تھل ‘ بگہبرادرنورپور ی کا مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان 

نور پور تھل: تحصیل صدر ن لیگ ملک منظور احمد بگہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی عوام دوست پالیسیوں کی بدولت عوام مسلم لیگ ن میں شمولیت کو فخر سمجھتی ہے ۔ن لیگ میں شامل ہونے والا ہرکارکن ہمارے ماتھے کا جھومر ہے ہم اپنے کارکنوں کو کبھی مایوس نہیں کرینگے ۔اس موقع پر بگہ برادری کے ناراض کارکن غلام محمد نے اپنی تمام برادری سمیت مسلم لیگ ن اور ملک منظور بگہ سے اپنی وفاداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم پوری برادری سمیت آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہو ں گے اس موقع پر ملک زبیر بگہ،ثمر عباس بگہ،حبیب بگہ ودیگر ارکان موجود تھے ۔

عجائب گھر کیلئے ڈی جی آرکیالوجی پنجاب کا دورہ جوہرآباد

جوہرآباد(نمائندہ دُنیا) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد میں عجائب گھر کے قیام کیلئے صوبائی وزیر آثارِ قدیمہ ملک محمد آصف بھا اور ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی پنجاب اعجاز احمد نے جوہرآباد کا ایک روزہ دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی نے ڈسٹرکٹ پریس کلب سے ملحقہ رقبے کو عجائب گھر کے قیام کیلئے انتہائی موزوں قرار دیا۔ اس موقع پر آصف بھا نے بتایا کہ عجائب گھر کے قیام کیلئے 24کنال رقبہ درکار ہوگا۔ 16کنال رقبے پر عجائب گھر کی عمارت ‘ 8کنال رقبے پر آڈیٹوریم ‘ کیفے ٹیریا اور منی پارک بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے آصف بھا کی درخواست پر عجائب گھر کے قیام کے منظوری پہلے ہی دے دی ہے ۔

موٹرسائیکلوں میں تصادم سے 60سالہ شخص جاں بحق، نوجوان زخمی

جوہرآباد(نمائندہ دُنیا) موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجہ میں 60سالہ شخص جاں بحق جبکہ نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔مٹھہ ٹوانہ میں پولیس سٹیشن کے نزدیک دو تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہو کر آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں چک 4کا رہائشی 60 سالہ موٹر سائیکل سوارعبدالغنی موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ محمد اقبال شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی محمد اقبال کو فوری طور پر مقامی ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے جہاں اُس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔

مقدمہ قتل کے ایک ملزم کو سزائے موت، دوسرے کو عمر قید و جرمانے کا حکم

میانوالی،جوہرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)عدالت نے مقدمہ قتل کے ایک ملزم کو سزائے موت، دوسرے کو عمر قیدوجرمانے کی سزا جبکہ 6 کو بری کرنے کا حکم سنا دیا۔ایڈیشنل سیشن جج جوہرآباد سعادت حسین نے تھانہ قائدآباد کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم عبدالجبار کو سزائے موت کا حکم سنا دیا جبکہ دیگر دو ملزمان دوست محمد اور انتظار حسین کو شک کا فائدہ دیکر بری کر دیا۔ملزم نے 23جنوری 2014ء کو رشتہ کے تنازع پر فائرنگ کر کے ساجد حسین کو موت کی نیند سلا دیا تھا۔دوسرے واقعہ میں حمید اﷲنے 2013ء میں یاسر اقبال کو فائر نگ کر کے قتل کر دیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ پائی خیل میں درج تھا۔ایڈیشنل سیشن جج میانوالی راؤ مبشر حسن نے جرم ثابت ہونے پر حمید اﷲکو 25سال قید با مشقت اور 10 لا کھ روپے جر مانہ کی سزا سنائی جبکہ دیگر ملز مان ثنا اﷲ، حبیب اﷲ، امیر عبد اﷲاور خا لد پرو یز کو بری کردیا۔

ڈومیسائل کا اجرا‘ چاروں تحصیلوں کے اے سیز کو اختیارات منتقل

جوہرآباد:ڈپٹی کمشنر خوشاب امجد بشیر نے ضلع خوشاب کے ڈومیسائلوں کے اجراء کیلئے چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں کو اختیارات منتقل کر دیئے ۔ یہ کارروائی انچارج ڈومیسائل برانچ نادیہ شفیق کی تجویز پر کی گئی۔ نادیہ شفیق نے ڈپٹی کمشنر کو بھجوائے جانیوالے مراسلے میں بتایا تھا کہ ضلعی سطح پر ڈومیسائل کے اجراء کے عمل کے باعث دور افتادہ علاقوں کے طلباء و طالبات اور شہریوں کو ڈومیسائل کے حصول میں دشواریاں حائل ہیں اس لئے اسسٹنٹ کمشنروں کو اختیارات کی منتقلی ضروری ہے ۔

سفاک قاتلوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا، غوث نیا زی

جوہرآباد: مسلم لیگ ن ضلع خوشاب کے صدر سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت دہشت گردی کو جڑوں سے اُکھاڑنے اور سرزمین وطن پر پائیدار امن کے قیام کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے ۔ انسانی خون سے ہولی کھیلنے والے سفاک قاتلوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائیگا۔ وطن عزیز میں پے در پے ہونیوالے دہشتگردی کے افسوسناک واقعات ‘ شدت پسندوں کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہیں۔ حکومت نے دہشت گردی کیخلاف موثر اقدامات اٹھاتے ہوئے شدت پسندوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے ۔ آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک اُن کا تعاقب کیا جائیگا۔

خوشاب کے ضلعی وائس چیئرمین کی رانا ثنااللہ سے ملاقات

جوہرآباد: ضلع کونسل خوشاب کے وائس چیئرمین ملک مسعود نذیر راجڑ نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ضلع خوشاب کی سیاسی صورتحال اور عوامی مسائل زیر بحث لائے گئے ۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے ہر صورت میں اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کریں گے اُنھیں الیکشن سے قبل تحلیل کرنے کی راہیں مسدود کر دی گئی ہیں اور اس ضمن میں باقاعدہ قانون سازی کر کے اداروں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے ۔ ملک مسعود نذیر راجڑ نے صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کو ضلع کونسل خوشاب کے مالی وسائل کے حوالے سے تفصیلات بتائیں ۔

جوہرآباد ، رشتہ کے تنازع پر 8افراد کاباپ بیٹوں پر تشدد‘ہسپتال منتقل

جوہرآباد: رشتہ کے تنازع پر 8افراد نے باپ اور اسکے 2بیٹوں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ۔ تفصیلات کے مطابق ملزمان محمد عرفان ’ عامر سہیلمحمد یار ’ محمد یاسر اور محمد حسن وغیرہ آٹھ افراد نے نیشنل بینک چوک میں آتشیں اسلحہ ،کلہاڑیوں‘ لاٹھیوں اور چاقوؤں سے حملہ کر کے چک 63ایم بی کے رہائشی عبدالحمید اس کے دو بیٹوں وقاص اور نعمان کو شدید زخمی کر دیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

 

About

View all posts by

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *