سرگودھا کے خبریں

50دیہات میں گیس مہیا کر کے مثال قائم کر دی، محسن رانجھا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا ہے کہ این اے 65کے 50سے زائد چکوک کو سوئی گیس فراہم کرکے عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کر دی ہے ۔ حلقہ میں تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا نیا باب رقم ہوچکا ہے ۔ مخالفین ہمارے ترقیاتی کام دیکھ کر حواس باختہ ہوچکے ہیں عوامی خدمت کا مشن تمام تررکاوٹوں کے باوجود جاری رہے گا ۔ این اے 65کے چکوک 57 شمالی ، ڈیرہ لُنڈا ، کڑانی اور للیانی میں سوئی گیس پائپ لائن بچھانے کے موقع پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اقتدار میں آکر حلقہ میں تعمیر و ترقی کیلئے کام کیا۔انتخابات سے پہلے تمام وعدے پورے کرینگے ۔ اجتماعات سے یوسی چیئرمین مبین بھٹی ، ملک قیصر ٹوانہ ، برگیڈ (ر) اختر چوہدری ذواالفقار گوندل، حاجی مختار احمد گوندل، ظفر ہنجرا، خضرحیات ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

اہل پاکستان امن کیلئے مثبت سوچ رکھتے ہیں ‘ ڈاکٹر رابرٹ نکلس

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)معروف محقق اور استاد پروفیسر ڈاکٹر رابرٹ نکلس نے کہا ہے کہ پراُمن پاکستان کیلئے دیگر علاقوں کی طرح شمالی علاقہ جات بالخصوص فاٹا میں اصلاحات کے ساتھ وہاں کے لوگوں کو حقوق دینے چاہئیں ۔ پاکستان دنیا میں تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک ہے جسکے لوگ عالمی امن و استحکام کیلئے مثبت سوچ رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا یونیورسٹی کے لنکن کارنر میں منعقدہ خصوصی سیمینار بعنوان سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کی صدارت وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کی۔ پروفیسر ڈاکٹر رابرٹ نکلس نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں ایف آر سی کے ظالمانہ قوانین انگریز نے اپنی حکومت کو استحکام دینے کے لئے بنائے تھے ۔ یہ قوانین مکمل طور پر غیر انسانی تھے ۔بدقسمتی سے یہ قوانین اب بھی نافذ العمل ہیں ۔ اس مسئلے کا یہ بھی حل ہے کہ فاٹا کے علاقے کو کے پی کے کا حصہ بنا دیا جائے ۔ ڈاکٹر رابرٹ نکلس نے بعد میں اساتذہ اور طلبہ کے سوالات کے جواب بھی دیے ۔

مشتاق گل کا تعلیم کی اہمیت بارے آگہی مہم چلانے کا اعلان

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) تعلیم کے بغیر انسان ادھورا ہے ۔تعلیم حاصل کر کے انسان چاند تک پہنچ گیا ۔ تمام مذاہب میں علم کے حصول پر زور دیاگیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن مینارٹیز ونگ کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات چوہدری مشتاق گل نے کرسچین یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمتوں میں اقلیتی کوٹہ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے اقلیتی حقوق کی پاسداری کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے مسیحی طلباء و طالبات میں تعلیم کی اہمیت کا شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم چلانے کا بھی اعلان کیا ۔کانفرنس سے ڈائمنڈ جوزف ،رضوان انجم گل ،عادل خورشید ،انیق داؤد دیگر طلباء و طالبات نے خطاب کیا ۔

تفریحی پروگرام صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں،بہادر عباس

شاہپور صدر:ایم پی اے سردار بہادر عباس نے چلڈرن پارک شاہپور میں ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کی جانب سے لگائے گئے مینا بازار اور نمائش کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تفریحی پروگرام بھی ہماری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا سبب بنتے ہیں اور ایسے مواقع اساتذہ اور طالبات کو بہتر طور پر تعلیمی لحاظ سے فعال کرتے ہیں۔اس موقع پر جرمنی سے آئے این جی او کے نمائندہ جیمس ، پرنسپل عمیر اکرم ، ظفر حیات، عبدالرحمن ڈھڈھی ، ڈاکٹر منور و دیگر موجود تھے ۔

عوام اور پولیس میں فاصلے کم کرنا ہوں گے ، سہیل چوہدری

سلانوالی:ڈی پی او سرگو دھا کیپٹن( ر) سہیل چوہدری نے کہا ہے کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کا اولین فریضہ ہے ۔ شہری تعاون کریں تو جرائم کا گراف نیچے لا یا جا سکتا ہے لیکن اس کے لئے عوام اور پولیس میں فاصلے کم کرنا ہوں گے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار قصبہ شاہ نکدر کے قریب جھامرہ پولیس چیک پوسٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ڈی پی او نے کہا کہ تھانہ کلچر تبدیل کیا جا رہا ہے ،ضلعی پولیس نے محدود وسائل کے باوجود جرائم پیشہ عناصر کے خلاف شاندار کا ر کردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کے 27تھانوں میں فرنٹ ڈیسک قائم جبکہ کئی تھانوں کی بوسیدہ عما رات کو از سر نو تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ ایس ایچ او شاہ نکدر نے پولیس کی کا ر کردگی رپورٹ پیش کی ۔ڈی پی او نے شاندار کا ر کردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایس ایچ اوملک محمد اکرم کو 5ہزار روپے نقد اور دیگر اہلکاروں محمد عاشق ،فضل عباس ،ثقلین سوبھی ،غلام شبیر اور طاہر کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا ۔ اس موقع پر تھانہ شاہ نکدر پولیس نے ڈکیتیوں اور چوریوں کی وارداتوں میں جو لوٹا گیا سامان برآمد کیا تھا وہ اصل مالکان کے حوالہ کیا گیا۔

ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے تعلیم کا فروغ ناگزیرہے ،عبدالغفار ڈوگر

سلانوالی:ارکان اسمبلی سردار عبد الغفار ڈوگر ،ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی ،رانا منور غوث اور دیگر لیگی رہنمائوں سردار غلام حسین اور سلطان احمد ڈوگر نے چک 128جنوبی میں الائیڈ سکول سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقہ میں الائیڈ سکول سسٹم کا قیام خوش آئند ہے ۔ادارے کے قیام سے علاقہ کے طلباء و طالبات بھرپور مستفید ہونگے ۔ملک میں ترقی ،خوشحالی ،جہالت اور بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ کاروباری حضرات کارخانے ،پٹرول پمپ لگانے کے ساتھ ساتھ اگر تعلیمی ادارے بنانے پر توجہ دیں تو یہ ایک پاکیزہ کاروبار بھی ہو گا اور عین عبادت بھی ۔تقریب میں مقامی یونین کونسلوں کے چیئرمینز ،وائس چیئرمینز ،کونسلرز اور اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی ۔

پولیس و دیگر اداروں کا سرچ آپریشن 5مشکوک افراد پکڑ ے گئے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈی پی او سہیل چوہدری کی ہدایت پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور پولیس نے118جنوبی میں چائنیز باشندوں کی رہائش گاہوں کے اطراف ،، شاہین آباد اور مضافات میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 5مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔ سرچ آپریشن میں سی ٹی ڈی ، سپیشل برانچ، آئی بی و دیگر اداروں کے آفیسرز، آفیشلز کے علاوہ ایلیٹ فورس ٹیموں اور خواتین پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا ۔

کوٹلہ سیداں میں بنیادی سہولیات کا فقدان‘مکین خوار

شاہپورصدر:نواحی قصبہ کوٹلہ سیداں بنیادی وسائل کی کمی کا شکار ہونے کی وجہ سے مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔ گٹروں کا گندہ اور بدبو دار پانی نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ کھڑا رہتا ہے اور ماحول کی آلودگی کا سبب بنتا ہے ۔صفائی کا نظام نہ ہونے سے جا بجا کوڑے کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔بجلی کے کھمبوں سے لوگوں کے گھروں تک مکانوں کی چھتوں کے اوپر سے تاریں لگا کر بجلی پہنچائی گئی ہے ۔ بارش یا نمی کی صورت میں دیواروں میں کرنٹ آ جاتا ہے جسکی وجہ سے کسی بڑے نقصان کا اندیشہ ہے ۔ قبرستان تک راستہ کچا ہونے سے بارشی دنوں میں میت کو دفنانے میں مشکلات ہوتی ہیں ۔مکینوں محمدا قبال ، حاجی احمد ، سرفراز ، یٰسین ، ممتاز ، امان ودیگر نے حکام سے مسائل حل کرنیکا مطالبہ کیا ہے ۔

سکولوں میں ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کیلئے 30 جون کی ڈیڈلائن

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)حکومت نے سکولوں کے ترقیاتی کاموں کی رفتار سست ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو 30 جون تک منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔حکومتی مراسلہ میں سرکاری سکولوں میں آئی ٹی لیبز، مرمت، بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور اضافی کمروں کی تعمیر کی سکیمیں جلد از جلد مکمل کرنے کا کہا ہے اور انتظامیہ کو کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے فوری طور پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

سبزیوں کی سیوریج کے پانی پر کاشت، بیماریاں پھیلنے لگیں

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حکومتی احکامات نظر انداز، گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت رک نہ سکی جن کے استعمال سے عوام مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں ۔ماحولیات نے متعدد مقامات پر سیوریج کے پانی سے سبزیاں کاشت کئے جانے کی نشاندہی کرتے ہوئے کارروائی کی سفارش کی تھی لیکن نشاندہی کو عرصہ گزر جانے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ گندے پانی سے اگائی جانے والی سبزیاں کینسر، ہیپاٹائٹس جیسی جان لیوا بیماریوں کا سبب بھی بن سکتی ہیں ۔

About

View all posts by

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *