی مل گئی۔کوشال مینڈس 46 رنز بنا کر سری لنکا کے دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 3 ٹرینٹ بولٹ، سٹینر اور ویگنر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں مارٹن گپٹل کی شاندار سنچری 156 اور کپتان برینڈن میکلم کے تیز رفتار 75 رنز کے بدولت 431 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے نوان پردیپ نے 4 جبکہ سرنگا لکمل اور دشمنتھا چمیرا نے دو دو وکٹیں لیں جبکہ ایک ایک وکٹیں اینجلو میتھیوز اور سری وردھنے کے حصے میں آئیں۔اس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں294 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، اوپنر کرونارتنے 84 اوردنیش چندی مل نے 83 رنز بنائے تھے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی اور ویگنر نے تین تین وکٹیں لیں جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور مچل سانٹنر کو دو دو وکٹیں ملیں۔نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 137 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد دوسری اننگز میں ٹام لیتھم کی ناقابل شکست 109 رنز اور کین ولیمسن کے 71 رنز کی بدولت تین وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کردی اور سری لنکا کو 405 رنز کا مشکل ہدف دے دیا۔نیوزی لینڈ نے آخری روز 122 رنز سے کامیابی کے بعد 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کرلی۔سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 18 دسمبر سے ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کی جانب سے بھیجا گیا کوئی خط نہیں ملا،ششانک منوہر

sshh
نئی دہلی(نیوز ڈیسک)بی سی سی آئی کے صدر ششانک منوہر نے کہا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے بھیجا گیا کوئی خط نہیں ملا۔ انہوں نے کہا ہے کہ خط کے ذریعے کسی بھی بات سے لاعلم ہوں۔ دوسری جانب پی سی بی ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے بی سی سی آئی کو10دسمبر کو خط بھیجا، خط میں سیریز کیلئے48 گھنٹے میں جواب مانگا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت میں مجوزہ سیریز کے لئے دونوں حکومتوں کے درمیان ڈیڈ لاک قائم ہے اور پاکستان کی حکومت نے بورڈ کو بھارت کے ساتھ سیریز کھیلنے کی اجازت دے دی ہے جب کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ابھی تک حکومتی اجازت کا منتظر ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر نے کہا ہے کہ حکومت کا ابھی تک سیریز کے متعلق کوئی جواب نہیں آیا اور نہ ہی ابھی تک پاک بھارت سیریز کے متعلق کوئی فیصلہ ہوا ہے۔

میکالم ٹیسٹ میچوں میں چھکوں کی سنچری مکمل کرنے والے دوسرے بیٹسمین

mc
اسلام آباد(نیوزڈ یسک) نیوزیلینڈ کے کپتان برینڈن میکالم ٹیسٹ کرکٹ کی 139سالہ تاریخ میں ٹیسٹ میچوں میں چھکوں کی سنچری مکمل کرنے والے دوسرے بیٹسمین بن گئے ہیں سری لنکا کے خلاف ڈوینڈن میں پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز 2 چھکے مارے دوسرا چھکا انکے کیرئر کا 100واں چھکا تھا یہ انکا 98واں ٹیسٹ ہے۔ان سے قبل آسٹریلیا کے ایڈم گلکرائسٹ وادی بیٹسمین تھے جنہوں 100 چھکے لگائے تھے. گلکرائسٹ نے 96 میچوں میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا اس کارنامے کو انجام دینے والے ممکنہ طور پر تیسرے کرکٹر ویسٹ انڈیز کے کرس گیل ھوسکتے ہیں جو ان دنوں قومی ٹیم کے لئے کم بلکہ دنیا بھر میں ٹی ٹوئینٹی میچوں میں زیادہ متحرک نظر آتے ہیں .گیل 103 میچوں میں 98 چھکے لگا چکے ہیں. دیگر موجودہ کھیلاڑیوں میں مصباح الحق سے توقع کی جاسکتی جنہوں نے 61 میچوں میں 67 چھکے لگائے ہیں.

حالات کا جائزہ لے رہے ہیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے حکومتی اجازت طلب کرنا ہوگی شہریار خان
کراچی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریارخان کا کہنا ہے کہ وہ حالات کا جائزہ لے رہے ہیں لیکن انہیں آئندہ سال بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کیلئے حکومتی اجازت طلب کرنا ہوگی،پاک بھارت باہمی سیریز سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ سیریز ابھی نہ ہوئی تو پھر ایک سال تک نہیں ہو سکے گی کیونکہ دونوں ٹیموں کی دو ہزار سولہ میں اپنی مصروفیات ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران شہریارخان کا کہنا تھا کہ وہ حالات کو مانیٹر کر رہے ہیں لیکن بھارت میں جس طرح کا پاکستان مخالف ماحول بنا ہوا ہے اس کے پیش نظر انہیں بھی حکومت سے اجازت طلب کرنا ہو گی کہ پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے سیکیورٹی کی صورت حال اتنی بہتر ہے کہ انہیں بھارت بھیجا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت مجوزہ سیریز اگر آئندہ ماہ تک نہ ہو سکی تو پھر اس کا ایک سال تک کوئی امکان نہیں کیونکہ دونوں ٹیموں کی دو ہزار سولہ میں اپنی مصروفیات ہیں۔ انہوں نے یہ بات بھی واضح کی کہ پاک بھارت سیریز کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا لیکن ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا معاملہ یکسر مختلف ہے کیونکہ یہ دو ممالک کے درمیان باہمی سیریز جبکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی آئی سی سی کا ایونٹ ہے ۔ پی سی بی چیف نے تسلیم کیا کہ بھارت کیخلاف سیریز کو ممکن بنانے کیلئے کی جانے والی کوششوں کے باعث انہیں کچھ حلقوں کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا ہے لیکن آخری بات یہی ہے کہ وہ اس سیریز کو ابھی کھیلنا چاہتے ہیں ورنہ اس کیلئے ایک سال تک انتظار کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو مفاہمتی یادداشت پر عمل کرتے ہوئے سیریز کا انعقاد یقینی بنانا چاہئے کیونکہ اس سے دونوں ملکوں کے روابط میں بھی بہتری آئے گی۔ پی سی بی سربراہ کے مطابق اگر بھارت سیریز کیلئے آمادہ نہیں ہوتا تو ظاہر ہے کہ انہیں نقصان اٹھانا پڑے گا لیکن پی سی بی دیوالیہ نہیں ہو جائے گا کیونکہ اللہ کا شکر ہے کہ اس کی مالی حالت کافی بہتر ہے اور اسے کوئی مشکل درپیش نہیں ہو گی۔
کرکٹ کی گورننگ باڈی کے حکام ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے پرجوش
دبئی(اسپورٹس ڈیسک)آئندہ سال بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے انعقاد پر کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کے حکام بھی پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کھیل کے عالمی سطح پرفروغ میں اپنا بہترین کردار نبھائے گا اور کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں دنیا بھر کے کرکٹرز ایک جگہ جمع ہو کر مختلف ممالک کی جانب سے اپنے بہترین کھیل کا کا مظاہرہ کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد سے چھوٹے ملکوں میں کھیل کو فروغ حاصل ہوگا اور بلند تر معیار کے میچز دیکھنے والوں کے دل موہ لیں گے ۔
ہونڈوراس کے فٹ بالر آرنلڈ پیرالٹا کا اہلیہ کے سامنے سفاکانہ قتل
لاسیبا(اسپورٹس ڈیسک) وسطی امریکا کے ملک ہونڈوراس کے انٹرنیشنل فٹ بالر آرنلڈ پیرالٹا کو آبائی شہر لاسیبا میں ان کی اہلیہ کے سامنے گولیاں مار کر سفاکانہ انداز سے قتل کردیا گیا۔ رینجرز کی نمائندگی کرنے والے 26 سالہ سابق فٹ بالر اپنی اہلیہ کے ہمراہ نومولود بیٹی کیلئے کپڑے خریدنے شاپنگ سینٹر گئے تھے جہاں پارکنگ میں موجود مسلح افراد نے ان پر لگاتار اٹھارہ گولیاں برسا دیں۔ پولیس نے اسے ڈکیتی کا واقعہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے کیونکہ ان سے لوٹ مار نہیں کی گئی۔ ملکی فٹ بال فیڈریشن نے اسے المناک موت اور قوم کیلئے غم کا باعث واقعہ قرار دیا ہے ۔
ویرات کوہلی اپنی ٹیم کا میچ چھوڑ کر ثانیہ مرزا سے ملنے جا پہنچے
نیودہلی (آرسی نیوز)بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور انٹرنیشنل پریمیئر ٹینس لیگ میں شامل ٹیم یواے ای رائلز کے شریک مالک ویرات کوہلی اپنی ٹیم کا میچ چھوڑ کر بھارتی ٹینس کی ملکہ ثانیہ مرزا سے ملنے دوسرے کورٹ میں پہنچ گئے ۔ ویرات کوہلی گزشتہ روزاندرا گاندھی اسٹیڈیم میں اپنی ٹینس ٹیم یو اے ای رائلز کا میچ دیکھنے کیلئے آئے تھے لیکن وہ میچ کے دوران ہی اٹھ کر اچانک دوسرے کورٹ میں چلے گئے جہاں ثانیہ مرزا اپنا میچ کھیل رہی تھیں ۔میچ ختم ہونے پر دونوں اسٹارز کی ملاقات ہوئی اوروہ کافی دیر تک گفتگوکرتے رہے حالانکہ اسی دوران کوہلی کی ٹیم جاپان وارئیرز سے میچ ہارگئی ۔
پاک بھارت آل راؤنڈرز کی دلچسپ گفتگو سے ماحول تبدیل ہو گیا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی ٹی وی کے پروگرام میں 90فیصد حاضرین نے باہمی سیریز کے حق میں ووٹ دے دیا جبکہ پاک بھارت آل راؤنڈرز کی دلچسپ گفتگو سے ماحول ہی تبدیل ہو گیا۔ کپیل دیو کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان سے بہت زیادہ متاثر تھے اور انہیں دیکھ کر اپنے بال بنایا کرتے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان میں کچھ تو ایسا تھا کہ بھارتی حسینائیں بھی ان پر مرتی تھیں جبکہ ان کی طرف کوئی دیکھتا بھی نہ تھا۔عمران خان اور کپیل دیو کی دلچسپ گفتگو اور پاکستانی آل راؤنڈر کی زلفوں کے قصے نے حاضرین کو بھی مسکرانے پر مجبور کر دیا۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی فتح کے امکانات ہیں، راشد لطیف
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹرز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی کامیابی کے امکانات پر منقسم دکھائی دیتے ہیں کیونکہ سابق کپتان راشد لطیف کو پاکستان کی کامیابی کے امکانات واضح دکھائی دے رہے ہیں تو ماضی کے افتتاحی بیٹسمین شعیب محمد کا خیال ہے کہ گرین شرٹس کو گروپ مرحلے سے آگے بڑھنا بھی نصیب نہیں ہوگا۔ راشد لطیف نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی جسے ہوم سیریز میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کی خفت بھی اٹھانا پڑی لیکن پھر بھی ان کا یہی خیال ہے کہ قومی کرکٹرز کسی بھی ٹیم کو اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ راشد لطیف نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کر سکتی کیونکہ جب معاملہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا ہو تو خطرناک گرین شرٹس پلیئرز کسی کو بھی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر سکتے ہیں تاہم ضروری ہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے بہترین دستیاب کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے ۔ راشد لطیف نے کہا کہ اگر پاک بھارت سیریز نہ بھی ہو تو پی سی بی کو کسی صورت میگا ایونٹ کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہئے بلکہ اتنی لچک رکھی جائے کہ بھارت میں ہی ہوم سیریز کی میزبانی بھی کی جا سکے ۔ دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد کا کہنا تھا جن مسائل سے اس وقت قومی ٹیم دوچار ہے اس کے پیش نظر خدشہ ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم گروپ مرحلے سے ہی باہر ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک تجربات جاری ہیں اور پلیئنگ الیون کا فیصلہ تک نہیں ہو سکا تو ایسے میں ناک آوٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنا بھی معجزہ ہوگا۔

محمد عامر کے بارے میں شعیب اختر نے بہت بڑا دعویٰ کردیا
