سرگودھا

ضلع کچہری کی سکیورٹی سوالیہ نشان ، وکلا شدید پریشان

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ضلع کچہری میں وکلا کے چیمبرز اور انتظامی افسران کے اہم دفاتر کو جانیوالے راستوں کے گیٹس پر سکیورٹی نہ ہونے کے باعث وکلا میں شدید تحفظات پائے جا رہے ہیں۔ صدر بار راؤ فضل الرحمان،جنرل سیکرٹری وسیم سلیم ڈوگر، احسان چٹکال،خان محمد گوندل،میاں شکیل و دیگر وکلا نے’’ دنیا ‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ وسائل کی کمی کو جواز بنا کر مطلوبہ سکیورٹی فراہم نہیں کر رہی ۔کچہری روڈ کے تینوں دروازوں کے علاوہ تحصیل آفس کی طرف سے آنیوالا راستوں پر چیکنگ کا کوئی خاص انتظام نہیں۔ انتظامیہ کو اس سلسلہ میں فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

گوشت اور دودھ کی ماڈل شاپس قائم کرنے کی تجویز

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انسانی جانوں سے کھیلنے والے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔ اشیائے ضرورت کی قیمتیں ہر ماہ مقرر کی جائیں گی جن پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا ۔ وہ دفتر کے کانفرنس ہال میں ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرر ہے تھے اجلاس میں قیمتوں کے تعین کیلئے صدر مرچنٹ ایسوسی ایشن ناصر محمود سہگل،حاجی فضل الہیٰ اور آفتاب سیٹھی پر مشتمل تین رکنی سب کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر نے گوشت او ردودھ کی ماڈل شاپس کے قیام کی تجویز پیش کی اور کہاکہ ماڈل شاپس پر معیاری اور ملاوٹ سے پاک صاف ستھراگوشت او ردودھ دکانداروں کو عام مارکیٹ سے زائد ریٹس پر یہ فروخت کرنے کی اجازت دی جائے گی او رایسے دکانداروں کو انعامات بھی دیئے جائیں گے ۔

اشتہاریوں کو پکڑنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی جائیں‘عاصم رضا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عاصم رضا نے ڈویژن بھر کے سرکل افسران اینٹی کرپشن اور دیگر عملہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرپشن کے مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کی فوراً گرفتار کر کے انکے منطقی انجام تک پہنچائیں، اس سلسلہ میں چاروں اضلاع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے تمام جدید وسائل کو بروئے کار لایا جائے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس ضمن میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی اور ٹاسک پورا نہ کرنیوالے افسران کیخلاف کارروائی ہوگی

 

سرگودھا

اینٹی کرپشن کا سب انسپکٹر رشوت لیتے ہوئے پکڑا گیا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)اینٹی کرپشن کا سب انسپکٹر رشوت لیتے ہوئے پکڑا گیا۔ ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عاصم رضا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سرکل ہیڈ کوارٹر سرگودھا کے سب انسپکٹر غلام حبیب خان عدالتوں سے ضمانت خارج ہونے پر ملزمان کو گرفتار کرنے کے بجائے بھگا دیتا تھا۔ دو روز قبل بھی کرپشن کے مقدمہ کے ملزم کی ہائیکورٹ سے ضمانت منسوخ ہونے پر اسے بھگا دیا ۔ بعدازاں غلام حبیب خان ملزم کے ورثا سے 5ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

وزیر اعظم پر لگائے گئے الزاما ت بے بنیاد ہیں،حامدحمید

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) اپوزیشن جماعتیں پانامہ کیس کے ذریعے ذاتی مفادات کے حصول کی جنگ لڑ رہی ہیںوفاقی پارلیمانی سیکرٹری حامد حمید نے کہاہے کہ اپوزیشن کے وزیر اعظم پر لگائے الزاما ت بے بنیاد اور جھوٹے ہیں ۔وز یر اعظم کو کرپٹ کہنا اخلاقی اقدار کے منافی ہے ۔جو لوگ وز یر اعظم پر الزامات لگارہے ہیں وہ دراصل اپنی دم توڑتی سیاست کو بچانے کیلئے الزاما ت کاکھیل کھیل رہے ہیں لیکن ایسے عناصر کو ناکامی ہوگی ۔اپوزیشن پانامہ کیس کے ذریعے ذاتی مفادات کے حصول کی جنگ لڑ رہی ہے ۔

شاہپور، موٹرسائیکل سے گر کر 2نوجوان زخمی ، ہسپتال منتقل

شاہپورصدر:سرگودھا روڈ پر ٹریفک حادثے میں شاہپور کا بشیر احمد اور محمد کامران موٹر سائیکل سے گر کر شدید زخمی ہو گئے ….سرگودھا روڈ پر ٹریفک حادثے میں شاہپور کا بشیر احمد اور محمد کامران موٹر سائیکل سے گر کر شدید زخمی ہو گئے جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کو طبی امداد دی گئی ۔

