سپورٹس

شہریار خان کی پلیئرز پر مہربانی,میچ فکسنگ کی دھندلی تصویر واضح ہونے لگی

 راولپنڈی( اسپورٹس رپورٹر) پی سی بی چیئرمین شہریار خان کی ’’مہربانی ‘‘ سے میچ فکسنگ کی دھندلی تصویر ’’واضح‘‘ ہونے لگی ۔گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے چیئر مین پی سی بی شہریار خان نے شرجیل خان اور خالد لطیف کو معصوم قرار دے دیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کو معلوم نہیں تھا کہ جس شخص سے ملاقات کر رہے ہیں وہ بکی ہے یا ان کا پرستار۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا پہلا ایونٹ کامیاب رہا جس کے بعد بکیز سرگرم ہوگئے ۔ میچ فکسنگ پوری دنیا میں ہوتی ہے ۔ بھارت ،بنگلہ دیش اور سری لنکا سمیت جہاں بھی ٹی ٹوئنٹی میچز ہوتے ہیں وہاں سٹے بازآجاتے ہیں۔دونوں کھلاڑیوں کو چارج شیٹ دے دی ہے اور اب ان کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔ایک سوال پرشہریار خان نے بتایا کہ یوسف نامی بکی ناصر جمشید کے ذریعے شرجیل خان اور خالد لطیف تک پہنچا ۔ بورڈٖ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو کھلاڑیوں کی مشکوک ملاقاتوں کا علم ہوگیا ۔اس لئے فوری طور پر انہیں وطن واپس بھیج دیا گیااور بعد میں کھلاڑیوں نے بھی اپنی غلطی تسلیم کی۔ انہوں نے کہا کہ بکی براہ راست رابطہ نہیں کرتے ، وہ رشتہ داروں یا سابق کھلاڑیوں کے ذریعے اپنے ہدف حاصل کرتے ہیں تاہم بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کو باقاعدگی سے انگلش اور اردو میں لیکچرز دئیے جاتے ہیں تاکہ وہ کرپشن سے دور رہیں۔شہریار خان نے اجلاس کو بتایا کہ کھلاڑیوں کی مشکوک افراد سے ملاقاتوں کے بعد شرجیل خان پر کڑی نظر رکھی اور میچ کے بعد ان کیخلاف کارروائی کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ خالد لطیف تو پی ایس ایل میں میچ ہی نہیں کھیل سکے اورفاسٹ بالر محمد عرفان نے بکی کی بات سنی ان سنی کردی تھی مگر ان میں سے کسی نے بھی اینٹی کرپشن یونٹ کو بروقت اطلا ع نہیں دی ۔اس معاملے سے متعلق خالد لطیف اور شرجیل خان اعتراف بھی کرچکے ہیں مگر کھلاڑیوں کا اصرار ہے کہ وہ میچ فکسنگ میں ملوث نہیں ہیں ۔ شہریار خان کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کا دبئی میں ریکارڈ کیا گیا بیان آفیشل نہیں تھا ۔ دونوں کھلاڑیوں کے پرانے بیان اور لاہور میں ریکارڈ کئے گئے بیان میں کافی فرق ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کو چارج شیٹ دی گئی ہے جس کا جواب انہیں دو ہفتوں میں دینا ہے ۔ دونوں کا حتمی موقف سامنے آنے کے بعد کیس کی سماعت کیلئے ٹریبونل قائم کریں گے جو معاملے کی مزید تحقیقات کرے گا۔چیئر مین بورڈ نے واضح کیا کہ اگر جرم ثابت ہو گیا تو ان کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگے گی ۔ اس موقع پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر مشاہد اﷲ خان نے برہمی کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ آپ کے علم میں پہلے سے یہ معاملہ تھا تو اقدامات کیوں نہیں کئے گئے ۔ آئی سی سی سے پی سی بی نے خود رابطہ کیا تو میڈیامیں چلنے والی خبروں کی تردید کیوں نہیں کی گئی۔ ماضی میں بھی اس حوالے سے ملک کی بدنامی ہوئی اور اگر تب بدعنوان کھلاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا تا تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ میچ فکسنگ ا سکینڈل کی شفاف تحقیقات کرکے ملوث کھلاڑیوں کو سخت سزا دی جائے تاکہ کھیل سے یہ ناسور ہمیشہ کیلئے ختم ہو سکے اور اگر دونوں کھلاڑی ملوث نہیں ہیں تو ان کا دفاع کیا جائے ۔یاد رہے کہ کرکٹ بورڈ کے حکام پہلے کہہ رہے تھے کہ ان کے پاس میچ فکسنگ کے ٹھوس شواہد موجود ہیں مگرشہریار خان نے یہ کہہ کر غبارے سے ہوا نکال دی ہے کہ کھلاڑیوں نے صرف بکی سے ملاقات کی تھی اور ایسا انجانے میں ہوا تھا۔

شرجیل اور خالد پر 10سال سے لیکر تاحیات پابندی کا امکان

لاہور:پاکستان سپرلیگ میں سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث قومی کھلاڑی شرجیل خان اور خالدلطیف پر 10سال سے لے کر تاحیات پابندی لگنے کا…پاکستان سپرلیگ میں سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث قومی کھلاڑی شرجیل خان اور خالدلطیف پر 10سال سے لے کر تاحیات پابندی لگنے کا امکان ہے ،گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین پی سی بی شہریارخان نے کہا کہ اگر فکسنگ ثابت ہو گئی تو دونوں پر 10سال سے لے کر تاحیات پابندی لگنے کا امکان ہے ،انہوں نے کہا اینٹی کرپشن یونٹ کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں جو کھلاڑیوں کو بھی دکھائے گئے ہیں۔

پی ایس ایل فائنل سے مثبت پیغام جائے گا ,پی سی بی

لاہور( اسپورٹس ڈیسک)دہشت گردوں کے ہاتھوں کسی صورت بلیک میل نہیں ہوں گے ، یہ میچ کامیابی سے ہوگیا توانٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی میں مدد ملے گی،غیر ملکی کھلاڑیوں کو وی آئی پی سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی تمام اسٹیک ہولڈر ز میچ کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، 50کھلاڑی لاہور آنے کو تیار ہیں، نجم سیٹھی سے رابطہ ہے جو مزید کھلاڑیوں کو دورے کیلئے قائل کر رہے ہیں، شہریار خانچیئر مین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے ۔قذافی ا سٹیڈیم میں پی ایس ایل فائنل رسک ہے مگر سیکیورٹی اداروں پر پورا بھروسہ ہے ، یہ میچ کامیابی سے ہوگیا تو مثبت تاثر کیساتھ انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔گزشتہ روز قذافی ا سٹیڈیم میں پی ایس فائنل کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے آخری میچ کا لاہور میں انعقاد ضروری ہے مگر دہشت گردوں کے ہاتھوں بلیک میل ہوں گے اور نہ ان کے سامنے گھٹنے ٹیکیں گے ۔ اپنے سیکیورٹی اداروں پر مکمل بھروسہ ہے جو غیر ملکی کھلاڑیوں کی حفاظت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ فائنل ہر صورت لاہور میں ہی ہو گا اور اگر یہ ہو گیا تو اس سے نا صرف دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر جائے گا بلکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی ۔امید ہے کہ راتوں رات نہ سہی لیکن آہستہ آہستہ بڑی ٹیمیں کرکٹ کھیلنے کیلئے پاکستان آنا شروع ہو جائیں گی۔زمبابوے کے علاوہ کوئی بڑی ٹیم یہاں آ کر کھیل نہیں رہی تو اگر فائنل کامیابی سے لاہور میں ہو گیا تو دنیا کو پاکستان کرکٹ کے بارے میں مثبت پیغام ملے گا کہ یہاں حالات ٹھیک ہیں اور موثر سیکیورٹی کے انتظامات ہیں۔ شائقین لاہور میں فائنل دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں۔ایک سوال پر شہریار خان نے کہا کہ فائنل لاہور میں ہونا بڑا اہم اور خوش آئند اقدام ہے جس سے آئندہ بھی انٹر نیشنل کھلاڑیوں کی پاکستان میں آمد کا سلسلہ جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ 50سے زائد غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنا چاہتے ہیں جنہیں بھر پور سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جس کیلئے پی سی بی کو حکومت، پولیس، رینجرز، انٹیلی جنس سب کا تعاون حاصل ہے ۔ ایک سوال پران کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو وی وی آئی پی سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جبکہ دیگر پلیئرز سے بھی پاکستان آنے کیلئے بات چیت جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل فائنل ملک میں کرانے کیلئے حکومت سے رجوع کیا تھا۔ انہیں انتظامیہ نے مثبت اشارہ دیا اور میچ کرانے سے منع نہیں کیا گیا جس پر ٹورنامنٹ کے فائنل کی میزبانی لاہور میں کر رہے ہیں۔ پی ایس ایل فائنل سے پاکستان کرکٹ اور پی سی بی کو بہت فائدہ ہو گا اور یقین ہے کہ ملکی سیکیورٹی فورسز اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کریں گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول حکومت اور سیکیورٹی ایجنسیز فائنل کے کامیاب انعقاد کیلئے اپنی جانب سے اچھے انتظامات کر نے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی وجہ سے اسکولز کرکٹ پروگرام بھی ملتوی ہوا مگر مستقبل قریب میں اسے ضرور کرائیں گے ۔ ایک سوال پر شہریار خان نے کہا کہ نجم سیٹھی غیر ملکی کھلاڑیوں سے بات چیت کیلئے دبئی میں موجود ہیں جن سے روزانہ رابطہ ہوتاہے ۔ اب تک تقریباً پچاس غیر ملکی کھلاڑی فائنل کھیلنے کیلئے لاہور آنے کو تیار ہو چکے ہیں اور امید ہے کہ باقی کھلاڑی بھی جلد رضا مند ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی ٹکٹس اور اعزازی پاسز کیلئے بہت دباؤ ہے اور ٹکٹس کی فروخت کے حوالے سے شیڈول آئندہ ایک دو روز میں جاری کر دیا جائے گا البتہ ابھی سے پاسز کیلئے فون کالز آ رہی ہیں۔ واضح رہے کہ پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی سربراہی میں فرنچائز مالکان کا دبئی میں اجلاس ہواتھا جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آنے یا نہ آنے کے باوجود پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ تمام فرنچائز ز کو یہ اختیار دیاگیا ہے کہ وہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی فائنل سے دستبرداری پر نئے پلیئرز ڈرافٹ سے نئے کھلاڑیوں کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ ایک سوال پرچیئرمین شہریار خان نے کہا کہ پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام کا سامنا کرنے والے کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف پردس سال سے لیکر تاحیات پابندی عائد ہوسکتی ہے ۔ اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور مکمل تحقیقات کے بعد اس حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

آئر لینڈ نے آئندہ سال ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھنے کو اپنا ہدف بنا لیا

بلفاسٹ(اسپورٹس ڈیسک)آئر لینڈ نے دوہزار اٹھارہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھنے کو اپنا ہدف بنا لیا۔ کرکٹ آئر لینڈ کے چیف ایگزیکٹو ورین ڈیوٹروم نے بتایا کہ …آئر لینڈ نے دوہزار اٹھارہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھنے کو اپنا ہدف بنا لیا۔ کرکٹ آئر لینڈ کے چیف ایگزیکٹو ورین ڈیوٹروم نے بتایا کہ آئندہ سال ٹیسٹ میچز کھیلنے کی منصوبہ بندی نہیں کی گئی اور ایسا آئندہ سال ممکن ہوسکتا ہے ۔ آئی سی سی کہہ چکی ہے کہ وہ اپریل میں بورڈ میٹنگ کے دوران آئر لینڈ اور افغانستان کو ٹیسٹ اسٹیٹس دینے کا فیصلہ کر ے گی ۔

انگلش بیٹسمین اوئن مورگن کا پاکستان سپر لیگ میں سفر تمام

شارجہ (اسپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیم کے کپتان اوئن مورگن ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے سبب پاکستان سپر لیگ کو چھوڑ کر وطن لوٹ گئےانگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیم کے کپتان اوئن مورگن ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے سبب پاکستان سپر لیگ کو چھوڑ کر وطن لوٹ گئے ۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں اپنی شرکت کے تجربے کو انتہائی شاندار قرار دیا ہے۔ پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے اوئن مورگن کاکہنا تھا کہ دورہ ویسٹ انڈیز کے سبب چند میچوں کیلئے فرنچائز سے معاہدہ ہوا تھا اور کراچی کنگز سے میچ کے بعد انہیں واپس لوٹنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سال پی ایس ایل میں ان کیلئے بہترین رہا اور کوچ سمیت تمام اسٹاف بھی بہت شاندار تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بھی ان کا بہت خیال رکھا ۔

پی ایس ایل فائنل:غیر ملکی کھلاڑیوں کو دولت سے رام کرنے کا منصوبہ

وینیوکے باہر تین درجاتی سیکیورٹی حصار بنایا جائے گا ، ٹیموں کی حفاظت فوج اور رینجرز کے سپرد ہوگی، ہوٹل اور اسٹیڈیم کے اطراف خفیہ کیمرے لگانے کا فیصلہ ، شائقین پر بھی کڑی نگاہ رکھی جائے گی، ذرائع کراچی(اسپورٹس ڈیسک ) پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کافائنل لاہور میں کھیلنے کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کو دولت سے رام کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کا فائنل پاکستانی سرزمین پر کرانے کیلئے ہر غیر ملکی کھلاڑی کو اضافی دس ہزار ڈالرز دینے کی پیشکش کی گئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ انگلینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، سری لنکا اور زمبابوے سے تعلق رکھنے والے 54پلیئرز نے پی سی بی کے میگا ایونٹ کا حصہ بننے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے ۔ ان میں ڈیوڈ میلان، شہریار نفیس، اشعر زیدی، ایلٹن چگمبورا اور دیگر شامل ہیں۔فائنل کیلئے الگ ڈرافٹنگ میں ٹیمیں دستیاب پول میں سے غیرملکی کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی۔ایونٹ میں شرکت کرنے والے چند غیرملکی کھلاڑی بھی پی ایس ایل فائنل کیلئے لاہور آنے کو تیار ہیں تاہم کرس گیل، کمارسنگا کارا، مہیلا جے وردنے سمیت دیگرکھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے معذرت کر لی ہے ۔وزیر اعظم ،آرمی چیف اور وزرا ئے اعلیٰ کو پانچ مارچ کو قذافی ا سٹیڈیم میں فائنل میچ دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے جس کی سیکیورٹی فوج اور رینجرز کے سپرد ہوگی ۔قذافی اسٹیڈیم میں کیمروں کی تنصیب کا کام جلد مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے اور گراؤنڈسے کھلاڑیوں کے ہوٹل تک ہر جگہ کیمرے لگیں گے جبکہ تماشائیوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دبئی میں پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی موجودگی میں فرنچائز مالکان کے ساتھ ایک اجلاس ہوا جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں ہی کرایا جائے گا ۔پی ایس ایل حکام کا کہنا ہے کہ لاہور میں فائنل کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو دس ہزار ڈالرز اضافی دئیے جائیں گے ۔ سری لنکا، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے علاوہ دیگر ممالک کے کھلاڑی پی ایس ایل فائنل میں شرکت کیلئے لاہور آنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور میچ کے انعقاد پر تمام کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ پی سی بی نے تمام ٹیموں کو موجودہ کھلاڑیوں کی جانب سے لاہور آنے سے انکار کی صورت میں ان کے متبادل کے انتخاب کیلئے غیرملکی کھلاڑیوں کی نئی فہرست جاری کردی ہے ۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں وہ غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں جو پی ایس ایل کے رواں سیزن میں ٹیموں کا حصہ نہیں ہیں۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی ،انگلینڈ کے روی بوپارہ، ڈیوڈ میلان اور کرس جورڈن نے لاہور آنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے ۔پاکستان کا رخ کرنے سے انکار کرنے والے بڑے ناموں میں کراچی کنگز کے کپتان کمارسنگاکارا، مہیلا جے وردنے اور کرس گیل شامل ہیں ۔ جو کھلاڑی پاکستان آکر میچ کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔ ان میں سری لنکا کے جیون مینڈس، کوشل مینڈس، ویسٹ انڈیز کے سابق پیسر فیڈل ایڈورڈز، انگلینڈ کے اویس شاہ ، یاسر عرفات ، اظہر اﷲ ،زمبابوے کے سابق کپتان برینڈن ٹیلر ، ایلٹن چیگمبورا ،ویسٹ انڈیز کے سلیمان بین، شہریار نفیس، اشعر زیدی،میگوئیل کمنز،ڈیون تھامس، جیسن محمد، شین شیلنگفورڈ، ڈینز حیات ،ٹینو بیسٹ،عظیم رفیق، فل مسٹرڈ،میکس والر ،ڈیرن اسٹیونز ،پیٹر ٹریگو، جیڈ ڈرن بیخ،کریگ ایرون، شان ولیمز، برینڈن ٹیلر، گریم کریمر، انعام الحق، سومیا سرکار،اصغر اسٹینکزئی، دولت زدران،نوروز مینگل، راشد خان،روحان مصطفی،اسٹیون ریان ٹیلر اور دیگر شامل ہیں۔ ایونٹ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور پاک فوج کے سربراہ قمر جاوید باجوہ کو قذافی اسٹیڈیم میں فائنل دیکھنے کی دعوت دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا فائنل ملک میں کرانے کے حتمی فیصلے پر سیکیورٹی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے اورسیف سٹی پراجیکٹ کو قذافی اسٹیڈیم میں کیمروں کی تنصیب کا کام جلد مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق فائنل میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے قذافی اسٹیڈیم سے کھلاڑیوں کے ہوٹل تک ہر جگہ کیمرے لگیں گے ۔گراؤنڈ میں موجود شائقین پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی۔ قذافی اسٹیڈیم میں پانچ سومیٹرز تک ریکارڈنگ والے کیمرے لگائے جائیں گے ۔ وینیوسے لبرٹی مارکیٹ، مین بلیوارڈ اور کینال روڈ پر بھی خفیہ کیمرے نصب ہوں گے ۔ قذافی اسٹیڈیم کے باہر تین درجاتی سیکیورٹی حصار بنایا جائے گا ۔صوبائی دارالحکومت میں پی ایس ایل فائنل کے بارے میں محکمہ داخلہ پنجاب کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے ۔ ٹورنامنٹ کے آخری میچ کیلئے پاک فوج اور رینجرز کے جوانوں کی تعینانی زیر غور ہے ۔ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق سیکیورٹی سے متعلق انٹیلی جنس اداروں سے رپورٹس مانگ لی گئی ہیں جن کو مد نظر رکھ کر حتمی سیکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے گا۔پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بتایا کہ ایونٹ انتظامیہ اور فرنچائزز نے فائنل لاہور میں کرانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے اورتقریبا ً50غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے پر آمادگی بھی ظاہر کر دی ہے ۔

پاکستان سپر لیگ نے غیر ملکی کمنٹیٹرز کو اردوسیکھنے اور بولنے پر مجبور کر دیا

شارجہ(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ نے غیر ملکی کمنٹیٹرز کو اردوسیکھنے اور بولنے پر مجبور کر دیا۔سپر لیگ کے دوسرے سیزن میں برطانوی کمنٹیٹرایلن ویلکنز رمیز راجہ کی موجودگی میں اکثر انگلش کمنٹری کرتے کرتے ایک دم اردو کے کچھ الفاظ استعمال کرتے ہیں توسامعین انگریزی سٹائل میں اردو الفاظ سن کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو جاتے ہیں ،سابق کیوی سٹارڈینی موریسن بھی پاکستانی لباس پہن کر ٹوٹی پھوٹی اردو بولتے ہیں ۔

غیر ملکی کھلاڑی آئیں نہ آئیں، پی ایس ایل 2 کے فائنل کی میزبانی قذافی سٹیڈیم کریگا، حتمی فیصلہ ہو گیا

دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) انتظامیہ اور تمام فرنچائزز کے مالکان نے فائنل میچ لاہور میں کرانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ پاکستانی قوم کیلئے خوشی کی خبر یہ ہے کہ کئی اہم غیر ملکی کھلاڑی بھی لاہور آنے پر رضامند ہیں تاہم غیر ملکی کھلاڑیوں کے انکار کی صورت میں بھی فائنل کی میزبانی قذافی سٹیڈیم ہی کرے گا۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کا فائنل لاہور یا دبئی میں کرانے سے متعلق پی ایس ایل انتظامیہ نے اہم اجلاس منعقد کیا جس میں تمام فرنچائزز کے مالکان بھی شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق لیگ انتظامیہ اور فرنچائزز مالکان نے فائنل میچ ہر صورت لاہور میں کرانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بہت سے غیر ملکی کھلاڑی بھی لاہور آنے کو تیار ہیں تاہم سیکیورٹی خدشات کے باعث ان کے نام ظاہر نہیں کئے جائیں گے۔ اس حوالے سے 22 فروری کو ایک اہم اجلاس ہوا جس ان غیر ملکی کھلاڑیوں کی مرضی بھی جانی جائے گی جو جنہوں نے اب تک لاہور آنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ذرائع کے مطابق اس انتہائی اہم اجلاس میں اگر فائنل میں کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں نے لاہور آنے کی حامی بھر لی تو معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی تاہم انکار کی صورت میں ایک نیا ڈرافٹ ہو گا جس میں نئے سرے سے کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے گا تاکہ پاکستانی ایک بار پھر اپنی سرزمین پر غیر ملکی کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھ سکیں۔

لاہور قلندرزنے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 1وکٹ سے ہرادیا


شارجہ : پاکستان سپر لیگ میں آج کے میچ میں لاہور قلندرزنے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 1وکٹ سے ہرادیا۔بلے باز گرانٹ ایلئٹ نے آخری وکٹ پر شاندار چھکا مار کر لاہور کو فتح دلائی۔تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ آخری مرحلے میں کانٹے کا ہوا،بلے باز سنیل نارائن 12 اورسہیل تنویر صرف 1 اور یامین بغیر کوئی سکور کیے پویلیئن لوٹ گئے تھے جس کے بعد لاہور قلندرز کا جیتنا انتہائی مشکل ہوگیا تھا ۔آخری اوورمیں لاہور قلندرز کو 5 گیندوں پر 6 رنز چاہیےتھے کہ گرانٹ ایلیئٹ نے شاندار چھکا مار کر اپنی ٹیم کو فتح دلوای اور 26 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔پہلے بلے باز ڈیلپورٹ زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے اور صرف 12 رنز بنانے کے بعد پویلیئن لوٹ گئے۔کپتان برینڈن مکیلم نے بھی صرف 11 رنز بنانے کے بعد رومن رئیس کی گیند پر مصباح الحق کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے ۔ فاخر زمان بھی 6 رنز بنانے کے بعد ہی پویلیئن لوٹ گئےجبکہ بلے باز محمد رضوان کو شین واٹسن نے 3 سکور پر ہی بولڈ کردیا۔پانچویں بلے باز مقصود عرفان بغیر کوئی سکورکیے ہی رن آوٹ ہوگئے۔عمر اکمل 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد شاداب کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوگئے۔قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے پہلے بلے باز رفت اللہ 16 جبکہ بریڈ ہیڈن صرف 1 رن بنانے کے بعد پویلیئن لوٹ گئے۔تیسرے بلے باز ڈوین سمتھ نے 20 رنز بنائے اور یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔کپتان مصباح الحق بھی اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور وہ بھی صرف 16رنز بنانے کے بعد پویلیئن لوٹ گئے۔بلے باز بین ڈکے 14 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ شین واٹسن بھی زیادہ رنز نہ بنا سکے اور 7 سکور کرنے کے بعد سنیل نارائن کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔بلے باز عماد بٹ 17 رنز بنانے کے بعد سہیل تنویر کی گیند پر مکیلم کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔لاہور قلندرز کی جانب سے عامر یامین نے 3،یاسر شاہ نے 2 جبکہ سہیل تنویر اور سنیل نارائن نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن مکیلم نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت تھی۔

کھیل کی خبریں

شرجیل مرشد کے پاس پہنچ گئے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)میچ فکسنگ کی دلدل میں پھنسے قومی بلے باز شرجیل خان کراچی میں صوفی جمیل الرحمن کے آستانے پر پہنچ گئےمیچ فکسنگ کی دلدل میں پھنسے قومی بلے باز شرجیل خان کراچی میں صوفی جمیل الرحمن کے آستانے پر پہنچ گئے ۔ ذرائع کے مطابق شرجیل خان نے صوفی جی سے استدعا کی کہ بابا جی کچھ کریں، مجھے اس دلدل سے نکالیں۔
کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 9رنز سے شکست دیدی
شارجہ(ڈیلی پاکستان آن لائن ) کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو انتہائی سنسنی خیز مرحلے کے بعد 9رنز سے شکست دیدی ہے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے 175رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی پوری ٹیم آخری اوورکی پانچویں گیند پر 165رنز بنا کر پولین لوٹ گئی ۔ پشاور زلمی ہدف کے تعاقب میں مشکل کا شکار تھی لیکن آفریدی نے میدان میں اترتے ہی چھکوں اور چوکوں کی بارش کردی جبکہ اس میں ڈیرن سیمی نے بھی بھرپور ساتھ دیا لیکن آفریدی کے دھواں دھار بیٹنگ بھیزلمی کو جیت سے آشنا نہ کروا سکے ۔پشاور زلمی کو جیت کیلئے 4گیندوں پر 16رنز درکار تھے اور آفریدی نے چھکا مارنے کیلئے شاٹ کھیلی لیکن وہ 54رنز پر کیچ آوٹ ہو گئے ۔جبکہ ڈیرن سیمی نے 34رنز کی اننگ کھیلی ۔پشاور زلمی کی جانب سے 175رنز کے ہدف کے تعاقب میں تمیم اقبال اور کامران اکمل نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن اوپننگ پر آئے دونوں کھلاڑی خاطرخواہ بلے بازی کا مظاہرہ نہ کر سکے ،تمیم اقبال 16اور کامران اکمل 14رنز بنا کر پولین لوٹ گئے ۔ان کے بعد آنے والے افتخار احمد بھی صرف ایک ہی سکور بنانے میں کامیاب ہوئے۔آئن مورگن بھی کچھ نہ کر سکے اور صرف تین رن بنا کر پولین لوٹ گئے ۔شعیب مقصود بھی 5رن بنا کر آوٹ ہو گئے ۔شکیب الحسن 18رنز بنا کر عثمان خان کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے ۔اس سے قبل کراچی کنگز نے مقررہ20اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر174رنز بنائے جس میں شعیب ملک نے انتہائی شاندار بلے بازی کامظاہرہ کرتے ہوئے 51رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ،بابر اعظم 46رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے،بوپارہ 30رنز کے ساتھ تیسرے اور سنگا کارا 28رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے ۔پشاور زلمی کی جانب سے افتخار احمد نے دو،شکیب الحسن اور عمران خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔اد رہے کہ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔

پی ایس ایل، اسلام آباد یونائیٹڈ کی پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست

شارجہ:  سپر لیگ کا بارہواں میچ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوا۔ مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دی۔ پشاور زلمی نے 9 وکٹوں پر 136 رنز بنائے۔ ایان مورگن 28 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ وہاب ریاض نے 23 اور کپتان ڈیرن سمی نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد سمیع نے تین بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا۔ رومان رئیس اور شاداب خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف 5 وکٹوں پر عبور کر لیا۔ آل راؤنڈر شین واٹسن نے 30 رنز بنائے۔ اوپنر ڈیوائن اسمتھ نے 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پشاور زلمی کے وہاب ریاض، حسن علی، شکیب الحسن اور جنید خان نے ایک ایک شکار کیا۔

 

Share This:

 0  2

– See more at: http://urdu.dunyanews.tv/index.php/ur/Cricket/375681#sthash.k9KluGdz.dpuf

واحد ٹی ٹوئنٹی:عمران طاہر نے جنوبی افریقہ کو کامیابی دلا دی

 

پانچ وکٹیں لے کر مرد میدان بھی قرار پائے ،ہاشم آملا نے 62رنز کی اننگز تراشی

آکلینڈ(اسپورٹس ڈیسک)واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں لیگ اسپنر عمران طاہر نے جنوبی افریقہ کو نیوزی لینڈ کیخلاف 78 رنز سے فتح دلا دی اور مرد میدان کا ایوارڈ بھی لے اڑے جبکہ ہاشم آملا نے بھی 62 رنز کی اننگز تراشی۔ ایڈن پارک میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈ سنبھالی اور پروٹیز بیٹسمین کوئنٹن ڈی کوک کو صفر پر آؤٹ کر لیا لیکن ہاشم آملا اور کپتان فاف ڈو پلیسز نے اسکور بارہویں اوور میں 102 تک پہنچا دیا۔ فاف ڈو پلیسز نے 36 اور ہاشم آملا نے ایک چھکے اور نو چوکوں کی مدد سے 62 رنز اسکور کئے جبکہ ابراہام ڈی ویلیئرز نے 26 اور جین پال ڈومینی نے 29 رنز کا اضافہ کیا۔ جنوبی افریقہ نے چھ وکٹوں پر 185 رنز بنائے تو ٹرینٹ بولٹ اور کالن ڈی گرینڈہوم کو ہی دو،دو وکٹیں مل سکیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم جوابی اننگز میں ابتداء سے ہی مشکلات کا شکار رہی جب اس کی ابتدائی تین وکٹیں محض 38 رنز پر گر گئیں۔ ٹام بروس نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے مگر گرتی ہوئی وکٹوں کے درمیان اس کے بعد کالن ڈی گرینڈہوم 15 اور ٹم ساؤتھی ہی 20 رنز کا اضافہ کر سکے اور پوری ٹیم اننگز کے پندرہویں اوور میں 107 رنز پر پویلین میں جا بیٹھی۔ جنوبی افریقی لیگ اسپنر عمران طاہر کیوی بیٹسمینوں کیلئے سب سے بڑا خطرہ ثابت ہوئے جنہوں نے 24 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا اور مین آف دی میچ کا ایورڈ بھی لے اڑے جبکہ اینڈائیل پھیلکوایو نے تین اور کرس مورس نے دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگا کر اپنی ٹیم کو 78 رنز سے کامیابی دلانے میں اہم کردار نبھایا۔

سری لنکا کوآسان حریف سمجھناآسٹریلیا کو ’’مہنگا‘‘پڑ گیا

میلبورن (سپورٹس ڈیسک)سری لنکا کوآسان حریف سمجھنے کی غلطی آسٹریلیا کو ’’مہنگی ‘‘پڑ گئی جہاں آئی لینڈرز نے کینگروز کی ’’بی ‘‘ٹیم کو پہلے ٹی20میچ میں 5وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔گزشتہ روز میلبورن میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن قائد اپل تھرنگا نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 168رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، کپتان ایرون فنچ اور مائیکل کلنگر نے ٹیم کو 76رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا تاہم بعدمیں آنے والے بلے باز کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے ، فنچ 43، کلنگر 38، ٹریوس ہیڈ 31، ہینرکس 17، آشٹن ٹرنر 18 اور ٹم پین بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ، جیمز فالکنر 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، لیستھ ملنگا نے 2وکٹیں حاصل کیں ، جواب میں سری لنکن ٹیم نے ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ، اسیلا گونارتنے نے ڈٹ کر کینگرو باؤلرز کا مقابلہ کیا اور 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، موناویرا 44، نیروشن ڈکویلا 30، سری وردھنے 15 اور کپتان تھرنگا صفر پر آؤٹ ہوئے ،آسٹریلیا کی جانب سے ٹرنر اور زمپا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں ۔یاد رہے کہ آسٹریلیا کے تجربہ کار کھلاڑی اس وقت دورہ بھارت پر ہیں جبکہ سری لنکا کیخلاف ان کی کم تجربہ کار ٹیم کھیل رہی ہے ۔

صحرا ئے عرب میں بارش سے کراچی کنگز کی فتح کا قحط ختم

شارجہ(سپورٹس ڈیسک)صحرا ئے عرب میں بارش سے کراچی کنگز کی فتح کا قحط ختم ہو گیا ،مسلسل ناکامیوں سے دوچار کراچی کنگز کی ٹیم نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو بارش سے متاثر ہ میچ میں ڈک ورتھ اینڈ لوئس میتھڈ کے تحت 8 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ۔13اوورز پر محیط میچ میں اسلام آبا یونائیٹڈ نے پہلے کھیل کر 8وکٹوں پر 90رنز بنائے ،کراچی کنگز نے اننگز شروع کی تو بارش کے باعث کھیل رک گیا جسے 95رنز کا نیا ہدف ملا ،کراچی کنگز نے 9.4اوورز میں 4وکٹوں پر 75رنز بنائے تھے کہ ایک بار پھر بارش شرو ع ہو گئی اور میچ ختم کرتے ہوئے کراچی کنگز کو ڈی ایل میتھڈ کے تحت 8رنز سے فاتح قر ار دیدیا گیا ،بابر اعظم 47رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے ۔قبل ازیں بارش کے باعث پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا دن کا پہلا میچ ختم کردیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ،ایک پوائنٹ مل گیا ۔وقفے وقفے سے بارش کی وجہ سے میچ کو کئی بار نئے ہدف اور نئے اوورز کیساتھ شروع کیا گیا مگر آخر میں جیت بارش کی ہی ہوئی ۔