اسلام آباد (نیوزڈیسک) محمد عامر کے بارے میں شعیب اختر نے بہت بڑا دعویٰ کردیا،پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ محمد عامر ملک کےلئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا تحفہ لانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ پاکستانی ٹیم اگر تین سپنر اور دوفاسٹ باؤلرز کے ساتھ کھیلے جن میں محمد عامر بھی شامل ہوں تو یہ انتہائی خطرناک ٹیم ثابت ہوسکتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ عامر یہ ورلڈ کپ جیتنے میں اہم کر دار ادا کر سکتا ہے انہوںنے کہاکہ بی پی ایل میچوں میں بھی عامر نے اب تک اہم کر دارادا کیا ہے ۔

گریم اسمتھ کی جانب سے جنوبی افریقی ٹیم میں واپسی کا اشارہ
جوہانسبرگ(سپورٹس ڈیسک۔آرسی نیوز)جنوبی افریقی بیٹنگ لائن کی موجودہ حالت کو دیکھتے ہوئے سابق کپتان گریم اسمتھ نے پروٹیز ٹیم میں واپسی کا اشارہ دے دیا ہے لیکن 34 سالہ بیٹسمین فی الحال اس الجھن میں گرفتار ہیں کہ ریٹائرمنٹ کے ایک سال بعد وہ دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیل بھی سکیں گے یا نہیں۔ وہ ماسٹرز چیمپئنز لیگ میں کھیلنے کی تیاریاں کر رہے ہیں لیکن ایک رپورٹ کے مطابق وہ اپنے پرانے ساتھیوں کے ہمراہ رواں ماہ انگلینڈ کیخلاف سیریز بھی کھیل سکتے ہیں۔ گریم اسمتھ کے مطابق ان میں ابھی تین سے چار سال کی کرکٹ باقی ہے لیکن وہ حتمی فیصلہ ماسٹرز چیمپئنز لیگ کے بعد کریں گے ۔
آئی پی ایل:پونے اورراجکوٹ کی ٹیموں کی ایونٹ میں شمولیت
نئی دہلی (اسپورٹس ڈیسک۔آرسی نیوز) آئی پی ایل کی گورننگ کونسل نے بدعنوانی اور بے ضابطگی میں مبتلا ٹیموں چنئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کی متبادل دو نئی فرنچائز کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق پونے اور راجکوٹ کی ٹیمیں آئی پی ایل کے آئندہ دو سیزن میں کھیلیں گی۔ آئی پی ایل کی گورننگ کونسل نے ایونٹ میں صرف دو برس کیلئے شامل ہونے والی دو نئی فرنچائز ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق راجکوٹ اور پونے کو ایونٹ میں شرکت کا اہل سمجھا گیا ہے ۔ اس سے قبل آئی پی ایل فرنچائز کیلئے دستیاب شہروں کے ناموں میں سے کوچی اور جے پور کا نام ڈراپ کر دیا گیا تھا۔
محمد عامر نے واپسی کے مخالف محمد حفیظ کو ناک آؤٹ کردیا۔
میرپور(اسپورٹس ڈیسک۔آرسی نیوز) سزا یافتہ فاسٹ بالر محمد عامر نے اپنے پہلے مخالف محمد حفیظ کو آمنے سامنے آنے پر ناک آؤٹ کردیا۔ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں چٹاگانگ وائی کنگز کی نمائندگی کرنے والے بائیں ہاتھ کے پیسر نے حفیظ کو ابتدائی تین گیندیں چھوڑنے پر مجبور کیا اور پھر اپنی چوتھی گیند پر ’’پروفیسر‘‘کو ایک شارٹ آف لینتھ بال پھینکی جو اسے وکٹ کیپرانعام الحق کے ہاتھوں میں منتقل کرکے میدان چھوڑ گئے اور ان کی ڈھاکا ڈائنامائٹس کیلئے اولین اننگزایک رن پر محدود ہو گئی۔ محمد حفیظ نے گزشتہ دنوں چٹاگانگ وائی کنگز سے معاہدہ مسترد کرتے ہوئے وہاں محمد عامرکی موجودگی پر اعتراض کیا تھا۔
سورماؤں سے مقابلے کیلیے شاہینوں کا دستہ فائنل , شہریار سیریز کے اعلان پر منظوری دینگے
سپورٹس رپورٹر۔آرسی نیوز)پاک بھارت کرکٹ سیریز کی آخری امید بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج گزشتہ شب پاکستان پہنچ گئیں، دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین کی نظریں اب سشما سوراج کی جانب لگی ہوئی ہیں کہ وہ پاک بھارت باہمی تعلقات کی بہتری کے بارے میں پیغام لے کر آئی ہیں اور کرکٹ سیریز کے ہونے کا اعلان بھی کریں گی ۔ سشما سوراج کی جانب سے پاک بھارت سیریز کی حامی بھرنے پر پی سی بی فوری طور پر سیریز کرانے کے لئے ایمر جنسی بنیادوں پر کام شروع کر دے گا۔ذرائع کے مطابق وقت کی کمی کے باعث سیریز چند ماہ بعد بھی کھیلی جا سکتی ہے ، چیئرمین پی سی بی شہر یار خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ دن کم ہو نے کی وجہ سے لاجسٹک انتظامات اگرچہ مشکل ہیں مگر وہ کر لیں گے ۔ دوسری جانب متوقع پاک بھارت سیریز کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی نے قومی ٹیم تشکیل دے کر چیئرمین پی سی بی کو دے دی ہے جو سیریز کا اعلان ہو نے کی صورت میں اس کی منظوری دے دیں گے اور ٹیم کسی تربیتی کیمپ کے بغیر سری لنکا روانہ ہو جائے گی۔ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی بھارت کے خلاف سیریز کے لئے ٹیم میں فاسٹ باؤلر محمد عامر کو شامل کر نا چاہتی تھی مگر چیئرمین پی سی بی نے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عامر کو ٹیم میں شامل کرنے سے پہلے اس کی کونسلنگ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس کی شمولیت سے کوئی مسئلہ نہ درپیش آئے ۔ سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے والی ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں کرنے سے احتراز کرتے ہوئے ایک دو تبدیلیاں کی ہیں تاکہ ٹیم کا کمبی نیشن خراب نہ ہو ۔ ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اگر سشما سوراج کی جانب سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں بہتری کی طرف قدم بڑھانے کے بعد فوری طور پر سیریز کھیلنے کی حامی نہ بھری گئی تو عین ممکن ہے کہ چند ماہ بعد دونوں ممالک کی ٹیموں کی مصروفیات دیکھتے ہوئے ایک نیا شیڈول بنایا جائے جو دونوں ممالک کے لئے قابل قبول ہو۔
بی پی ایل ـ:ڈھاکہ ڈائنا مائٹس کی چوتھی فتح ،سیمی فائنل میں رسائی۔
میرپور(سپورٹس ڈیسک۔آرسی نیوز)بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ڈھاکہ ڈائنامائٹس نے چٹاگانگ وائی کنگز کو 45 رنز سے شکست دے کر چوتھی فتح حاصل کی اور سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ،دوسرے میچ میں رنگپور رائیڈرز نے کومیلا وکٹورینز کو 21رنز سے ہرادیا۔تفصیلات کے مطابق وائی کنگز کی ٹیم 121 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 16.5 اوورز میں صرف 76 رنز پر ڈھیر ہو گئی، مشرف حسین نے 4 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ دوسرے میچ میں رنگپور نے پہلے کھیلتے ہوئے 6وکٹوں پر 153رنز بنائے ،مردمیدان ظہورالاسلام نے 62رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی ۔جواب میں کومیلا کی ٹیم آخری اوور کی 5ویں گیند پر 132رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی ۔
قائد اعظم ٹرافی:7ویں اور آخری مرحلے میں باؤلرز کی حکمرانی
لاہور (سپورٹس رپورٹر۔آرسی نیوز) قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتویں اور آخری مرحلے میں چار روزہ میچ کے دوسرے دن اسلام آباد نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 96رنز بناکر55 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ قبل ازیں میزبان ٹیم پشاور 170 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، شہزاد اعظم رانا نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔نیشنل سٹیڈیم میں فاٹا نے فالو آن کے بعد ایک وکٹ پر145 رنز بنالیے اوراسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 14رنز درکار ہیں۔کراچی وائٹس نے پہلی اننگز میں 300رنز بنائے ،عرفان اللہ نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور میں دھند کے باعث 26.5 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا جہاں لاہور وائٹس 201رنز پر آؤٹ ہو گئی ،راولپنڈی کے حسیب اعظم نے 6وکٹیں لیں۔ فیصل آباد میں واپڈا نے دوسری اننگز میں دو وکٹوں پر109رنز بناکر حبیب بینک کے خلاف 234رنز کی برتری حاصل کرلی۔ حبیب بینک پہلی اننگز میں 87رنز پر ڈھیر ہو گئی، وقاص مقصود نے 6وکٹیں حاصل کیں۔ جناح سٹیڈیم سیالکوٹ میں نیشنل بینک اور کے آر ایل کا میچ دوسرے ہی دن فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا۔ نیشنل بینک نے 6وکٹوں پر84رنز بنالئے ، محمد عباس نے پانچ وکٹیں حاصل کیں ۔ قبل ازیں کے آر ایل نے 176رنز بناکر 38رنز کی سبقت حاصل کرلی،احمد جمال نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