مقدمہ قتل کے ایک ملزم کو سزائے موت کا حکم ، 5بری

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسرار زادہ نے خالہ کو قتل کرنیوالے بھانجے کو سزائے موت اور دو لاکھ روپے معاوضہ کی سزا کا حکم سنا دیا جبکہ پانچ ملزمان کو شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا ۔موضع سلکی کے انور حیات اور طاہرہ بتول نے پسند کی شادی کر لی تھی جس کے رنج پر طاہرہ بتول کو 10دسمبر 2014کو فائرنگ کر کے مسجد کی دہلیز پر قتل کر دیا گیا تھا جس کا مقدمہ مقتول کے شوہر انور حیات کی مدعیت میں عامر سہیل، صفدر حسین، تصور ، علی ، سبطین، عاشق کیخلاف درج کر کے پولیس نے چالان عدالت میں پیش کیا تھا۔ فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے مقتولہ طاہرہ بتول کے حقیقی بھانجے عامر سہیل کو سزائے موت اوردو لاکھ معاوضہ کی سزا دی گئی جبکہ دیگر ملزمان کو شک کا فائدہ دیکر بری کر دیا گیا۔

سرگودھا یونیورسٹی کے طلبہ کا اعزاز

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جڑانوالہ کے ادبی مقابلہ جات میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے کہ طلبا و طالبات نے مجموعی طور پر 9پوزیشن حاصل کر ….گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جڑانوالہ کے ادبی مقابلہ جات میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے کہ طلبا و طالبات نے مجموعی طور پر 9پوزیشن حاصل کر کے میدان مار لیا ۔ اسلامی مذاکرہ میں یونیورسٹی لاء کالج کے طالب علم محمد ذوالقرنین نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ انگریزی مباحثہ کے مقابلہ میں شعبہ نفسیات کی طالبہ کائنات عروش اول رہیں۔ پنجابی ٹاکرہ کے مقابلہ میں حافظہ اقراء نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ اردو غزل ، اردو نظم اور پنجابی نظم کے مقابلہ میں محمد قمروش عاطر نے مجموعی طور پر دوسرا ، تیسرا اور حوصلہ افزائی کا انعام حاصل کیا۔ انجینئرنگ کالج کے طالب علم حافظ محمد زوہیب نے قرأت میں تیسری اور شعبہ اردو کے محمد شہباز نے نعت کے مقابلہ میں تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ سرگودھا میڈیکل کالج کے طالب علم محمد اویس نے پنجابی ٹاکرہ کے مقابلہ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

 

سرگودھا کے خبریں

50دیہات میں گیس مہیا کر کے مثال قائم کر دی، محسن رانجھا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا ہے کہ این اے 65کے 50سے زائد چکوک کو سوئی گیس فراہم کرکے عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کر دی ہے ۔ حلقہ میں تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا نیا باب رقم ہوچکا ہے ۔ مخالفین ہمارے ترقیاتی کام دیکھ کر حواس باختہ ہوچکے ہیں عوامی خدمت کا مشن تمام تررکاوٹوں کے باوجود جاری رہے گا ۔ این اے 65کے چکوک 57 شمالی ، ڈیرہ لُنڈا ، کڑانی اور للیانی میں سوئی گیس پائپ لائن بچھانے کے موقع پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اقتدار میں آکر حلقہ میں تعمیر و ترقی کیلئے کام کیا۔انتخابات سے پہلے تمام وعدے پورے کرینگے ۔ اجتماعات سے یوسی چیئرمین مبین بھٹی ، ملک قیصر ٹوانہ ، برگیڈ (ر) اختر چوہدری ذواالفقار گوندل، حاجی مختار احمد گوندل، ظفر ہنجرا، خضرحیات ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

اہل پاکستان امن کیلئے مثبت سوچ رکھتے ہیں ‘ ڈاکٹر رابرٹ نکلس

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)معروف محقق اور استاد پروفیسر ڈاکٹر رابرٹ نکلس نے کہا ہے کہ پراُمن پاکستان کیلئے دیگر علاقوں کی طرح شمالی علاقہ جات بالخصوص فاٹا میں اصلاحات کے ساتھ وہاں کے لوگوں کو حقوق دینے چاہئیں ۔ پاکستان دنیا میں تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک ہے جسکے لوگ عالمی امن و استحکام کیلئے مثبت سوچ رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا یونیورسٹی کے لنکن کارنر میں منعقدہ خصوصی سیمینار بعنوان سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کی صدارت وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کی۔ پروفیسر ڈاکٹر رابرٹ نکلس نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں ایف آر سی کے ظالمانہ قوانین انگریز نے اپنی حکومت کو استحکام دینے کے لئے بنائے تھے ۔ یہ قوانین مکمل طور پر غیر انسانی تھے ۔بدقسمتی سے یہ قوانین اب بھی نافذ العمل ہیں ۔ اس مسئلے کا یہ بھی حل ہے کہ فاٹا کے علاقے کو کے پی کے کا حصہ بنا دیا جائے ۔ ڈاکٹر رابرٹ نکلس نے بعد میں اساتذہ اور طلبہ کے سوالات کے جواب بھی دیے ۔

مشتاق گل کا تعلیم کی اہمیت بارے آگہی مہم چلانے کا اعلان

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) تعلیم کے بغیر انسان ادھورا ہے ۔تعلیم حاصل کر کے انسان چاند تک پہنچ گیا ۔ تمام مذاہب میں علم کے حصول پر زور دیاگیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن مینارٹیز ونگ کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات چوہدری مشتاق گل نے کرسچین یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمتوں میں اقلیتی کوٹہ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے اقلیتی حقوق کی پاسداری کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے مسیحی طلباء و طالبات میں تعلیم کی اہمیت کا شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم چلانے کا بھی اعلان کیا ۔کانفرنس سے ڈائمنڈ جوزف ،رضوان انجم گل ،عادل خورشید ،انیق داؤد دیگر طلباء و طالبات نے خطاب کیا ۔

تفریحی پروگرام صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں،بہادر عباس

شاہپور صدر:ایم پی اے سردار بہادر عباس نے چلڈرن پارک شاہپور میں ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کی جانب سے لگائے گئے مینا بازار اور نمائش کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تفریحی پروگرام بھی ہماری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا سبب بنتے ہیں اور ایسے مواقع اساتذہ اور طالبات کو بہتر طور پر تعلیمی لحاظ سے فعال کرتے ہیں۔اس موقع پر جرمنی سے آئے این جی او کے نمائندہ جیمس ، پرنسپل عمیر اکرم ، ظفر حیات، عبدالرحمن ڈھڈھی ، ڈاکٹر منور و دیگر موجود تھے ۔

عوام اور پولیس میں فاصلے کم کرنا ہوں گے ، سہیل چوہدری

سلانوالی:ڈی پی او سرگو دھا کیپٹن( ر) سہیل چوہدری نے کہا ہے کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کا اولین فریضہ ہے ۔ شہری تعاون کریں تو جرائم کا گراف نیچے لا یا جا سکتا ہے لیکن اس کے لئے عوام اور پولیس میں فاصلے کم کرنا ہوں گے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار قصبہ شاہ نکدر کے قریب جھامرہ پولیس چیک پوسٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ڈی پی او نے کہا کہ تھانہ کلچر تبدیل کیا جا رہا ہے ،ضلعی پولیس نے محدود وسائل کے باوجود جرائم پیشہ عناصر کے خلاف شاندار کا ر کردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کے 27تھانوں میں فرنٹ ڈیسک قائم جبکہ کئی تھانوں کی بوسیدہ عما رات کو از سر نو تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ ایس ایچ او شاہ نکدر نے پولیس کی کا ر کردگی رپورٹ پیش کی ۔ڈی پی او نے شاندار کا ر کردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایس ایچ اوملک محمد اکرم کو 5ہزار روپے نقد اور دیگر اہلکاروں محمد عاشق ،فضل عباس ،ثقلین سوبھی ،غلام شبیر اور طاہر کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا ۔ اس موقع پر تھانہ شاہ نکدر پولیس نے ڈکیتیوں اور چوریوں کی وارداتوں میں جو لوٹا گیا سامان برآمد کیا تھا وہ اصل مالکان کے حوالہ کیا گیا۔

ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے تعلیم کا فروغ ناگزیرہے ،عبدالغفار ڈوگر

سلانوالی:ارکان اسمبلی سردار عبد الغفار ڈوگر ،ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی ،رانا منور غوث اور دیگر لیگی رہنمائوں سردار غلام حسین اور سلطان احمد ڈوگر نے چک 128جنوبی میں الائیڈ سکول سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقہ میں الائیڈ سکول سسٹم کا قیام خوش آئند ہے ۔ادارے کے قیام سے علاقہ کے طلباء و طالبات بھرپور مستفید ہونگے ۔ملک میں ترقی ،خوشحالی ،جہالت اور بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ کاروباری حضرات کارخانے ،پٹرول پمپ لگانے کے ساتھ ساتھ اگر تعلیمی ادارے بنانے پر توجہ دیں تو یہ ایک پاکیزہ کاروبار بھی ہو گا اور عین عبادت بھی ۔تقریب میں مقامی یونین کونسلوں کے چیئرمینز ،وائس چیئرمینز ،کونسلرز اور اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی ۔

پولیس و دیگر اداروں کا سرچ آپریشن 5مشکوک افراد پکڑ ے گئے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈی پی او سہیل چوہدری کی ہدایت پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور پولیس نے118جنوبی میں چائنیز باشندوں کی رہائش گاہوں کے اطراف ،، شاہین آباد اور مضافات میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 5مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔ سرچ آپریشن میں سی ٹی ڈی ، سپیشل برانچ، آئی بی و دیگر اداروں کے آفیسرز، آفیشلز کے علاوہ ایلیٹ فورس ٹیموں اور خواتین پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا ۔

کوٹلہ سیداں میں بنیادی سہولیات کا فقدان‘مکین خوار

شاہپورصدر:نواحی قصبہ کوٹلہ سیداں بنیادی وسائل کی کمی کا شکار ہونے کی وجہ سے مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔ گٹروں کا گندہ اور بدبو دار پانی نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ کھڑا رہتا ہے اور ماحول کی آلودگی کا سبب بنتا ہے ۔صفائی کا نظام نہ ہونے سے جا بجا کوڑے کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔بجلی کے کھمبوں سے لوگوں کے گھروں تک مکانوں کی چھتوں کے اوپر سے تاریں لگا کر بجلی پہنچائی گئی ہے ۔ بارش یا نمی کی صورت میں دیواروں میں کرنٹ آ جاتا ہے جسکی وجہ سے کسی بڑے نقصان کا اندیشہ ہے ۔ قبرستان تک راستہ کچا ہونے سے بارشی دنوں میں میت کو دفنانے میں مشکلات ہوتی ہیں ۔مکینوں محمدا قبال ، حاجی احمد ، سرفراز ، یٰسین ، ممتاز ، امان ودیگر نے حکام سے مسائل حل کرنیکا مطالبہ کیا ہے ۔

سکولوں میں ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کیلئے 30 جون کی ڈیڈلائن

