واحد ٹی ٹوئنٹی:عمران طاہر نے جنوبی افریقہ کو کامیابی دلا دی

 

پانچ وکٹیں لے کر مرد میدان بھی قرار پائے ،ہاشم آملا نے 62رنز کی اننگز تراشی

آکلینڈ(اسپورٹس ڈیسک)واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں لیگ اسپنر عمران طاہر نے جنوبی افریقہ کو نیوزی لینڈ کیخلاف 78 رنز سے فتح دلا دی اور مرد میدان کا ایوارڈ بھی لے اڑے جبکہ ہاشم آملا نے بھی 62 رنز کی اننگز تراشی۔ ایڈن پارک میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈ سنبھالی اور پروٹیز بیٹسمین کوئنٹن ڈی کوک کو صفر پر آؤٹ کر لیا لیکن ہاشم آملا اور کپتان فاف ڈو پلیسز نے اسکور بارہویں اوور میں 102 تک پہنچا دیا۔ فاف ڈو پلیسز نے 36 اور ہاشم آملا نے ایک چھکے اور نو چوکوں کی مدد سے 62 رنز اسکور کئے جبکہ ابراہام ڈی ویلیئرز نے 26 اور جین پال ڈومینی نے 29 رنز کا اضافہ کیا۔ جنوبی افریقہ نے چھ وکٹوں پر 185 رنز بنائے تو ٹرینٹ بولٹ اور کالن ڈی گرینڈہوم کو ہی دو،دو وکٹیں مل سکیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم جوابی اننگز میں ابتداء سے ہی مشکلات کا شکار رہی جب اس کی ابتدائی تین وکٹیں محض 38 رنز پر گر گئیں۔ ٹام بروس نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے مگر گرتی ہوئی وکٹوں کے درمیان اس کے بعد کالن ڈی گرینڈہوم 15 اور ٹم ساؤتھی ہی 20 رنز کا اضافہ کر سکے اور پوری ٹیم اننگز کے پندرہویں اوور میں 107 رنز پر پویلین میں جا بیٹھی۔ جنوبی افریقی لیگ اسپنر عمران طاہر کیوی بیٹسمینوں کیلئے سب سے بڑا خطرہ ثابت ہوئے جنہوں نے 24 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا اور مین آف دی میچ کا ایورڈ بھی لے اڑے جبکہ اینڈائیل پھیلکوایو نے تین اور کرس مورس نے دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگا کر اپنی ٹیم کو 78 رنز سے کامیابی دلانے میں اہم کردار نبھایا۔

سری لنکا کوآسان حریف سمجھناآسٹریلیا کو ’’مہنگا‘‘پڑ گیا

میلبورن (سپورٹس ڈیسک)سری لنکا کوآسان حریف سمجھنے کی غلطی آسٹریلیا کو ’’مہنگی ‘‘پڑ گئی جہاں آئی لینڈرز نے کینگروز کی ’’بی ‘‘ٹیم کو پہلے ٹی20میچ میں 5وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔گزشتہ روز میلبورن میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن قائد اپل تھرنگا نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 168رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، کپتان ایرون فنچ اور مائیکل کلنگر نے ٹیم کو 76رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا تاہم بعدمیں آنے والے بلے باز کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے ، فنچ 43، کلنگر 38، ٹریوس ہیڈ 31، ہینرکس 17، آشٹن ٹرنر 18 اور ٹم پین بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ، جیمز فالکنر 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، لیستھ ملنگا نے 2وکٹیں حاصل کیں ، جواب میں سری لنکن ٹیم نے ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ، اسیلا گونارتنے نے ڈٹ کر کینگرو باؤلرز کا مقابلہ کیا اور 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، موناویرا 44، نیروشن ڈکویلا 30، سری وردھنے 15 اور کپتان تھرنگا صفر پر آؤٹ ہوئے ،آسٹریلیا کی جانب سے ٹرنر اور زمپا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں ۔یاد رہے کہ آسٹریلیا کے تجربہ کار کھلاڑی اس وقت دورہ بھارت پر ہیں جبکہ سری لنکا کیخلاف ان کی کم تجربہ کار ٹیم کھیل رہی ہے ۔

صحرا ئے عرب میں بارش سے کراچی کنگز کی فتح کا قحط ختم

شارجہ(سپورٹس ڈیسک)صحرا ئے عرب میں بارش سے کراچی کنگز کی فتح کا قحط ختم ہو گیا ،مسلسل ناکامیوں سے دوچار کراچی کنگز کی ٹیم نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو بارش سے متاثر ہ میچ میں ڈک ورتھ اینڈ لوئس میتھڈ کے تحت 8 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ۔13اوورز پر محیط میچ میں اسلام آبا یونائیٹڈ نے پہلے کھیل کر 8وکٹوں پر 90رنز بنائے ،کراچی کنگز نے اننگز شروع کی تو بارش کے باعث کھیل رک گیا جسے 95رنز کا نیا ہدف ملا ،کراچی کنگز نے 9.4اوورز میں 4وکٹوں پر 75رنز بنائے تھے کہ ایک بار پھر بارش شرو ع ہو گئی اور میچ ختم کرتے ہوئے کراچی کنگز کو ڈی ایل میتھڈ کے تحت 8رنز سے فاتح قر ار دیدیا گیا ،بابر اعظم 47رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے ۔قبل ازیں بارش کے باعث پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا دن کا پہلا میچ ختم کردیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ،ایک پوائنٹ مل گیا ۔وقفے وقفے سے بارش کی وجہ سے میچ کو کئی بار نئے ہدف اور نئے اوورز کیساتھ شروع کیا گیا مگر آخر میں جیت بارش کی ہی ہوئی ۔

 

About

View all posts by

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *