شوبز

مسٹر اینڈ مسز سمتھ کا ریمیک کیا تو بتاؤنگی:دپیکا پڈوکون

ممبئی (اے پی پی) بالی ووڈ اداکارہ دپیکاپڈوکون کو ہالی ووڈ فلم “مسٹر اینڈ مسز سمتھ” کے ریمیک میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی ہے ۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اطلاعات کے مطابق اداکارہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’پدماوتی‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اوراب سنا جارہا ہے کہ انہیں ہالی ووڈ فلم کے ریمیک “مسٹر اینڈ مسز سمتھ ” میں کام کی پیشکش کی گئی ہے ۔ تمام افواہوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ”مجھے جن فلموں میں کام کی پیشکش کی جاتی ہے میں صرف ان فلموں کے بارے میں بات کرتی ہوں اور اگر نہیں تو میں اس بارے میں کبھی بات نہیں کرتی”۔ انہوں نے کہا کہ میں اس وقت صرف سنجے لیلا بھنسالی کی”پدماوتی” میں کام کر رہی ہوں اگرمجھے ہالی ووڈ فلم کی پیشکش کی گئی تو اس بارے میں ضرور بات کروں گی ۔

سنی لیون کی بحرین کے شہزادے سے ملاقات

لندن: اداکارہ سنی لیون نے لندن فیشن ویک کے دوران بحرین کے شہزادہ شیخ حامد بن علی الخلیفہ سے ملاقات کیاداکارہ سنی لیون نے لندن فیشن ویک کے دوران بحرین کے شہزادہ شیخ حامد بن علی الخلیفہ سے ملاقات کی، اس موقع پر ان کے شوہر ڈینئل ویبر بھی موجود تھے ۔سنی لیون نے شہزادہ حامد اور شاہی گھرانے کے دیگر افراد کے ساتھ ایک شاندار ڈنر کیا۔سنی لیون کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران معمول کی خوشگوار باتیں ہوئیں، شہزادہ حامد نے اپنی شاہانہ زندگی اور اپنے ملک سے متعلق آگاہ کیا، ساتھ ہی لاس اینجلس میں گزارے گئے ایام پر بھی بات کی۔شہزادے نے بھارتی اداکارہ کو خوبصورت تحفہ بھی پیش کیا جس پر سنی لیون نے خوشگوار حیرت کا اظہارکیا۔

سلمان خان دنیا کی سب سے وزنی مداح سے ملیں گے

ممبئی(اے این این)بالی ووڈ کے اداکار سلمان خان اپنی رحم دلی کی وجہ سے خاصے مشہور اور اپنے مداحوں کو بھی خوش کرتے رہتے ہیں ۔مصر سے تعلق رکھنے والی دنیا کی سب سے وزنی خاتون ایمان کا وزن500کلو ہے اور وہ سرجری کے سلسلے میں بھارت آئی ہوئی ہیں ۔انہوں نے اپنے آپریشن سے پہلے ڈاکٹر سے خواہش کا اظہار کیا کہ وہ سلمان خان کی بہت بڑی مداح اور ان سے ملنا چاہتی ہیں ۔سرجن نے ایمان کی یہ خواہش سلمان کی ٹیم تک پہنچا دی اور سلو بھائی کے بھائی ارباز کا کہنا ہے کہ سلمان ایمان کی یہ خواہش ضرور پوری کریں گے اور ان کی ٹیم ان کے شیڈول کے مطابق ملنے کا وقت طے کر کے ایمان کو مطلع کردے گی۔

ماہرہ خان فلم رئیس کی کامیابی کے باوجود افسردہ

ممبئی(اے این این)بالی ووڈ سپر سٹار شاہ رخ خان کے ساتھ رئیس کے ذریعے بھارتی فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کرنے والی پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی پہلی انٹری نے ہی بھارت سمیت دیگر ممالک میں کھڑکی توڑ بزنس کیا لیکن اس کے باوجود اداکارہ افسردہ ہیں۔اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک وڈیو شیئر کی جس میں وہ بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے کی اداکارہ کاجل کی طرح کھیتوں میں رقص کرتی نظر آ رہی ہیں۔ویڈیو کے ساتھ اداکارہ نے لکھا کہ انہیں افسوس ہے کہ فلم رئیس میں وہ یہ سب نہیں کرسکیں جیسے اداکارہ کاجل نے فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے میں کیا تھا۔واضح رہے کہ راہول ڈھولکیا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم رئیس میں ماہرہ نے شاہ رخ کی اہلیہ کا کردار ادا کیا ہے ۔

سیدنور کاندیم اورشبنم کیساتھ ’’آئینہ‘‘پارٹ ٹوبنانے کا فیصلہ

کراچی (سٹاف رپورٹر)ہدایتکار سید نور کا فلم آئینہ کا پارٹ ٹو بنانے کا فیصلہ ، مذکورہ فلم میں اہم کرداروں کیلئے شبنم اور ندیم کو کاسٹ کیا جائیگا اس حوالے سے گزشتہ دنوں سید نور نے شبنم کو فلم میں کام کی آفر دی جس کے جواب میں شبنم نے فلم کا سکرپٹ جاندار ہونے کی شرط رکھی ہے ، سید نور نے ان کویقین دلایا کہ ماضی کی فلم آئینہ سے آئینہ 2 کی کہانی منفرد و جاندار ہوگی جس میں فنکاروں کے کردار بھی بالخصوص شبنم و ندیم کے یادگار ثابت ہونگے ۔ شبنم کی خواہش ہے کہ ملکی فلم انڈسٹری ایک بار پھر سنہرے دور میں داخل ہوجائے کراچی کے دیگر فلمساز بھی شبنم کو کاسٹ کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ شبنم پاکستان میں فلمسازی کے بڑھتے ہوئے رجحان کو دیکھ کر خوش ہورہی ہیں ان کی کوشش ہے کہ اپنی عمر کے لحاظ سے کرداروں کا انتخاب کریں جس میں پرفارمنس کے مواقع بھی بھرپور ہوں اس کے لئے ان کو سینئر ساتھی اداکار بھی مشورے دے رہے ہیں اور وہ خود بھی اپنے سینئر ساتھی بالخصوص ندیم بیگ سے صلاح مشورے کررہی ہیں۔

توقیر ناصر ،خلیل الرحمن قمر کے ڈرامے میں جلوہ گرہونگے

لاہور(کلچرل رپورٹر)توقیرناصرمصنف وہدایتکار خلیل الرحمن قمرکی نئی ڈرامہ سیریل میں جلوہ گرہونگے ۔سیریل کی ریکارڈنگ میں وسیم عباس ،بابرعلی،کاشف محموداوردیگرفنکاربھی حصہ لے رہے ہیں۔توقیرناصرنے بتایاامیدہے ناظرین سیریل میں مجھے پسندکرینگے ۔

سیف نے سارہ کی انڈسٹری میں انٹری کی تصدیق کر دی

ممبئی(آئی این پی) اداکار سیف علی خان نے اپنی بیٹی سارہ علی خان کی فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہدایتکار و پروڈیوسر کرن جوہر ان کی بیٹی سارہ علی خان کو بالی ووڈ میں متعارف کرائیں گےاداکار سیف علی خان نے اپنی بیٹی سارہ علی خان کی فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہدایتکار و پروڈیوسر کرن جوہر ان کی بیٹی سارہ علی خان کو بالی ووڈ میں متعارف کرائیں گے ۔ سیف علی خان نے کہا انہوں نے سارہ کی فلمی دنیا میں ایکٹنگ کے فیصلے کو مان لیا ہے ۔

حاسدین کی پرواہ نہیں:نیلم منیر

لاہور ( این این آئی) اداکارہ نیلم منیر نے کہا ہے کہ منفی تنقید ہمارے ہاں رواج بن چکی ہے جو بھی اداکار کامیابیوں کی بلندیوں پر جاتا ہے دوسرے اس کی ٹانگ کھینچنے میں مصروف ہوجاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا شوبز کی دنیا میں جہاں میرے بڑے اچھے دوست ہیں وہیں حاسدین بھی موجود ہیں لیکن مجھے ان کی پروا ہ نہیں ۔ جو کسی نہ کسی طرح میری شہرت کو نقصان پہنچانے کے در پے رہتے ہیں مگر مجھے ایسے لوگوں کی کوئی پرواہ نہیں کیونکہ یہ صرف اپنی شناخت بنانے کے لئے بڑے سٹار پر تنقید کرتے ہیں ، اس طرح کے منفی روئیے اپنانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانک لینا چاہیے اور پھر وہ دوسروں پر تنقید کریں ۔

کرینہ کپور خان اپنے شوہر سیف علی خان کی فلم ”رنگون “ کیلئے میدان میں آگئیں،رنگون سال 2017ءکی بہترین فلموں میں سے ہو گی


ممبئی (اے پی پی) اداکارہ کرینہ کپور خان اپنے شوہر سیف علی خان کی آئندہ فلم ”رنگون “ کیلئے میدان میں آگئیں، انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان کے شوہر سیف علی خان اور شاہد کپور کی آنے والی فلم ‘رنگون” سال 2017ءکی بہترین فلموں میں سے ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلم میرے لئے بہت جذباتی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ اس فلم کو ساجد پروڈیوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی فلم “ویرے دی ویڈنگ “کے حوالے سے کہا کہ ہم مئی میں فلم کی عکسبندی دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے فلم کی کہانی کے بارے میں کہا کہ اس کی کہانی 4 مختلف خواتین کی زندگیوں پر مشتمل ہے جو کہ متاثر کن ہو گی۔

بھارتی مسلمان اداکارہ فریدہ جلال کے انتقال کی خبر جھوٹی نکلی


نئی دہلی(صباح نیوز)بولی وڈ کی معروف اداکارہ فریدہ جلال کے انتقال کی خبریں گزشتہ روز سے گردش کر رہی تھیں،تاہم 67 سالہ فریدہ زندہ سلامت اور بالکل صحت مند ہیں۔انتقال کی جھوٹی خبروں کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اداکارہ نے فوری طور پر انہیں بے بنیاد قرار دیا۔بھارتی ٹی وی ایک رپورٹ کے مطابق فریدہ جلال کا کہنا تھا میں بالکل صحت مند اور خوش ہوں، مجھے نہیں معلوم یہ جھوٹی افواہیں کہاں سے آرہی ہیں۔انہوں نے ان افواہوں کے بارے میں کہا شروع میں، میں نے ان باتوں کو مذاق کے طور پر لیا، لیکن گزشتہ 30 منٹ سے میرا موبائل فون مسلسل بج رہا ہے اور لوگ مجھ سے یہی سوال کررہے ہیں، اب میں ان سے پریشان ہوں، مجھے سمجھ نہیں آتا لوگ ایسی افواہیں کیوں پھیلاتے ہیں۔فریدہ جلال نے اپنے کیریئر کا آغاز 1963 میں فلم یہ راستے ہیں پیار کے سے ایک چائلد اسٹار کے طور پر کیا۔وہ اپنے کیریئر میں 200 سے زائد فلموں میں جلوہ گر ہوچکی ہیں، جن میں ہندی سینما کی کامیاب فلم ‘دل والے دلہنیا لے جائیں گے شامل ہے، ان کی فلم سرگوشیاں بھی رواں سال ریلیز ہوگی۔فریدہ جلال نے کئی بھارتی ڈراموں میں بھی کام کیا جن میں شرارت اور یہ جو ہے زندگی وغیرہ شامل ہیں۔

شوبز کی خبریں

نیل نتن مکیش کی شادی کی استقبالیہ تقریب ،سٹارز شریک

ممبئی (اے پی پی) بالی ووڈ اداکارنیل نتن مکیش کی شادی کی استقبالیہ تقریب گزشتہ رات منعقد ہوئی جس میں بالی ووڈ کے سپر سٹارز نے شرکت کی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیل نتن مکیش اور رکمنی سہائے 9 فروری کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے ،گزشتہ رات انہوں نے فلم نگری میں شادی کی استقبالیہ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا جس میں بچن فیملی،سلمان خان،پدمنی کولہا پوری ،پونم ڈھلون ، سپنا مکھرجی ، بپاشا باسو ، کرن سنگھ گروور ، اروشی روتیلا ،کترینہ کیف اور ریکھا سمیت متعدد فلمی شخصیات نے شرکت کی اورانہوں نے نئے جوڑے کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ٹائیگر شروف کو سب سے زیادہ فٹ اداکار مانتی ہوں:شلپا

ممبئی (اے پی پی)با لی ووڈ کی فٹنس آئیکون شلپا شیٹھی نے ٹائیگر شروف کو سب سے زیادہ فٹ اداکار قرار دیدیا۔شلپا بالی ووڈ کی فٹنس آئیکون مانی جاتی ہیں اور ماں بننے کے بعد بھی شلپا نے جس طرح اپنی فٹنس کو بحال رکھا وہ کسی کو بھی متاثر کرسکتی ہے لیکن خود شلپا کسی اور کی فٹنس سے متاثر ہیں۔شلپا ، ٹائیگر شروف کی فٹنس سے بہت متاثر ہیں حال ہی میں ایک تقریب میں شلپا نے کہا کہ میں ٹائیگر کی کافی عزت کرتی ہوں ،میں نے ٹائیگر کو اکیلے ساحل پر ٹھیک میرے گھر کے سامنے مارشل آرٹس کی پریکٹس کرتے ہوئے دیکھا ہے ۔صبح کے 6 بجے ہوں یا شام کے ، میں نے انہیں وہاں دیکھا ، ” شلپا، ٹائیگر کو فٹنس کے جنگل کا سچا ٹائیگر مانتی ہیں۔شلپا نے کہا ان کا بیٹا ٹائیگر کا زبردست فین ہے ۔واضح رہے شلپا نے حال ہی میں فٹنس کو لے کر اپنی نئی ویب سائٹ لانچ کی ہے ۔

 

پریانکاچوپڑا اور دپیکا پڈوکون جیسی پرفیکٹ نہیں:سونم کپور

ممبئی(اے این این)پریانکا اور دپیکا کے بعد اب سونم کی بھی ہالی ووڈ میں انٹری کی خبریں گردش میں ہیں۔سونم کے مطابق بالی ووڈ اور ہالی ووڈ میں کام کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتاپریانکا اور دپیکا کے بعد اب سونم کی بھی ہالی ووڈ میں انٹری کی خبریں گردش میں ہیں۔سونم کے مطابق بالی ووڈ اور ہالی ووڈ میں کام کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ اسی حوالے سے جب سونم کپور سے دیگر اداکارائوں کی ہالی ووڈ میں انٹری کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا جواب تھا میں اتنی پرفیکٹ نہیں ہوں جتنی پریانکا چوپڑا اور دپیکا پڈوکون ہیں مجھے نہیں لگتا کہ میں ان جیسی شاندار پرفارمنس دے سکوں لیکن میں کوشش ضرور کروں گی کہ انکے معیار تک پہنچ پاؤں۔

 

شوبز نے جو عزت دی اس کا تصور بھی نہیں تھا ،شہہ پارہ
لاہور(فلم رپورٹر) اداکارہ وپرفارمرشہہ پارہ نے کہا ہے کہ خلوص کے بغیر کامیاب زندگی گذارنا ممکن نہیں میں نے کبھی کسی کام میں جلد بازی کی اور نہ ہی دوستوں کی مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ کرتی ہوں فلموں میں کام کی پیشکش ہو رہی ہے مگر حالات کو دیکھنے کے بعد ہی کام کرنے کی حامی بھروں گی۔ مجھے شوبز نے جو عزت دی اس کا تصور بھی نہیں تھا لیکن اصل وجہ یہ ہے کہ میں نے کبھی بھی کسی کے خلاف کوئی سازش کی اور نہ ہی لڑائی جھگڑنے والی ہوں۔شہہ پارہ نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ اگر انسان میں خلوص ہو تو کامیاب زندگی گزارنا مشکل نہیں خلوص سے انسان کو ہر چیز مل جاتی ہے۔