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)حکومت نے سکولوں کے ترقیاتی کاموں کی رفتار سست ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو 30 جون تک منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔حکومتی مراسلہ میں سرکاری سکولوں میں آئی ٹی لیبز، مرمت، بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور اضافی کمروں کی تعمیر کی سکیمیں جلد از جلد مکمل کرنے کا کہا ہے اور انتظامیہ کو کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے فوری طور پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

سبزیوں کی سیوریج کے پانی پر کاشت، بیماریاں پھیلنے لگیں

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حکومتی احکامات نظر انداز، گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت رک نہ سکی جن کے استعمال سے عوام مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں ۔ماحولیات نے متعدد مقامات پر سیوریج کے پانی سے سبزیاں کاشت کئے جانے کی نشاندہی کرتے ہوئے کارروائی کی سفارش کی تھی لیکن نشاندہی کو عرصہ گزر جانے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ گندے پانی سے اگائی جانے والی سبزیاں کینسر، ہیپاٹائٹس جیسی جان لیوا بیماریوں کا سبب بھی بن سکتی ہیں ۔

سرگودہا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب نے سرگودہا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی جس کا باضابطہ اعلان وزیر اعلیٰ خود کرینگے ۔ انہوں نے انتظامیہ کودو ہفتے کے اندراندر ضروری کارروائی کرکے رپوٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔اس سلسلہ میں گزشتہ روز ارکان اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدرت وفاقی پارلیمانی سیکریڑی چوہدری حامد حمید نے کی۔ اس موقع پربتایا گیا کہ ایس ڈی جی ایس پرو گرام 2016-17کے تحت ضلع سرگودہا کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں جس میں سے دس کروڑایم این ایز اور پانچ کروڑ ایم پی ایزکی طرف سے دی گئی سکیموں پر خرچ ہونگے ۔ اس پر وگرام کیلئے عوامی نمائندوں کی طرف سے 1156 سکیموں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ اجلاس میں محکموں کو جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیزکرنے کی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر لیاقت چٹھہ نے کہاکہ غیرمعیاری تعمیرات اور بوگس کام کرنیوالوں کیخلاف اینٹی کرپشن میں پرچے درج کیے جائینگے ۔ اجلاس میں امن عامہ کی صورتحال کے بارے میں ایس پی بلال افتخارنے بر یفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ مزارات سمیت دیگر مذہبی عبادتگاہوں ،تعلیمی اداروں ، عدالتوں ،ججزاور میڈیا ہاؤسزکی سیکورٹی مزیدسخت کردی گئی ہے علاوہ ازیں سماج دشمن عناصرکے خلاف سر چ آپریشن بھرپورطریقہ سے جاری ہے ۔

ن لیگ کی حکومت چند ماہ کی مہمان ہے, تسنیم احمدقریشی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈویژنل صدرپیپلز پارٹی تسنیم احمدقریشی نے کہا ہے کہ لیگی حکمران ٹولہ کی بداعمالیوں کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے۔ا گر صوبہ پنجاب میں بھی آپریشن ہوجاتا تودہشت گردی کے حالیہ وا قعات رونما نہ ہوتے ۔انہوں نے کہا کہ موجود ہ حکومت ا ب صرف چندماہ کی مہمان ہے ۔صر ف پاکستان پیپلزپارٹی ہی ملک اورقوم کو مسائل اور بحرانوں کی دلدل سے نکا لنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

سیف سٹی پراجیکٹ، اضافی چیک پوسٹیں قائم کرنیکی تجویز

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت شہر کے داخلی راستوں پر اضافی چیک پوسٹیں قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے ۔ ذرائع کے مطابق خوشاب روڈ پر جھال چکیاں، اجنالہ روڈ پر مٹھہ لک بائی پاس، فیصل آباد روڈ پر بائی پاس، لاہور روڈ پر انڈسٹریل اسٹیٹ، جھنگ روڈ پر 85جھال اور اسی طرح ضلع بھر کے مختلف داخلی راستوں پر پولیس چیک پوسٹیں قائم کرکے وہاں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ شہر میں داخل ہونیوالے افراد پر نظر رکھی جاسکے ۔

بازاروں میں بجلی کے لٹکتے تار خوف کی علامت، تباہی کا خدشہ

سرگودھا(نامہ نگار)شہرکے مختلف بازاروں میں بجلی کے بے ترتیب لٹکتے ہو ئے تارکسی بھی وقت جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں ۔ مختلف بازاروں میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کے واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کیساتھ ساتھ تاجر بھی اس صورتحال کے ذمہ دار ہیں جن کی ڈنگ ٹپاؤ پالیسی نے حالات انتہائی گھمبیر کر دیئے ہیں۔ ضرورت ا س امر کی ہے کہ پہلی فرصت میں واپڈا حکا م اند رو ن شہر بے ترتیب پھیلے اور لٹکتے ہو ئے بجلی کے تارو ں کودرست کریں ۔

دہشتگردی کیخلاف حکومتی پالیسی پر نظر ثانی کی جائے ‘ ڈاکٹر عتیق

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام ف پنجاب کے صدر ڈاکٹر عتیق الرحمن نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے حکومت کی سمت درست نہیں۔حکومت کو چاہیے کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے از سر نو پالیسی ترتیب دے جس میں مکمل اتفاق رائے ہونا چاہیے ۔سرگودھا میں سیاسی امور کمیٹی کے چیئر مین چوہدری عبدالستار گجر کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور اداروں کوچاہیے کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ وطن عزیز کی سا لمیت اور استحکام میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کی صد سالہ تقریبات آئندہ الیکشن کا رخ متعین کر دیں گی اور ہم آئندہ الیکشن میں بھر پور حصہ لیں گے انہوں نے کہا کہ مدارس دین کے قلعے اور علم کے سر چشمے ہیں ان کے خلاف بلا جواز کاروائی نہیں ہونی چاہیے ۔ ہم حکومت کے اتحادی ہی نہیں بلکہ ناقد بھی ہیں۔ آئینی ترامیم پر ہمارا موقف واضح ہے ہم ملک میں دینی تشخص قائم رکھنا چاہتے ہیں ۔

نیلی بتی، کالے شیشوں والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کی ہدایات

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)آئی جی پنجاب پولیس نے سرگودھا سمیت ریجن بھر کے ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں نیلی بتی والی اور کالے شیشے والی گاڑیوں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائیںتاکہ ان گاڑیوں کی آڑ میں کوئی شر پسند اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل نہ کرسکے اس کے علاوہ پریشر ہارن والی گاڑیوں کیخلاف بھی کاروائی کی ہدایت کی گئی ہے ۔

ڈپٹی کمشنر کادورہ ڈسٹرکٹ جیل، سکیورٹی و دیگر امور کا جائزہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے ڈسٹرکٹ جیل میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ جیل میں اسلحہ ، منشیات،موبائل فون لے جانے کی ہر گز اجازت نہ دی جائے او رجیل میں اسیران کی تعلیم وتربیت کیلئے خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔وہ ڈسٹرکٹ جیل سرگودہا کا دورہ کر رہے تھے ۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل چوہدری عبدالغفور انجم او رڈپٹی سپرنٹنڈ نٹ عبدالوحید خان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے جیل میں ہسپتال کے معائنہ کے علاوہ کچن ، کھانے کا معیار او رمقدار کے علاوہ صفائی کی صورتحال سمیت جیل میں خواتین او ربچوں کے وارڈ کے علاوہ دیگر شعبوں کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے قیدیوں سے ان کے مسائل بھی دریافت کئے ۔

ذوالفقار حمید کا ڈی پی او آفس میں تعمیراتی کاموں کا معائنہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر ذوالفقار حمید نے ڈی پی او آفس کا دورہ کیا اور وہاں پرایس پی انوسٹی گیشن کے زیر تعمیر دفتر کا معائنہ کیا ۔آر پی او نے بلڈنگ کے افسران اور ٹھیکیدار کو سختی سے ہدایت کی کہ معیاری میٹریل استعمال اور کام کو بروقت مکمل کیا جائے ۔ آر پی او نے ڈی پی او آفس کے کمیٹی روم کی تزئین و آرائش کو بھی چیک کیا نیز پولیس آفیسر ریسٹ ہاوئس اور پولیس ہسپتال کے زیر تعمیر کام کاجائزہ لیا ۔ آر پی او ذوالفقار حمید نے تھانہ صدر کی حدود میں تعمیر ہونے والے اصطبل کے جاری کام کا بھی جائزہ لیا اور محکمہ بلڈنگ کے افسران اور ٹھیکیدار کو منصوبے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔

انبالہ مسلم گرلز سکول اقبال کالونی میں فن فیئر کا انعقاد

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) انبالہ مسلم ماڈل گرلز ہائی سکول اقبال کالونی میں گزشتہ روز فن فیئر کا انعقاد کیا گیا جسکی مہمان خصوصی سوشل ویلفیئر آفیسر نادیہ مغل شاہ تھیںجبکہ پرنسپل ڈان گرائمر سکول فوزیہ افتخار، محمد معظم اور ملک مریم شبیر نے خصوصی شرکت کی۔ فن فیئر میں بچوں کی تفریح کیلئے مختلف جھولے ، کھانے پینے کے سٹالز لگائے گئے تھے ۔ پرنسپل مسز ریحانہ ساجد نے مہمانوں کو سکول کی کارکردگی بارے آگاہ کیا۔

کمشنر کی سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ آمد، ڈائریکٹر نے بریفنگ دی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن ندیم محبوب نے سٹرس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ رسالہ 5 کادورہ کیا ۔ اس موقع پر ان کے ساتھ ڈائریکٹر ایگریکلچرسرگودہا ڈویژن رمضان خان نیازی، ڈائریکٹر سٹرس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ محمد نواز خان میکن بھی موجود تھے ۔ کمشنرنے انسٹی ٹیوٹ کے مختلف یونٹس،لیبارٹریز ،سٹورز اور سروس ہاؤسز بھی دیکھے۔ انہوں نے سروس ہاؤسز او رانسٹی ٹیوٹ کی نرسری میں تیارہونے والے پودوں کی خصوصیات او رپیداواری صلاحیت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ قبل ازیں ڈائریکٹر سٹریس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے انہیں بریفنگ بھی دی گئی ۔

دہشتگردوں کی سازشیں متحد ہوکر ناکام بناناہونگی‘محسن شاہنواز

جھاوریاں: وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا ہے کہ دشمنوں کی سازشیں متحد ہوکر ناکام بنانا ہونگی‘ دہشتگردوں کی کارروائی ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتی۔ دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق افراد پوری قوم کے ہیرو ہیں ۔قصبہ ماڑی لک میں 6 کروڑ کی لاگت سے سوئی گیس پائپ لائن بچھانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلقہ کے 50 سے زائد دیہاتوں کو سوئی گیس کی فراہمی کیلئے کام تیزی سے جاری ہے جبکہ حلقہ میں چاروں طرف سڑکوں کا جال بچھا دیا گیا ہے ۔متعدد سکولوں کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر منصوبے تکمیل کی جانب گامزن ہیں ۔اس موقع پر ایم پی اے مہر غلام دستگیر لک‘ آصف یار ‘ چوہدری قیصر ‘ محمد شیر اورامان اﷲنے بھی خطاب کیا۔

نوسربازی کی وارداتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا شہری 53لاکھ روپے سے محروم

سرگودھا(سٹی رپورٹر) پراپرٹی دلوانے ،بیرون ملک بھجوانے اورمشترکہ کاروبار میں منافع کا لالچ دیکر 5شہریوں کو جمع پونجی سے محروم کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق بلاک نمبر5کی کنیز فاطمہ سے احمد نے 15 لاکھ روپے ،گوجرہ کے احمد سے سکندر نے 13لاکھ روپے ،کلیار ٹاؤن کے ناصر سے امجد نے مبینہ طور پرایک لاکھ روپے ،ظفر کالونی کے صدر الحسن سے اسلم نے آٹھ لاکھ روپے ،لاہور کے جابر سے عمران اور عرفان نے 18لاکھ روپے کی رقوم ہتھیا لیں جس پر پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمات درج کر لئے ۔

انتظامیہ گیس اور پٹرولیم کی غیر قانونی فروخت روکنے میں بری طرح نا کام

سرگودھا(سٹی رپورٹر) ریجن بھر میں گیس اورپیٹرولیم مصنوعات کی کھلے عام غیر قانونی فروخت کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔حکومتی گائیڈ لائن پر ناقص عملدرآمد پر حکام نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔سیکشن آفیسر کامرس اینڈ انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے چاروں اضلاع کی سول ایڈمنسٹریشن اور پولیس کو جاری مراسلہ میں بتایا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کی ڈائریکشن کے مطابق اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف در ج ہونیوالے مقدمات میں سول ڈیفنس رولز 1951، ایکسپلوزو ایکٹ1984،پاکستان پیٹرولیم رولز1937 کی دفعات بھی شامل کی جائیں مگر ان ہدایات پر کسی قسم کا عملدرآمد سامنے نہیں آیا اورسابقہ قابل ضمانت دفعات کے تحت ہی مقدمات درج کیے جا رہے ہیں جس کے باعث معمول کی کارروائیوں کے مثبت نتائج موصول نہیں ہو رہے اورمانیٹرنگ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک ،ایک شخص کے خلاف دو یا تین سے زائد مقدمات درج ہونے کے باوجود معمولی جرمانوں اور ضمانتوں کے بعد دوبارہ سرگرم عمل ہے اور یہی وجہ ہے کہ حادثات معمول ہیں۔ صرف ضلع سرگودھا میں گزشتہ 10ماہ کے دوران 7حادثات ہو چکے ہیں۔مراسلہ میں ڈپٹی کمشنر ز اور ڈی پی اوز کو حکومتی گائیڈ لائن پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

سٹی پیکیج کے تحت 45 ترقیاتی منضوبوں کی ابتدائی منظوری

سرگودھا(سٹی رپورٹر) انتظامیہ نے سٹی پیکیج کے تحت 45ترقیاتی سکیموں کی ابتدائی منظوری دیتے ہوئے حکومت سے فنڈز جاری کرنے کی استدعا کر دی ۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے سرگودھاکے لئے سٹی پیکیج کے تحت 20کروڑ روپے کی گرانٹ مختص کرتے ہوئے پانچ کروڑ جاری کر دیئے تھے جس پر انتظامیہ نے ممبران اسمبلی کی مشاورت سے دس کروڑ کی لاگت سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ 33میں 22 ترقیاتی سکیموں اور دس کروڑ سے پی پی 34میں 23 ترقیاتی سکیموں کی ابتدائی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ سرکاری محکموں کو ان سکیموں پر جلد از جلد کام شروع کروانے کے لئے فائل ورک ہر اعتبار سے مکمل کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ انتظامیہ کی طرف سے صوبائی حکومت سے فنڈز جاری کرنے کے لئے تحریری استدعا بھی کی گئی ہے ۔ توقع ہے کہ ان سکیموں پر آئندہ ماہ سے کام شروع ہو جائے گا۔

موٹر سائیکلوں میں خوفناک تصادم، شہری جاں بحق، 2 افراد زخمی

ساہیوال،سر گودہا:عثمان اڈا نہنگ کے قریب پہنچا تو سامنے سے آتی موٹر سائیکل سے ٹکر ہو گئی، موقع پر ہی دم توڑا،سعد اور خالد ہسپتال منتقلاڈا نہنگ کے نزدیک 2 موٹر سائیکلوں میں ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ،دو شدید زخمی ہو گئے ۔عثمان کچا مجوکہ سے موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آرہا تھا کہ اڈا نہنگ کے نزدیکاس کی موٹر سائیکل سامنے سے آتی ہوئی موٹر سائیکل سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں عثمان موقع پر دم توڑ گیا جبکہ سعداﷲ اور خالد شدید زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ضلع کونسل کا ششماہی بجٹ کل پیش کیاجائیگا‘تیاریاں مکمل

سرگودھا(سٹی رپورٹر) ضلع کونسل کاپہلا بجٹ کل پیش کیا جائے گا جس کی تیاریہاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 27کروڑ روپے کا یہ بجٹ مالی سال کی رواں ششماہی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر تیار کیا گیا ہے جس میں ترقیاتی کاموں کیلئے 5 کروڑ روپے جبکہ یکم جنوری سے 30جون 2017 تک ملازمین کی تنخواہوں، ملازمین کی پنشن اوردیگر غیر ترقیاتی اخراجات پورا کرنے کیلئے مجموعی طور پر 15کروڑ روپے سے زائد کے فنڈزرکھے گئے ہیں۔ بجٹ میں منتھلی جائیداد فیس، لائسنس فیس، پرچی فیس، ہاؤسنگ کالونی فیس، لوکل ریٹ اور دیگر ٹیکسز کی آمدن کا اندازہ 8کروڑ روپے جبکہ 15کروڑ سے زائدکی خصوصی گرانٹ حکومت سے ملنے کی متوقع ہے۔چیئر مین ضلع کونسل عاصم میکن نے کہا ہے کہ ہم اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے ضلعی حدود میں درپیش مسائل حل کرنے اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھرپور کوشش کرینگے۔ عوام یہ محسوس کرینگے کہ بلدیاتی نظام کی بحالی سے انکی زندگیاں تبدیل ہوئی ہیں۔

ہلال احمر ہسپتال میں گائنی کے مریضوں کیلئے پیکیج منظور

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) چیئرمین انجمن ہلال احمر کمیٹی ڈی سی لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ ہلال احمر ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے تاکہ لوگ سستے اور معیاری علاج سے استفادہ کر سکیں نیز ہسپتال کے ذرائع آ مدنی میں اضافے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔وہ آج انجمن ہلا ل احمر کمیٹی کے اجلا س کی صدار ت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں گائنی کے مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے 11ہزار روپے کے پیکیج کی منظوری دی گئی جس میں ادویات بھی شامل ہو ں گی۔

نجی سکولوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ،اسلم نوید

پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے میئر کا خطاب

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)حکومت فروغ تعلیم کے لیے پرائیویٹ شعبہ کی خدمات کا بھر پور اعتراف کرتی ہے ۔ پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن سمیت مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار مئیر کارپوریشن ملک اسلم نوید اور سی ای او ایجوکیشن رانا اظہر علی خان نے پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ا ٓفیسر سیکنڈری چوہدری اﷲ رکھا، صدر ڈسٹرکٹ بار راؤ فضل الرحمان، سردار آصف، مرزا محمد اختر ، میاں اظہار الحق ، سید اعجاز کاظمی ، عرفان اکبر چوہدری نو منتخب صدر سید امجد نقوی ، کنور قربان طاہر ، وارث ندیم وڑائچ ،شیراز کامران سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں روپے ٹیکس ادا کرنے کے باوجود پرائیویٹ شعبہ متعدد مسائل کا شکار ہے ۔ حلف اٹھانے والے عہدیداران میں سیدامجد نقوی، بشریٰ اعوان، عتیق الرحمن، انور گوندل، عمران حسن، عبید اﷲ، چوہدری نصیر گجر شفقت اﷲ جبکہ بورڈ آ ف ڈائریکٹر ز میں چیئرمین مرزا محمد اختر وائس چیئرمین سردار آصف ، ممبران رانا شہزاد انور ، خالد وڑائچ ، ملک احمد شیر ، خالق سعید ، عبدالحمید گورسی، مدثر علی، جاوید کھوکھر، ملک ریاض اور زاہد رسول شامل تھے ۔

سکولوں میں عارضی تعیناتیاں روکنے کے احکامات,داخلہ 25 فیصد بڑھانے کا ہدف

اساتذہ شرح خواندگی اور معیار تعلیم میں بہتری لائیں ، سکول کونسلز کے اجلاس باقاعدگی سے بلائے جائیں ،ڈپٹی کمشنر کا سلانوالی میں تعلیمی اداروں کادورہ،لینڈ ریکارڈ سنٹر، رجسٹری اور ڈومیسائل برانچ کا معائنہ بھی کیا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے ضلع بھر کے سرکاری سکولوں میں عارضی پوسٹنگ کی پریکٹس فوری طو رپر ختم کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کو نئے تعلیمی سال میں کچی کلاس میں کم از کم 25فیصد زیادہ بچوں کے داخلہ کا ٹارگٹ دے دیا ۔ وہ گزشتہ روز تحصیل سلانوالی میں مختلف تعلیمی اداروں کادورہ کررہے تھے ۔ اس دوران ڈی ا یم او فاروق حیدر عزیز ، اسسٹنٹ کمشنر سلانوالی شمائلہ منظور ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن رانااظہر علی خان،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نصر ت ریاض اور چیئرمین میونسپل کمیٹی سلانوالی ملک ارشد کھوکھر بھی انکے ساتھ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی اداروں کے سربراہوں او راساتذہ کرام پر زور دیا کہ وہ معمار ان قوم کے روشن مستقبل کیلئے سخت محنت کریں تاکہ معیار تعلیم کے ساتھ ساتھ شرح خواندگی میں اضافے کاخواب شرمندہ تعبیر ہو سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے سکول کونسلز کے اجلاس ماہانہ بنیادوں پر باقاعدگی سے بلانے او رفنڈز کاا ستعمال انتہائی احتیاط سے کرنے کی ضرورت پربھی زور دیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل آفس سلانوالی میں اراضی ریکارڈ سنٹر،رجسٹری برانچ اور ڈومیسائل برانچ کے معائنہ کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت بھی کی ۔ انہوں نے سلانوالی میں و ڈن ہینڈی کرافٹس کیلئے 21کنال اراضی پر مشتمل ایکسپو سنٹر کیلئے مجوزہ جگہ کا بھی معائنہ کیا ۔

سیوریج سسٹم ناپید,جابجا گندگی کے ڈھیر,جوہر کالونی میں زندگی وبال بن گئی

دو گروپوں کی سیا سی لڑائی علاقائی ترقی میں رکاوٹ بن گئی، عوامی احتجاج بھی بے سود ، ڈپٹی کمشنر مسائل سے نجات دلائیں ، اہل علاقہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ارباب اختیار کی عدم توجہی کے باعث جوہر کالونی میں سیوریج سسٹم تباہ ہو کر رہ گیا جس کے نتیجے میں سینکڑوں مکین کئی سالوں سے مسائل کا شکا ر ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سیا سی چوہدراہٹ کی لڑائی کا خمیازہ اہل علاقہ کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ مشرف دور میں یہاں کچھ ترقیاتی کام ہو ئے اس کے بعد مختلف انتخابات کے موقع پر قائدین اہل علاقہ کے ساتھ دلفریب وعدے تو کرتے ہیں مگر حالات میں کو ئی بہتری نہیں آ سکی ۔ سڑکیں گڑھوں کا روپ دھار چکیں جبکہ گلیاں جوہڑ کا منظر پیش کررہی ہیں ۔ عوامی حلقوں کی طرف سے کئی بار احتجاج کے باوجود کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی ۔اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ کالونی کا دورہ کریں اور مسائل کا خود مشاہدہ کرکے ان کو حل کرنے کے لئے مناسب احکامات جا ری کئے جائیں ۔

عوام کرپٹ حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر نکلیں،محمد شفیق

بھلوال: جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے صدر محمد شفیق نے کہا کہ حکو مت نے عوام کو زندہ درگو کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہےجماعت اسلامی یوتھ ونگ کے صدر محمد شفیق نے کہا کہ حکو مت نے عوام کو زندہ درگو کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے ۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے ۔ ہر طرف بھوک نے ڈیڑے ڈا ل رکھے ہیں ۔ حکمرا ن ٹولہ سب ا چھا ہے کی رپورٹ دے رہا ہے۔

مدارس امن کے گہوارے اور آئین کے محافظ ہیں ، الیاس گھمن

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) عالمی اتحاد اہل السنت والجماعت کے زیر اہتمام سالانہ طلباء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد الیاس گھمن نے کہا کہ طلباء ملک و ملت کا قیمتی سرمایہ ہیں ،ملکی تعمیر و ترقی کا دارومدار انہی پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عصری علوم سے دنیا میں ترقی کر سکتے ہیں اور دینی علوم کی بدولت اخروی ابدی نجات کے حقدار بن سکتے ہیں ۔انہوںں نے کہا کہ مدارس اسلامیہ امن کے گہوارے ہیں جہاں والدین کا مقام ومرتبہ ، خاندانی زندگی ،لوگوں سے حسن سلوک ، تعلیم و تربیت ،نادار اور مفلس عوام کی کفالت ، دکھی اور پریشان انسانیت کی دلجوئی ، ایثار وقربانی اور جانثاری کا درس دیا جاتا ہے ۔

مچھروں کی بھرمار، بیماریاں پھیلنے لگیں

سرگودھا(نامہ نگار)سردی کی شدت میں کمی کیساتھ ہی شہر میں مچھروں کی بھرمار سے مہلک بیماریاں ایک بار پھر سر اٹھانے لگی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہےسردی کی شدت میں کمی کیساتھ ہی شہر میں مچھروں کی بھرمار سے مہلک بیماریاں ایک بار پھر سر اٹھانے لگی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ناکارہ سیوریج اور گندگی کے ڈھیروں کے باعث شہر بھر میں مچھروں کی افزائش عروج پر ہے ۔ شہر میں فوری طور پر مچھروں کو تلف کرنے کیلئے سپرے کا آغاز کیا جائے ۔

ساہیوال،تلخ کلامی کی رنجش پر فائرنگ کرکے مخالف کو قتل کر ڈالا

ساہیوال/سر گودہا:موضع منگو والی میں تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا گیا۔منگو والی کے امان اﷲ بھٹی کا اپنے مخالفین سے جھگڑا ہواتھا جس کے رنج میں مخالفین نے امان اللہ پر اس وقت فائرنگ کر دی جب وہ اپنے ڈیرے پر بیٹھا ہوا تھا۔ فائرنگ کی زد میں آکر وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ مخالفین فرار ہوگئے ۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیے کر پوسٹ ماٹم کے لیے بھجوا دی۔

ڈمپر کی مو ٹر سا ئیکل کو ٹکر ،خا تون جا ں بحق، 2 افراد زخمی

پل گیا رہ:تیز رفتار ڈمپر کی مو ٹر سا ئیکل کو ٹکر ،خا تون جا ں بحق،دو افراد شدید زخمی ہو گئے ۔فیصل آباد روڈ پر آسیا نوالہ کے قریب تیز رفتا ر ڈمپر نے مو ٹر سا ئیکل کو رو نڈ ڈالا جس کے نتیجہ میں صا حب بی بی زوجہ محمد ریا ض مو قع پر ہی جاں بحق ہو گئی ،جبکہ نظا م بی بی زو جہ اﷲ یار اور شبیر شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچا دیا گیا ۔ڈمپر ڈرا ئیور موقع سے فرار ہو گیا ۔